انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، میگا کاسٹ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کل ریلیز ہوگی


0

پاکستان کے سب سے بڑے بجٹ کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جمعرات 13 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنےگی۔ یہ فلم 77 سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی جو کہ اب تک ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں میں سب سے بڑی ریلیز ہے۔اس فلم میں جدید اور قدیم ٹیکنالوجی دونوں کا استعمال کیا گیا ہے جو کہ دیکھنے والوں کو کافی مختلف لگے گی۔

کہانی کیا ہے؟

Image Source: File

‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ بظاہر 1979 میں بنائی گئی فلم ‘مولا جٹ’ سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے اور کرداروں کے نام بھی پرانی فلم کے کرداروں جیسے رکھے گئے تاہم نئی فلم کی ٹیم کے مطابق انہوں نے پرانی فلم سے متاثر ہوکر فلم نہیں بنائی۔ فلم میں مولا (فواد خان) اور نوری (حمزہ علی عباسی) دونوں ایک دوسرے کی طاقت کا نشہ اتارنے کی کوشش کریں گے البتہ کامیابی کسے ہوگی یہ دیکھنے والے بتائیں گے۔

فلم کی کاسٹ کیا ہے؟

Image Source: File

فلم میں فواد خان بطور مولا جٹ، حمزہ علی عباسی بطور نوری نت ماہرہ خان بطور مکھو جٹنی، حمائمہ ملک بطور داڑو نتنی، گوہر رشید بطور ماکھانت، شفقت چیمہ، فارس شفیع بطور مودا،شمعون عباسی، بابر علی، نیئر اعجاز کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔جبکہ گلوکار علی عظمت بھی بھی کئی سالوں بعد اس فلم سے اسکرین پر واپسی کرنے جارہے ہیں۔

کرداروں کا کیا کہنا ہے؟

Image Source: File

فلم کے مرکزی کردار فواد خان کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ جس طرح وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران لطف اندوز ہوئے تھے، شائقین بھی ایسے ہی اسے دیکھنے کے بعد خوش ہوں گے۔ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ چاہے وہ کسی اور فلم یا ڈرامے کی تشہیر میں مصروف رہتی تھیں مگر ان سے ہمیشہ ہی لوگوں نے ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ فلم شائقین کو لطف اندوز کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ حمائمہ ملک بھی اس فلم میں مضبوط اور دلکش کردار میں نظر آئیں گی۔

ماضی کے ‘نوری نتھ’ کا کیا کہنا ہے؟

Image Source: File

پروڈیوسر عمارہ حکمت اور  ڈائریکٹر بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے بارے میں 1979 کی فلم مولا جٹ میں نوری نتھ کا کردار کرنے والے لیونگ لیجنڈ  مصطفیٰ قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ فلم ایک شاہکار ہے جس نے ماضی کی فلم کو زندہ کردیا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’فلم سازوں نے اس فلم کو بناکر سلطان راہی، مصطفیٰ قریشی اور تمام کرداروں کو ٹریبیوٹ پیش کیا گیا، چار دہائی گزرنے کے بعد بھی ماضی کی مولاجٹ نہیں بھلائی گئی‘۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کی فلم بنی تو اس وقت فلم انڈسٹری کے پاس اچھی ٹیکنالوجی نہیں تھی مگر نئی فلم میں ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید بہتر کام کیا گیا ہے، اس میں افیکٹس اور ساؤنڈ سسٹم کا معیار انتہائی اعلیٰ درجے کا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پرانی فلم میں بھی ’نوری نتھ‘ کا کردار حاوی تھا اور نئی فلم میں بھی ولن کا کردار مضبوط ہے اور حمزہ علی عباسی نے شاندار طریقے سے ان کا کردار ادا کیا۔مصطفیٰ قریشی کے مطابق ان کی پرانی فلم غریبانہ تھی جب کہ نئی فلم امیرانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سنا ہے کہ نئی فلم میں 50 سے 60 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، ان کی دعا ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 200 کروڑ روپے کمائے۔

خیال رہے کہ اس میگا کاسٹ فلم کو ابتدائی طور پر 2013 کے بعد بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور طویل عرصے بعد 2017 میں اس کی پہلی جھلکیاں جاری کی گئی تھیں۔فلم کا ٹریلر 2018 میں ریلیز ہونے کے بعد اس فلم کی ٹیم کا اسی نام سے بنائی گئی پرانی پنجابی فلم کی ٹیم سے تنازع ہوا اور معاملہ عدالتوں تک جا پہنچا۔ پرانی فلم ‘مولا جٹ’ کے پروڈیوسر محمد سرور بھٹی نے نئی فلم کی ٹیم پر کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر دونوں پارٹیوں کے درمیان فروری 2020 میں معاہدہ ہوگیا تھا۔ کاپی رائٹس کے تنازع کے بعد امید ظاہر کی جارہی تھی کہ فلم کو اسی سال ریلیز کردیا جائے گا مگر کورونا کی وجہ سے اس کی نمائش تاخیر کا شکار رہی اور اب اسے 13 اکتوبر کو پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *