کوک اسٹوڈیو Nu.WAV نے اپنے چھٹے اور آخری میوزیکل ریلیز سے قبل پانچواں گانا ’’قسم‘‘ ریلیز کر دیا ہے، جس میں معروف گلوکارہ شے گل اور ابھرتے ہوئے گلوکار و ریپر افیوسک نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ تجرباتی پاپ موسیقی پر مبنی اس گانے کی پروڈکشن اور میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری عبداللہ کاسُمبی نے کی ہے۔
’’قسم‘‘ میں جدید الیکٹرانک موسیقی کے ساتھ جنوبی ایشیائی ساز سارنگی کو منفرد انداز میں شامل کیا گیا ہے، جو گانے کو ایک الگ صوتی شناخت فراہم کرتا ہے۔ افیوسک کے تحریر کردہ اس گانے میں ایک ایسے رشتے کی جذباتی کیفیت کو بیان کیا گیا ہے جو تکلیف، وابستگی، بے یقینی اور ایک دوسرے کا ساتھ نہ چھوڑنے کی خواہش کے درمیان الجھا ہوا ہے۔ گانے کے بول اگرچہ گہرے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں، تاہم عبداللہ کاسُمبی کی متحرک موسیقی اس کے برعکس ایک توانائی سے بھرپور تاثر پیدا کرتی ہے۔
گانے میں دونوں فنکاروں کی آوازوں کا امتزاج بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ افیوسک نے اپنے مخصوص ردھم اور منفرد اندازِ گائیکی کو برقرار رکھا ہے، جبکہ شے گل نے اس مرتبہ اپنی آواز کے ایک مختلف اور نسبتاً کم سنے جانے والے انداز کو پیش کیا ہے۔ گل خان کی سارنگی نے گانے کی الیکٹرانک موسیقی میں جذباتی گہرائی کا اضافہ کیا ہے۔
میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری میں عبداللہ کاسُمبی نے کہانی کو روایتی انداز میں پیش کرنے کے بجائے رقص اور حرکات کے ذریعے رشتے کے مختلف مراحل کو اجاگر کیا ہے۔ موومنٹ ڈائریکٹر شمس منصور نے کوریوگرافی کے ذریعے قربت، دوری، اعتماد، جدائی اور دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آنے کی کیفیات کو خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ ویڈیو میں بعض مناظر میں رقاص ایسے دکھائی دیتے ہیں جیسے وہ نظر نہ آنے والی ڈوروں سے بندھے ہوں، جبکہ بعض حرکات میں ان کے جسم سلائی کے دھاگوں کی طرح ایک دوسرے سے جڑتے اور الگ ہوتے دکھائی دیتے ہیں، جو رشتوں میں پیدا ہونے والی دراڑوں اور انہیں دوبارہ جوڑنے کی کوششوں کی علامت ہیں۔

گانے کی ویڈیو کراچی کے ایک سو سال سے زائد قدیم برسٹل ہوٹل میں فلمائی گئی ہے۔ پروڈکشن ڈیزائنر حماد سہیل نے ہوٹل کی تاریخی عمارت، قدیم فانوس، خستہ حال دیواروں اور اندرونی ماحول کو ویڈیو کے مجموعی تصور کا حصہ بنایا ہے۔ مرجھائے ہوئے پھولوں اور ایک ایسی ضیافت کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں جو جیسے ایک طویل عرصے سے اپنی جگہ موجود ہو۔ یہ تمام عناصر ویڈیو کو ایک منفرد اور جذباتی بصری شناخت دیتے ہیں۔
ویڈیو کا ایک اہم استعارہ پروانے اور شمع کا تعلق بھی ہے، جو مولانا رومی اور صوفیانہ فکر میں عشق، کشش اور قربانی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ عبداللہ کاسُمبی اور شمس منصور کے دورہ قونیہ کے دوران رومی کی تعلیمات اور صوفیانہ فکر سے متاثر ہو کر اس تصور کو ویڈیو کا حصہ بنایا گیا۔ پروانے کا شمع کی جانب بے اختیار کھنچنا ایسے رشتے کی عکاسی کرتا ہے جہاں محبت اور کشش کے ساتھ جذباتی خطرات بھی موجود ہوتے ہیں۔ ویڈیو کے اختتامی مناظر میں شے گل کا افیوسک کی جانب ہاتھ بڑھانا اور اسی دوران پروانے کا شمع تک پہنچنا اس تصور کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
کوک اسٹوڈیو Nu.WAV کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کمال خان نے گانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’قسم‘‘ ابتدا ہی سے عبداللہ کاسُمبی کا تخلیقی تصور تھا، کیونکہ وہ اس گانے کی موسیقی بھی ترتیب دے رہے تھے اور ویڈیو کی ہدایت کاری بھی ان ہی کے ذمے تھی۔ ان کے مطابق افیوسک نے اپنے حقیقی جذبات کو گانے کے بولوں میں سمویا ہے، جبکہ شے گل نے اس گانے میں اپنی آواز کا ایک مختلف رنگ پیش کیا ہے۔ شمس منصور نے رشتے کی کہانی کو حرکات کے ذریعے اس انداز میں بیان کیا کہ اسے لفظی طور پر سمجھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سارنگی، رقاصوں، تاریخی برسٹل ہوٹل اور پروانے و شمع کے تصور نے مل کر ایک مربوط تخلیقی دنیا تشکیل دی ہے۔
شے گل نے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں علی سیٹھی کے ساتھ ’’پسوڑی‘‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔ یہ گانا عالمی سطح پر غیر معمولی مقبول ہوا اور یوٹیوب پر ایک ارب سے زائد ویوز حاصل کرنے والی پاکستان میں تیار ہونے والی پہلی میوزک ویڈیو بنا۔ اس کے بعد شے گل نے حسن اور روشن کے ساتھ ’’سکون‘‘، علی سیٹھی، مانو اور عبداللہ صدیقی کے ساتھ ’’لے رائٹ‘‘، عاصم اظہر کے ساتھ ’’بلے بلے‘‘ اور ترک فنکار ایودکی ساعت کے ساتھ Coke Studio Global کے گانے ’’ون لو‘‘ سمیت متعدد کامیاب منصوبوں میں حصہ لیا۔

دوسری جانب افیوسک نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے اپنے میوزیکل سفر کا آغاز کیا اور گلوکار، نغمہ نگار اور ریپر کی حیثیت سے جنوبی ایشیا کی نئی پاپ اور ہپ ہاپ موسیقی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کا مقبول گانا ’’پل پل‘‘ پاکستان سے باہر بھی بے حد مقبول ہوا، برطانیہ کے آفیشل ایشین میوزک چارٹ میں سرفہرست رہا اور کینیڈین ہاٹ 100 میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔ ’’قسم‘‘ کوک اسٹوڈیو Nu.WAV پر ان کی دوسری پیشکش ہے، اس سے قبل وہ اس پلیٹ فارم کے افتتاحی گانے ’’دل‘‘ میں بھی شامل تھے۔
گانے کی پروڈکشن، ارینجمنٹ اور مکسنگ عبداللہ کاسُمبی نے کی ہے، جبکہ گل خان نے سارنگی بجائی اور شان ٹالمین نے ماسٹرنگ کے فرائض انجام دیے۔ میوزک ویڈیو کی سنیماٹوگرافی بابر دھر، پروڈکشن ڈیزائن حماد سہیل اور اسٹائلنگ فراز شیخ اینڈ ٹیم نے کی ہے۔ شے گل کے لُک کی تیاری نویرہ عزیز نے کی، جبکہ موومنٹ ڈائریکشن شمس منصور اور شانِ قاسم منصور نے انجام دی۔ ویڈیو کی پروڈکشن گلی فلمز کے زیرِ اہتمام مکمل کی گئی۔
کمال خان کی ایگزیکٹو پروڈکشن میں تیار ہونے والا ’’قسم‘‘ کوک اسٹوڈیو Nu.WAV کی چھ میں سے پانچویں پیشکش ہے۔ اس سے قبل ’’دل‘‘، ’’رنگین‘‘، ’’ماہیا‘‘ اور ’’شبنم‘‘ ریلیز کیے جا چکے ہیں، جبکہ سیریز کی آخری پیشکش اور اس کا منفرد تخلیقی تصور جلد سامعین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

0 Comments