ٹریفک وارڈن  نے ہمدردی و فرض سناشی کی اعلیٰ مثال قائم کردی


0

محکمہ پولیس وہ شعبہ ہے جس کے حوالے سے مثبت سے زیادہ منفی خبریں ہمارے سامنے آتیں ہیں مگر یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس محکمے سے وابستہ ہر شخص برا ہے؟ تو جواب یقیناً نہیں ہے کیونکہ جس طرح پانچوں انگلیاں برابر نہیں اسی طرح ہر افسر اور سپاہی بھی برا نہیں۔ ابھی بھی اس محکمے میں ایسے افراد ہیں جو انسانیت کی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور انہی فرض شناس لوگوں نے اپنی خدمت سے معاشرے کے لئے خوبصورت مثالیں قائم کیں ہیں۔

حال ہی میں لاہور کے ٹریفک وارڈن  نے ضعیف العمر شخص کی مدد کرتے ہوئے ہمدردی کی بہترین مثال قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے ،جس میں ہمدردی کے جذبے سے سرشار ٹریفک وارڈن ایک ضعیف العمر شخص کو گود میں اٹھا کر سڑک پار کروا رہا ہے۔

Image Source: Instagram

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بزرگ شہری گھبراہٹ میں روڈ کراس نہیں کرپا رہے تھے کہ اسی دوران ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن بزرگ شہری کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے فوری مدد کو پہنچا اور اس نے گود میں اٹھا کر بزرگ کو سڑک پار کرائی جس پر بزرگ شہری نے ٹریفک وارڈن کو ڈھیروں دعائیں دیں۔

Image Source: Instagram

ٹریفک وارڈن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہوگئی ، جس کے بعد سی ٹی او نے وارڈن کو انسانی ہمدردی پر شاباشی دی اور اس کے لئے تعریفی سند کا بھی اعلان کیا۔ جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی ٹریفک وارڈن کے اس طرز عمل کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔

اس سے قبل پنجاب پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل نے بھی انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی تھی، ملتان کے علاقے شجاع آباد میں جب ایک بزرگ معذور خاتون احساس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم لینے کے لئے آئیں، تو موقع پر موجود پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد اکرم نے بوڑھی معذور خاتون کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے اسے کو اپنی کمر پر بیٹھا کر کاؤنٹر تک پہنچایا تھا۔ کانسٹیبل محمد اکرم کو معذور شہری کے ساتھ اس حسن سلوک پر تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

بلاشبہ اگر پولیس افسران واہلکار اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کی خاطر بھی اپنی توانائیاں صرف کریں تو نا صرف محکمہ پولیس کے وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ حکومتی سطح پر بھی ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔

گزشتہ دنوں اسی جذبہ انسانیت کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کانسٹیبل جمال کلہوڑو جس نے ریلوے اسٹیشن پر بروقت حاضر دماغی کے ساتھ ایک مسافر کی جان بچائی تھی کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کی ہے۔ کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت یوم پاکستان کے موقع پر 2023 میں دیا جائے گا۔

Story Courtesy: ARY News


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *