
بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ ریلیز کے بعد سے ہی فلم نے جہاں پاکستان میں بہت سے ریکارڈ توڑے اور نئے تاریخی ریکارڈ بنائے، وہیں بین الاقومی سطح پر برطانیہ، کینیڈا اور امریکا سمیت دیگر ممالک کی تمام پنجابی اور ہندی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے بلکہ بہت جلد یہ فلم 200 کروڑ کمانے کے ہدف تک پہنچنےوالی ہے۔اس فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس فلم کو دیکھنے کے بعد بالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر کرن جوہر نے بلال لاشاری کو کال کرکے فلم کی تعریفیں کیں ہیں۔
اس بات کا انکشاف ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار اور میزبان احمد علی بٹ نے کیا ہے جبکہ گوہر رشید نے ان کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرن جوہر کا بلال لاشاری کو کال کرکے تعریفیں کرنا ایک اہم سنگ میل ہے جو قوم کے لیے فخر کی بات بھی ہے، کیوں کہ جو فلم ہماری ثقافت کی عکاسی کرتی ہے اسے اتنی پذیرائی ملنا فخر کی بات ہے۔گوہر رشید کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک کے ایک نامور ہدایتکار کا سنیما جاکر پاکستانی فلم دیکھنا اور پھر پاکستانی ڈائریکٹر کو اپروچ کرکے ان سے بات کر کے فلم کی تعریف کرنا فخر کی بات ہے۔گوہر رشید نے اسے دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ کے ہدایتکار بلال لاشار کی محنت کا صلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرن جوہر کا بلال لاشاری کو کال کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ محدود وسائل میں بھی اگر اچھی نیت کے ساتھ اچھا کام کریں تو اللہ تعالیٰ ہر طرف سے عزت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ اس فلم کی ریلیز کے چند ہی دنوں بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرن جوہر کی ایک تصویر وائرل ہے جس میں وہ دبئی کے کسی سنیما میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ دیکھ رہےتھے۔وہ فلم دیکھنے کے دوران خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔کرن جوہر اور دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کو قریبی دوست سمجھا جاتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائی کی گئیں کہ کرن جوہر یہ فلم فواد خان کے لیے دیکھنے گئے تھے۔
اس سے پہلے 2016 میں فواد خان نے کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کیا تھا۔ تاہم اس فلم کے بعد کرن جوہر نے انڈیا کی بائیں بازو کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے دباؤ کے باعث پاکستانی فنکاروں کو اپنی فلموں میں لینے سے معذرت کرلی تھی۔اسی وجہ سے کرن جوہر نے دی لیجںڈ آف مولا جٹ فلم دیکھنے کے بعد بھی اپنے کسی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم دیکھنے کی کوئی خبر نہیں دی۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ رواں ماہ ریلیز ہونے والی پاکستانی پنجابی فلم ہے جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے ہیں۔اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان،حمائمہ ملک اور گوہر رشید شامل ہیں۔ بظاہر یہ فلم سنہ 1979 میں بنائی گئی فلم ‘مولا جٹ’ سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے اور کرداروں کے نام بھی پرانی فلم کے کرداروں جیسے رکھے گئے تاہم نئی فلم کی ٹیم کے مطابق انہوں نے پرانی فلم سے متاثر ہوکر فلم نہیں بنائی۔فلم میں مولا(فواد خان) اور نوری (حمزہ علی عباسی) دونوں ایک دوسرے کی طاقت کا نشہ اتارنے کی کوشش کرتے ہیں البتہ کامیابی کسے ہوتی ہے یہ آپ کو فلم دیکھنے کے بعد معلوم ہوگا۔
0 Comments