پاکستان میں روبوٹکس کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لیے پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کی توسیعی سرگرمیاں


0

پاکستان بھر میں پسماندہ طبقات، لڑکیوں اور معذور طلبہ کے لیے روبوٹکس کی تعلیم کے نئے مواقع فراہم کرنے کا اقدام

: پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر (PSSEC) کے زیرِ انتظام، ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ (WRO) ایسوسی ایشن کی معاونت اور آرامکو کی معاونت سے پاکستان انوویشن کویسٹ (PIQ) کے تحت پاکستان بھر میں روبوٹکس اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کی معیاری تعلیم تک رسائی کو وسعت دی جا رہی ہے۔ PIQ ایک قومی سطح کا اقدام ہے، جس کا مقصد ان نوجوانوں کے لیے روبوٹکس کی تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہے جو ماضی میں اخراجات، جغرافیائی فاصلے، صنفی امتیاز یا معذوری کے باعث ان مواقع سے محروم رہے ہیں۔

اس اقدام کے تحت 60 سے زائد روبو اسٹارٹر اسپرنٹس، چھ علاقائی مقابلوں اور ایک قومی نمائش کے ذریعے 10 ہزار طلبہ اور 300 اساتذہ تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ PIQ طلبہ کے لیے ایک واضح تعلیمی راستہ فراہم کرتا ہے، جس کے تحت وہ پہلی مرتبہ روبوٹکس سے متعارف ہونے سے لے کر حقیقی دنیا کے مسائل کے لیے اپنے تخلیقی حل تیار کرنے، علاقائی مقابلوں میں حصہ لینے اور پھر ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ پاکستان کے پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنے کے مراحل طے کرتے ہیں۔

آرامکو کی معاونت سے PIQ کے تحت سرکاری اور نجی اسکولوں، کم آمدنی والے طبقات کی آبادیوں، غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کے تعاون سے چلنے والے تعلیمی اداروں اور لڑکیوں کے اسکولوں میں مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

PIQ اس بات کا بھی عملی ثبوت پیش کر رہا ہے کہ STEM تعلیم میں حقیقی شمولیت کے لیے ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے افراد کو یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ ڈیف ریچ اسکول میں سماعت سے محروم طلبہ نے عملی طور پر روبوٹکس کی تربیت حاصل کی، جس میں اشاروں کی زبان پر عبور رکھنے والے مترجمین اور تربیت کاروں نے ان کی معاونت کی۔ ان میں سے بہت سے طلبہ کے لیے روبوٹکس کٹ کے ساتھ کام کرنے کا یہ پہلا موقع تھا، جہاں وہ محض مشاہدہ کرنے والے نہیں بلکہ خود روبوٹ بنانے، مسائل حل کرنے اور نئی اختراعات پیش کرنے والے بنے۔

پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر (PSSEC) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شریک بانی،  WRO پاکستان کی نیشنل آرگنائزر زرتاج احمد نے کہا ’’صلاحیت ہر انسان میں موجود ہے، لیکن مواقع سب کو یکساں میسر نہیں، اور یہی وہ فرق ہے جسے ختم کرنے کے لیے پاکستان انوویشن کویسٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ آرامکو کی معاونت سے اس اقدام کے ذریعے ہم ایسے بچے تک پہنچ رہے ہیں جس نے کبھی روبوٹکس کٹ کو ہاتھ تک نہیں لگایا، ایسی لڑکی تک رسائی حاصل کر رہے ہیں جس نے کبھی خود کو انجینئر کے طور پر تصور نہیں کیا، اور ایسے سماعت سے محروم طالب علم کو مواقع فراہم کر رہے ہیں جو بغیر کسی رکاوٹ کے نئی اختراعات پیش کرنے کا حق رکھتا ہے۔‘‘

PIQ کے روبو اسٹارٹر اسپرنٹس میں عملی روبوٹکس تربیت کو WRO کے فیوچر انوویٹرز پراجیکٹ سائیکل کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔ طلبہ WRO سرٹیفکیشن حاصل کرنے کے لیے کام کرتے ہیں، جبکہ اساتذہ کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ تربیتی پروگرام ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے تعلیمی اداروں میں روبوٹکس کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

Pi Space Science Education Center

اس اقدام کے تحت اب تک 6 ہزار سے زائد طلبہ اور 518 اساتذہ کو تربیت دی جا چکی ہے، جبکہ کراچی، لاہور، حیدرآباد، گوجرانوالہ اور قصور تک اس پروگرام کی رسائی ممکن بنائی گئی ہے۔ تقریباً 60 تعلیمی ادارے اس نیٹ ورک کا حصہ بن چکے ہیں۔ PIQ کا ہدف ہے کہ پروگرام میں خواتین کی شرکت 40 فیصد سے زیادہ ہو، جبکہ اس اقدام کے تحت پسماندہ اور کم وسائل رکھنے والے تعلیمی اداروں کو 100 روبوٹکس کٹس عطیہ کرنے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ پروگرام کے اختتام کے بعد بھی طلبہ کا تعلیمی سلسلہ جاری رہ سکے۔

آرامکو کے نائب صدر برائے کمیونیکیشنز آپریشنز اینڈ کارپوریٹ سٹیزن شپ، حسین این ہنبازازہ نے کہا ’’آرامکو میں ہم STEM تعلیم کو مستقبل کے اختراع کاروں، مسائل حل کرنے والوں اور رہنماؤں کی تیاری میں سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ اپنے گلوبل STEM ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے ہمارا مقصد معیاری تعلیمی مواقع تک رسائی کو وسعت دینا اور دنیا بھر کے نوجوانوں تک پہنچنا ہے۔ PSSEC اور ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ کے ساتھ ہمارا اشتراک پاکستان بھر کے طلبہ کے لیے روبوٹکس کے 10 ہزار مواقع فراہم کر رہا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ دونوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم تجسس کو عملی صلاحیت میں تبدیل کر رہے ہیں اور ایسا دیرپا اثر پیدا کر رہے ہیں جو طلبہ کی محض شرکت سے کہیں آگے تک پھیلے گا۔‘‘

علاقائی مقابلوں میں کامیاب ہونے والے شرکاء PIQ کی قومی نمائش میں شرکت کریں گے، جہاں طلبہ اور اساتذہ اپنے تیار کردہ پروجیکٹ اسکولوں کے سربراہان، حکومتی نمائندوں، STEM کے شعبے سے وابستہ شراکت داروں اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے سامنے پیش کریں گے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے شرکاء مستقبل میں WRO پاکستان کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔

آرامکو کی معاونت سے اس اصول کو عملی شکل دیتے ہوئے PIQ پاکستان کے نوجوانوں کو اس قابل بنا رہا ہے کہ وہ خود کو مستقبل کی ٹیکنالوجی کے محض صارفین کے بجائے اس کے تخلیق کاروں کے طور پر دیکھ سکیں۔


پاکستان انوویشن کویسٹ کے بارے میں:

پاکستان انوویشن کویسٹ (PIQ) ملک گیر سطح کا روبوٹکس اور جدت پر مبنی اقدام ہے، جسے آرامکو کے Aramco STEM Global Program کے تحت تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کو ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ ایسوسی ایشن کی معاونت حاصل ہے، جبکہ اس پر عمل درآمد پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کر رہا ہے۔ روبوٹکس کی تربیت، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، علاقائی مقابلوں اور قومی نمائش کے ذریعے PIQ پہلی مرتبہ روبوٹکس سیکھنے والے طلبہ سے لے کر قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع تک ایک جامع اور سب کے لیے قابلِ رسائی راستہ ہموار کر رہا ہے۔

پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کے بارے میں:

پائی اسپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر STEM اور روبوٹکس کی تعلیم فراہم کرنے والا ادارہ ہے اور پاکستان میں ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ کا نیشنل آرگنائزر بھی ہے۔ PSSEC تعلیمی پروگرام تیار کرتا ہے، طلبہ اور اساتذہ کو تربیت فراہم کرتا ہے، تعلیمی اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ کرتا ہے اور نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اختراعی پلیٹ فارمز سے منسلک کرتا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0
zeeshan

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *