محبوب کے ساتھ گھر سے بھاگنے والی لڑکی کو محبوب نے ہی قتل کیوں کیا؟


0

دادو میں قتل کا ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان لڑکی جو ایک شخص کے ساتھ گھر سے بھاگی تھی، اسے مبینہ طور پر اس ہی شخص نے قتل کردیا، تاہم ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ متاثرہ لڑکی نے کہا کہ وہ اس کا گلا گھونٹ کر قتل کر دے تاکہ اس کا خاندان اسے ‘غیرت’ کے نام پر قتل نہ کرے، البتہ لڑکی کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس کا خاندان بہن کے انصاف کے لئے ہرممکن کوشش کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جنوبی سندھ کے ایک علاقے میں پیش آیا۔ ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ اس نے یہ قتل اپنی محبوبہ کی ہدایت پر ہی کیا ہے، کیونکہ وہ اپنے گھر والوں کے ہاتھوں موت سے بچنا چاہتی تھی۔

Image Source: File

اٹھارہ سالہ متاثرہ نگرینہ چانڈیو اپنے قریبی رشتہ دار مہتاب چانڈیو کے ساتھ 19 جنوری کو گھر سے بھاگ گئی تھیں، یہ دونوں آپس میں شادی کے ارادے سے بلوچستان کے شہر سہراب روانہ ہوئے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عرفان سمو نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ جوڑا چند دنوں کے بعد سندھ کے ضلع دادو کے سیتا ٹاؤن واپس آیا، جہاں پولیس کے سامنے اپنے اعتراف میں نامزد ملزم نے بتایا کہ اس نے لڑکی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ہے۔

اس سلسلے میں نگرینا چانڈیو کے اہل خانہ نے 21 جنوری لڑکی کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔ دریں اثنا، پولیس نے بتایا کہ انہیں 24 اور 25 جنوری کی درمیانی رات لڑکی کی لاش ملی۔ جبکہ گزشتہ ہفتہ، 19 فروری کو پولیس نے مہتاب چانڈیو کو گرفتار کیا۔

Image Source: AP

دوسری جانب معاملے کی تفتیش کرنے والے افسر نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی مہتاب چانڈیو کے ساتھ شادی کرنے کے ارادے سے گھر سے بھاگی تھی۔ لیکن جب جوڑے کے پاس موجود تھوڑی سی رقم ختم ہو گئی تو وہ اپنے آبائی شہر واپس آ گئے۔ وہاں لڑکی نے کہا کہ وہ اپنے گھر والوں کے پاس نہیں جائے گی،لہذا اس نے مہتاب سے کہا کہ وہ اسے مار ڈالے۔

اس موقع پر تفتیشی افسر نے ملزم کے بیان کا مزید حوالہ دیا کہ لڑکی نے سوچا کہ اسے اپنے گھر جاکر یقینی طور پر موت کا سامنا کرنا پڑے گا، لہذا اس نے اپنے محبوب کے ہاتھوں قتل ہونے کو ترجیح دی۔

تحقیقاتی افسر نے کہا کہ یہ اس کا ماننا ہے کہ مہتاب چانڈیو نے لڑکی کو اس لیے مارا کہ وہ اس سے شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا۔ چنانچہ اسے خدشہ تھا کہ اگر وہ زندہ گھر واپس گئی، تو وہ خاندان کے سامنے اس کی شناخت کر لے گی۔

اس حوالے سے مقتولہ کے بھائی بابل خان نے بتایا کہ اس کی بہن کی منگنی کسی اور شخص سے ہوئی تھی لیکن وہ مہتاب کے ساتھ بھاگ گئی جس نے اب اسے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ بابل خان کا خاندان مہتاب کے خاندان سے ایک شادی کے رشتے کے طور پر جڑا ہوا ہے۔ بابل کی بڑی بہن ملزم کے بھائی کی بیوی ہے۔

بابل خان نے عرب نیوز کو بتایا، “مہتاب کے گھر والوں نے نہ تو ہماری دوسری بہن [ناگرینا مہتاب سے شادی کے لیے] کا ہاتھ مانگا اور نہ ہی ہم اس تجویز کو قبول کرسکتے تھے کیونکہ اس کی پہلے ہی کسی اور مرد سے منگنی ہو چکی تھی،”۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے خاندان نے “مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے” کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے چند روز قبل سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے ایک گاؤں میں اجتماعی زیادتی کا شکار لڑکی کو اپنے ہی سگے بھائی نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا، بھائی کی جانب سے یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا تھا، جب ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود پولیس کی طرف سے ملزمان ہے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی تھی، البتہ پولیس کا دعویٰ تھا کہ ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت لے رکھی تھی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *