سال 2020 میں شوبز کی کونسی خبریں رہیں سوشل میڈیا پر زیر بحث؟


0

سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے کسی خبر کا چھپنا ممکن نہیں، آزادی رائے کے تحت یہاں تعریف بھی ہوتی ہے اور تنقید بھی۔ اس سال بھی سوشل میڈیا پر کئی خبریں ٹاپ ٹرینڈ بنیں جو کئی ہفتوں تک زیر بحث بھی رہیں۔ اس حوالے سے شوبز انڈسٹری کی کون کون سی خبریں شہہ سرخیاں بنیں اور کون سی مشہور شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنی خبروں سے تہلکہ مچایا چلیں جانتے ہیں۔

خلیل الرحمن اور ماروی سرمد

Image Source: Twitter

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر اور سماجی کارکن و صحافی ماروی سرمد کے مابین ہونے والی لفظی جنگ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ نجی ٹی وی کے شو کے دوران ماروی سرمد کے “میرا جسم میری مرضی“ کا نعرہ لگانے پر خلیل الرحمن قمر بھڑک اٹھے اور لائیو شو کے دوران تلخ کلامی شروع ہوگئی۔

اس پروگرام کی کلپ کے بعد ٹوئٹر پر خلیل الرحمن قمر اور میرا جسم میری مرضی، عورت مارچ ٹرینڈز بنے رہے۔

مفتی عبدالقوی اور حریم شاہ

Image Source: Twitter

متنازع واقعات کی زد میں رہنے والے مفتی عبدالقوی کی متنازع ویڈیو کال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ان کو سوشل میڈیا سیلبرٹی اور ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے ساتھ بے تکلفی برتتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ حریم شاہ اس ویڈیو کال کے دوران مسلسل ان پر ٹھرک جھاڑنے اور اسلام کا نام بدنام کرنے کا الزام عائد کرتی رہیں۔

شہروز اور صدف کی شادی

Image Source: Twitter

معروف اداکارہ و ماڈل صدف کنول اور اداکار شہروز سبزواری نے لاک ڈاؤن کے دوران اچانک سادگی سے نکاح کرکے اپنے تعلق کے حوالے سے تمام افواہوں کو سچ ثابت کردیا۔ شہروز سبزواری اور صدف کنول کے درمیان بڑھتی قربتوں کی وجہ سےان کی اہلیہ سائرہ یوسف نے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات بڑھے اور طلاق ہوگئی۔

نعمان اعجاز کا متنازعہ انٹرویو

Image Source: Twitter

سوشل میڈیا پر اداکار نعمان اعجاز کے ایک انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہوئی جس میں وہ عفت عمر کے ساتھ شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری خواتین سے عشق کرنے کی باتیں کرتے دکھائی دیے تھے۔

نعمان اعجاز کی یہ کلپ سوشل میڈیا پر خوب شیئر ہوئی اور ٹوئٹر پر ‘می ٹو’ کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر آگیا اور کئی افراد نے نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن اس تنقید پر اداکار کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یاسر حسین کی ارطغرل کے اداکاروں پر تنقید

Image Source: Twitter

اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے اداکاروں ارطغرل اور تورگت الپ کے پاکستانی ہم شکلوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا ’’ان کو کوئی نہیں پوچھے گا کیوں کہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا ’کچرا‘ بھی مال برابر “۔

اس کیپشن میں یاسر حسین نے بالواسطہ طور پر ترک اداکاروں کو ’’کچرے‘‘ سے تشبیہ دی تھی۔ یاسر حسین کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر کڑی تنقید کی تھی۔

ٹھیکیدار کی بیٹی

Image Source: Propakistani.pk


اداکارہ وماڈل عظمیٰ خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اپنی ایف آئی آر میں یہ الزام عائد کیا کہ پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض کی بیٹیوں نے انھیں اور ان کی بہن کو گھر میں گھس کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ درحقیقت اس واقعے کے مرکزی کردار ملک ریاض کے داماد عثمان ملک تھے جن کے عظمیٰ خان سے تعلقات تھے اور وہ ان سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ لیکن پھر یکدم عظمیٰ خان نےایف آئی آر کو غلط فہمی قرار دیتے ہوئے مقدمہ واپس لے لیا۔ تاہم ٹھیکیدار کی بیٹی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا۔

ہانیہ نے عاصم کو فرینڈ زون کردیا

Image Source: Facebook

رواں برس اپریل میں گلوکارہ آئمہ بیگ سے انسٹاگرام لائیو چیٹ کے دوران ہانیہ عامر نے یہ اعتراف کیا کہ وہ اور گلوکار عاصم اظہر صرف بہترین دوست ہیں۔ اسکے بعد ہانیہ عامر نے عاصم اظہر کو “فرینڈزون” کردیا اور اس خبر نے جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اشتہار جو خبر بن گیا

Image Source: Youtube

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے صحافی انصار عباسی کی درخواست پر ’گالا بسکٹ‘ کے اشتہار میں دکھائے جانے والے مناظر پر ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو تنبیہہ جاری کر دی کہ اشتہارات میں فحش اور غیر اخلاقی مناظردکھانے سے گریز کریں۔بسکٹ کا یہ اشتہار قومی خبر بن گیا اورسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اداکارہ مہوش حیات، گالا بسکٹ اور میرے دیس کا ہر رنگ نرالہ ٹرینڈز لسٹ میں نمایاں ہوگئے۔

دانش کی برسی

Image Source: Facebook

مشہور ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” نے کافی پزیرائی حاصل کی اور شائقین نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کی تحریر کردہ کہانی اورمکالموں کو بے حد پسند کیا۔ اس ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے اہم کردار “دانش” (ہمایوں سعید) کی ڈرامے میں موت پر سوشل میڈیا صارفین نے اس کردار کی برسی پر بھی میمز بناڈالیں۔

رسوئی میں کون تھا؟

بھارتی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ “ساتھ نبھانا ساتھیا” کی اداکارہ کوکیلا بین کے مشہور ڈائیلاگ “رسوئی میں کون تھا“ کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان برپا ہوگیا۔ بھارتی ڈرامے سے مقبول ہونے والا یہ سوال سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ کی شکل اختیار کر گیا اور عام لوگوں کے علاوہ اداکار بھی مذاحیہ میمز بنا کر یہی سوال کرتے رہےکہ رسوئی میں کون تھا؟


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *