الوادع ماہِ رمضان! رمضان المبارک کی اچھی عادات کو اپنی زندگی کا حصؔہ بنائیں


0

ماہِ رمضان رحمتوں ،برکتوں کا مہینہ، آخری عشرے کے آخری ایام میں داخل ہوچکا ہے۔ اسی آخری عشرے میں اللہ تعالی نے لیلةالقدر رکھی ہے ، جو ہزار راتوں سے بہتر رات ہے۔


یہ عشرہ نیکیوں اور عبادتوں اور اللہ جل شانہ کی یاد اور اس کی عظمتوں ، بڑائیوں کے بیان اور جسمانی ریاضتوں کے حوالے سے جتنا اہم ہے اسی طرح یہ عشرہ اس ماہ مبارک کے اختتام کا بھی اعلان کرتا ہے اور اس اختتام میں ہمیں عید ملتی ہے۔

Image Source: Unsplash

رب العزت نے یہ مہینہ ہماری زندگیوں میں اسی لیے رکھا ہے کہ اس مہینے میں ہم اپنے نفس پر قابو پانے کی تربیت حاصل کرسکیں۔ اس لئے یہ مہینہ خود انسانوں کے لیے جسمانی اور روحانی حوالوں سے ایک شفا کا مہینہ ہے۔

اس مہینے میں مسلمان عبادات کے ذریعے اپنے خالق کا قرب حاصل کرتے ہیں۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ رمضان کے ختم ہوتے ہی فوراً ہی دنیاداری میں مصروف ہوجاتے ہیں بلکہ عید کے دن ہی سے ہماری عبادات کا سلسلہ موقوف ہوجاتا ہے اور جو ایک رشتہ رمضان کے مہینے میں بنتا ہے اسے ہم یک لخت بھلا دیتے ہیں۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ یہ مہینہ تو ایک قسم کی ٹریننگ ہے مگر ہم اس ٹریننگ کا کوئی فائدہ نہیں اٹھاتے اور دنیاوی مشاغل میں مشغول ہوجاتے ہیں ، نہ ہی ہم جسمانی ریاضت کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور نہ ہی روحانی ریاضت کو باقی کے مہینوں میں بروئے کارلاتے ہیں۔

Image Source: Unsplash

اس ماہ ِ مبارک کا ایک فیض خوف خدا بھی ہے یہی خالق اور مخلوق کا رشتہ ،مالک اور بندگی کا رشتہ ، انسان کو وہ مقام بخشتا ہے کہ جس میں انسان اشرف المخلوقات ہونے کا اہل ٹھہرتا ہے۔ جس طرح روزے کی حالت میں ہم برے کاموں سے حتی الامکان بچنے کی کوشش کرتے ہیں اور اپنی روح کی پاکیزگی کا خیال رکھتے ہیں کہ کہیں کسی برے عمل کی وجہ سے ہمارا روزہ خراب نہ ہوجائے تو اس طریقہ کار کو صرف رمضان تک محدود نہ رکھنا درست نہیں بلکہ اپنی عام زندگی میں بھی حسد، تکبر، ریا، حرص، عداوت وغیرہ سے دل کو پاک رکھیں تاکہ دل قناعت، توبہ، صبر، خوف اور محبت جیسے اچھے اخلاق سے آراستہ ہوجائے جب کہ غیبت، جھوٹ، خیانت جیسے ناپسندیدہ عمل سے بھی دور رہیں۔

ہمیں حتی الامکان خود کو لغویات سے بچانے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت اور احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے دنیا میں بھیجا ہے ناکہ لغویات میں وقت ضائع کرنے کے لئے۔

مزید پڑھیں: جمعتہ المبارک کے دن سورۃ الکہف پڑھنے کی فضیلت

لہٰذا اب چونکہ یہ ماہ مبارک اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے تو ہمیں چاہیئے کہ خود سے یہ عہد کریں کہ اس ماہ کی اچھی عادتوں کو ترک نہیں کرینگے بلکہ اسے روزمرہ کی عام زندگی میں بھی اپنائیں گے کیونکہ یہ مہینہ ہمیں ذات کی اسی اصلاح کی تربیت دیتا ہے۔ دعا ہے کہ ہم سب اپنی اپنی اصلاح کے قابل ہوجائیں اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے معاشرے کو بھی گل و گلزار بنادیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *