اللہ میرے ساتھ ہمیشہ سے ہیں لیکن میں اس کے ساتھ نہیں تھی، صنم چوہدری


0

“میں ایک دوڑ میں لگی ہوئی تھی اور لگتا تھا کہ بس یہی کرنا ہے۔ مجھے بچپن میں اللہ اور قرآن سے جوڑا گیا تھا لیکن پھر پتہ ہی نہیں چلا کہ کب ادھر سے بھٹک گئی“، یہ الفاظ روحانیت کا سفر شروع کرنے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ معروف اداکارہ صنم چوہدری کے جنہوں نے اپنے کیرئیر کے عروج پر ٹیلی ویژن اور گلیمر کی دنیا کو خیر باد کہہ کر خود کو اسلام کی راہ میں وقف کردیا ہے اور نوجوانوں کے لئے عملی نمونہ بن گئیں ہیں۔

حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی زندگی کے اس واقعے کے بارے میں بات کی ہے جس نے ان کی زندگی کو بالکل بدل دیا اور وہ روحانیت کی راہ پر چل پڑیں۔ صنم چوہدری نے بتایا کہ جب وہ چھوٹی تھیں تو ٹی وی دیکھ کر انہیں اداکارہ بننے کا شوق پیدا ہوا اور وہ کامیاب بھی ہوگئیں اور ایک معروف اداکارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں۔ انھوں نے سکون کو پیسوں اور شہرت میں ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن سکون انہیں کہیں نہیں ملا۔ ہر بار انہیں لگتا کہ ان کی دوڑ لمبی ہوتی جارہی ہے لیکن پھر انہیں احساس ہوا کہ سکون تو صرف اللہ کے ساتھ ہے۔

Image Source: File

صنم چوہدری نے بتایا کہ بے شک اللہ میرے ساتھ ہمیشہ سے ہیں لیکن میں ان کے ساتھ نہیں تھی۔ میں بس اللہ کے نام کو اپنے مفاد کی خاطر استعمال کرتی تھی یہاں تک کہ میری شادی بھی ہوگئی جو کہ میری اپنی پسند کی تھی اور میں اس سے کافی خوش بھی ہوں پھر بھی دل کے کسی کونے میں ایک کمی ہمیشہ محسوس ہوئی۔

Image Source: File

اپنی زندگی کے ٹرنگ پوائنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صنم چوہدری نے بتایا کہ سورۂ بقرہ نے ان کی زندگی بدل دی، جب انہوں نے سورۂ بقرہ پڑھنی شروع کی تو اس میں اس بات کا ذکر تھا کہ ایسے بندے بھی ہیں جو مسلمان ہیں لیکن مومن نہیں ہیں۔ اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس آیت کو پڑھ کر مجھے جھٹکا لگا کہ یہ میں نے کیا کردیا۔ مجھے تو پتہ ہے کہ اللہ ہے لیکن پھر کیوں میں اللہ کی نہیں سنتی؟ پھر میں نے خود سے سوال کیا تو احساس ہوا کہ آخر زندگی میں مجھے چاہیے کیا؟ سب کچھ ہونے کے باوجود مزید کس چیز کی خواہش ہے؟

اس کے بعد اپنی تمام تر توجہ قرآن مجید کی طرف لگائی، اسے اور اس کی تفسیر پڑھی جس نے میری زندگی بدل دی۔انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے صرف قرآن کو تھاما اور اس کے بعد اللہ تعالیٰ خود پردے ہٹاتے چلے۔ اس سے پہلے وہ رمضان میں قرآن کو پڑھتی تھی لیکن اس سے ہدایت نہیں لیتی تھی لیکن اب وہ قرآن مجید کو ترجمے اور تفسیر کے ساتھ پڑھتی ہیں اور قرآن کی روشنی میں ہی اپنی آنے والی زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ صنم چوہدری اپنی ڈرامہ سیریل آسمانوں پر لکھا ، شیزا ، میرے مہربان ، اور عشق ہماری گلیوں میں کے علاوہ بہت سی دیگر ڈرامہ سیریلز میں شاندار پرفارمنس دے چکی ہیں۔ تاہم، انہوں نے 2021ء میں اگست کے مہینے میں اپنی سالگرہ سے ایک دن پہلے اپنا روحانی سفر شروع کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں ان کے اہل خانہ نے خوشدلی سے ان کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے انہیں پھولوں اور کیک سے سرپرائز دیا تھا۔ ویڈیو کے کیپشن میں صنم نے لکھا کہ میرے خاندان نے اللہ کی طرف رجوع کرنے پر اس طرح میرا استقبال کیا۔

اس اعلان کے بعد اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پروفائل سے شیئر کی گئی تمام تصاویر اور ویڈیوز بھی ہٹادیں تھیں اور اکاؤنٹ پر صرف اپنے نکاح کی تقریب کی چند تصاویر چھوڑی تھیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنا بائیو بھی تبدیل کرکے “ایک مسلمان ، ایک ماں اور اسلام سیکھنا” کردیا تھا۔ بعدازاں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *