شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو بھی یو اے ای کا گولڈن ویزا مل گیا


0

دنیائے کھیل سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو یو اے ای کا گولڈن ویزا مل گیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستانی کرکٹر وسابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا متحدہ عرب امارت کا گولڈن ویزا حاصل کرنے والوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان دونوں کو 10 سالہ گولڈن ویزا جاری کیا گیا ہے جس کے تحت انہیں یو اے ای میں 10 سال تک رہنے کی اجازت ہوگی۔

Image Source: Urdupoint

واضح رہے کہ شعیب ملک پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹارز میں سے ایک ہیں، وہ 2007 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جس میں پاکستان ٹیم نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ پاکستان ٹیم کو کرکٹ میں متعدد فتوحات سے ہمکنار کروانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جب کہ وہ 2009 ورلڈ ٹی 20 کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

دوسری جانب ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھارتی ٹینس اسٹار ہیں ،جنہوں نے اپنی محنت سے اکیلے ہی بھارت کو ٹینس کی دنیا میں متعارف کروایا ہے۔ وہ حال ہی میں ہونے والے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی وجہ سےاس وقت لندن میں موجود ہیں۔

Image Source: Facebook

کرکٹر شعیب ملک کے علاوہ نامور فنکار فخر عالم وہ دوسرے پاکستانی ہیں جنہیں گولڈن ویزا ملا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے فخر عالم کی فنی اور سماجی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں یہ ویزا اعزازی طور پر دیا ہے۔

سترہ سال سے وہاں مقیم فخر عالم کا کہنا ہے کہ وہ دبئی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور یہ اعزاز حاصل کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ اس لیے دوہرے اعزاز کی بات ہے کیوں کہ وہ ایک جانب پہلے پاکستانی فنکار ہیں جنہیں یہ گولڈن ویزہ ملا ہے۔ دوسرا ان سے پہلے جتنے بھی پاکستانیوں نے اسے حاصل کیا انہوں نے اس کے لیے باقاعدہ درخواست دی تھی۔ جب کہ ان کو یہ اعزازی طور پر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے نامور شخصیات کو گولڈن ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز، پی ایچ ڈی اسکالرز اور سائنس دانوں سمیت اعلیٰ شخصیات کو یہ ویزہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد نامور شخصیات اور فن کاروں کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

گولڈن ویزہ کے ذریعے امارات میں مقیم غیر ملکی افراد کو پانچ سے 10 سال کا ریزیڈنٹ ویزہ ملے گا جس کے بعد وہ ہر دو سال بعد نہ تو ویزہ لگوانے کے پابند ہوں گے اور نہ ہی انہیں غیر ملکی تصور کیا جائے گا۔
یہ ویزہ اپنے شعبے میں مہارت حاصل کرنے والے افراد کو بھی دیا جاتا ہے ، یہ افراد اپنے پورے خاندان سمیت یو اے ای میں مقیم ہو سکتے ہیں اور اگر ان شخصیات نے یو اے ای میں مقیم رہنے کے دوران ملک کا نام روشن کیا تو ہر پانچ یا 10 سال کے بعدان کا ویزہ نئی مدت کے لیے بڑھا دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، جب سے متحدہ عرب امارات نے طویل مدتی ویزا سکیم کے تحت گولڈن ویزا کارڈ کے اجراء کا اعلان کیا ہے اس کے بعد سے اسے حاصل کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں سمجھا جارہا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *