خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار خاتون اے آئی جی تعینات


0

آج کے ترقی یافتہ دور میں عورتیں ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں ۔وہ شعبے جن کا انتخاب پہلے صرف مردوں تک محدود تھا اور خواتین کو ان سے دور رکھا جاتا تھا، آج ان شعبوں میں بھی خواتین بھرپور انداز میں اپنے مہارت کے جوہر دکھا رہی ہیں ، چاہے سیاست کے میدان میں قائدانہ صلاحیتوں کو منوانا ہو، یا پھر کرکٹ کے میدان میں حریف کو شکست دینا یا بزنس کے داؤپیش سیکھنا ہوں ،آج کی تعلیم یافتہ خواتین نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیت اور ذہانت کے بل بوتے پر ہر پیشے میں اپنا نام بناسکتی ہیں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح اب خیبر پختونخوا کی خواتین بھی ہر شعبے میں آگے آرہی ہیں ،وہ پڑھ لکھ کر اعلیٰ مقام حاصل کر رہی ہیں اور اپنے ساتھ ملک کا نام بھی روشن کررہی ہیں۔

خیبر پختونخواہ میں صوابی سے تعلق رکھنے والی عائشہ گل کا شمار بھی انہی خواتین میں ہوتا ہے جو دوسروں کے لئے مشعل راہ ہیں کیونکہ انہیں اپنی اہلیت اور قابلیت پر پولیس کی تاریخ میں پہلی بار اسسٹنٹ انسپیکٹر جنرل (اے آئی جی) تعینات کردیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے پولیس سروسز گروپ کی خاتون آفیسر عائشہ گل کو اے آئی جی جینڈر ایکولٹی تعینات کیا ہے۔ خاتون آفیسر عائشہ گُل نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی تاریخ رقم کی ، انہوں نے صوبے کی پہلی خاتون اے آئی جی بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

Image Source: Youtube

عائشہ گل اس سے قبل اسلام آباد میں بطوراے ایس پی کام کرچکی ہیں لہٰذا اب وہ خواتین، ٹرانس جینڈرز اور بچوں کے حقوق پر کام کریں گی۔ اس ضمن میں سینٹرل پولیس آفس پشاور میں جینڈر ایشوز کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کردی گئی ہے۔

For the first time, a female AIG has been assigned to Khyber Pakhtunkhwa
Image Source: File

اس سے پہلے خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون پولیس افسر کو ضلعی پولیس سربراہ تعینات کیا گیا تھا، خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون ڈی پی او بننے کا اعزاز سونیہ شمروز نے اپنے نام کیا تھا۔ واضح رہے کہ پشاور پولیس میں خواتین اہلکاروں کی تعداد میں اضافے کے بعد اب خواتین پولیس اہلکار ٹریفک کا نظام سنبھالنے اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی اور لائسنس دینے جیسے فرائض کی انجام دہی بھی کررہی ہیں۔

اس حوالے سے لکی مروت سے تعلق رکھنے ڈی ایس پی انیلہ ناز کو خیبر پختونخوا کی پہلی موٹر لائسنس اتھارٹی کی پہلی خاتون ٹریفک پولیس افسر کا عہدہ سونپا گیا۔ ڈی ایس پی انیلہ ناز نہایت فرض شناس ٹریفک پولیس افسر ہیں اور اپنے فرائض پوری ایمانداری سے پورا کرتی ہیں جبکہ ڈیوٹی کے اوقات میں عوام کے لائسنس چیک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کرتی ہیں۔

علاوہ ازیں، پشاور ہی سے تعلق رکھنے والی پولیس آفیسر سائمہ شریف نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، وہ صوبہ خیبر پختونخوا کی پہلی خاتون پولیس آفیسر ہیں جنہیں اقوامی متحدہ کی جانب سے افریقی ملک سوڈان میں جاری اقوام متحدہ مشن برائے امن کے لئے منتخب کیا گیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *