ول اسمتھ پر آسکر تقاریب میں شرکت کرنے پر 10 سال کی پابندی عائد


0

چند دن پہلے لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہونیوالی 94 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ نے اپنی اہلیہ کا مذاق اُڑانے پر لائیو شو کے دوران میزبان کرس راک کو تھپڑ مار دیا تھا۔ اس واقعے نے فلمی صنعت کے سب سے بڑے ایوارڈز کی تقریب کو متاثر کیا تھا اس لئے اکیڈمی انتظامیہ نے ول اسمتھ کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔ تاہم، اب اکیڈمی انتظامیہ نے اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنادیا ہے جس کے مطابق ول امتھ پرآسکر تقاریب میں شرکت کرنے پر 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اداکار یکم اپریل کو ہی ‘آسکر‘ کی رکنیت سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور ان کے استعفیٰ کو انتظامیہ نے فوری طور پر منظور بھی کرلیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اکیڈمی کے بورڈ ممبران کی 8 اپریل کو ایک میٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں یہ طے کیا گیا کہ 27 مارچ کے  آسکر کی تقریب میں پیش آئے واقعے کے تناظر میں اداکار کے خلاف  کارروائی کی جائے ۔

Image Source: The Quint

اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے ایک مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔ بیان میں کہا گیا کہ وِل اسمتھ کے روئیے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے ایک بڑے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔

Image Source: File

دوسری طرف ، اس فیصلے پر امریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے وِل اسمتھ نے کہا کہ میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں۔ اگرچہ اکیڈمی کے اس فیصلے سے پہلے ہی اداکار نے کامیڈین کے لئے انسٹاگرام پر ایک معذرتی پیغام جاری کیا تھا جس میں کہا کہ میں آپ سے عوامی طور پر معافی مانگتا ہوں کرس، میں غلط تھا اور اب میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں اور میری حرکت ایک ایسے شخص کی طرح نہیں تھی جیسا بننے کی میں کوشش کرتا ہوں۔

Image Source: File

ول اسمتھ کا کہنا تھا کہ تشدد کسی بھی صورت میں ہو وہ زہریلا اور تباہ کن ہے، کل رات کے اکیڈمی ایوارڈز میں میرا رویہ ناقابل قبول اور ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے معلوم ہے کہ مذاق کرنا آپ کا کام ہے لیکن جاڈا کی طبی حالت کے بارے میں ایک لطیفہ میرے لیے ناقابلِ برداشت تھا اور میں نے جذباتی طور پر ردعمل ظاہر کیا۔

مزید برآں ، ول اسمتھ نے آسکرز ایوارڈز کی تقریب میں ایوارڈ جیتنے کے فوراً بعد ہی اپنی جذباتی تقریر میں روتے ہوئے براہ راست کرس راک سے نہیں لیکن دل آزاری کا سبب بننے والوں سے معافی مانگی تھی۔انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ میں اکیڈمی سے معذرت کرتا ہوں، میں دیگر تمام نامزد افراد سے معذرت کرتا ہوں، جیسا میری فلم کے بارے میں بارے کہا گیا کہ میں اس میں دیوانہ باپ نظر آیا، مگر محبت آپ سے عجیب چیزیں کروا دیتی ہے۔اداکار نے کہا کہ ہم ایک ایسے پیشے سے وابستہ ہیں جہاں لوگ آپ کو بُرا بھلے کہیں گے اور پھر آپ کو ایسا دکھاوا کرنا پڑے گا جیسے سب ٹھیک ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر ول اسمتھ کے تھپڑ کی یہ ویڈیو اور تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں پھیل گئیں تھی اور صارفین نے اد پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ زیادہ تر صارفین نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں بعض شائقین نے اس واقعے کو سوچی سمجھی حرکت بھی قرار دیا۔

یاد رہے کہ ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ بالوں کی بیماری ’ایلو پیشیا‘ کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *