وزیراعظم نے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کیلئے تمغہ شجاعت کی سفارش کردی


0

پولیس افسران و اہلکار اگر اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کی خاطر بھی اپنی توانائیاں صرف کریں تو نا صرف محکمہ پولیس کے وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ حکومتی سطح پر بھی ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔ اسی جذبہ انسانیت کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کانسٹیبل جمال کلہوڑو جس نے گزشتہ دنوں ریلوے اسٹیشن پر بروقت حاضر دماغی کے ساتھ ایک مسافر کی جان بچائی تھی، اس کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ پولیس کے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کے لیے نامزد کر دیا۔ انہوں نے صدر عارف علوی سے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کی، کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت یوم پاکستان کے موقع پر 2023 میں دیا جائے گا۔

Image Source: Screengrab

واضح رہے کہ کانسٹیبل جمال کلہوڑو نے 17 اگست کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر مسافر کی جان بچائی تھی۔محرم الحرام میں رش کے باعث مسافر ٹرین کی چھت پر سوار ہوگئے تھے، خیرپور ریلوے اسٹیشن پر مسافر اچانک ٹرین کی چھت سے نیچے گر گیا تھا، چھت سے گرنے والا مسافر پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان پھنس گیا تھا، اسٹیشن پر ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل نے مسافر کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچایا تھا۔

Image Source: Screengrab

کانسٹیبل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، وزیراعظم نے بھی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی اور کانسٹیبل کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے عمران خان نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ یہی وہ مقام ہے جہاں پر فرض مقدس بن جاتا ہے، نوجوان پولیس اہلکار کی عوام کی خدمت کے عزم کو سراہتا ہوں۔

وزیر اعظم کے علاوہ آئی جی سندھ نے بھی جمال کلہوڑو کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی تھی۔

خیال رہے کہ پچھلے سال کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو محض 8 منٹ میں ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوئے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر کے لیے ایک کروڑ روپے اور ان بیٹے کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کردیا جبکہ 3 گارڈز کے لیے 50، 50 لاکھ روپے کابینہ سے منظور کرائے جانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

علاوہ ازیں ، حکومت سندھ نے کشمور ریپ واقعے میں ملزمان کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار اور اس میں مدد کرنے والی ان کی بیٹی کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے اور اس کے لیے 10 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا تھا۔ اس ریپ کیس میں جب متاثرہ خاتون پولیس اہلکار محمد بخش برورو کے پاس پہنچی تو انہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت خاتون کو اپنے گھر منتقل کیا اور بہادر پولیس افسر کے ساتھ ان کی بہادر بیٹی نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس گروہ کو پکڑنے کے لیے منصوبہ بنایا۔ پولیس اہلکار کی بیٹی نے گروہ سے بات کی اور ان کو ٹھکانے سے باہر نکلوا کر پارک بلایا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *