پائیدار صنعتی نظام کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر، فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (FCEPL) نے اپنے نارا ڈیری فارم(Nara Dairy Farm) میں 450 کلو واٹ سولر فوٹو وولٹک (PV) سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا ہے،جسے 255 کلو واٹ گھنٹے کے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (BESS) کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کو لگانے کاٹھیکہ DSG انرجی کو دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ صاف توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتا ہے، جو فارم کی توانائی سے استحکام کو مضبوط ، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور کمپنی کی کم کاربن والے مستقبل کی جانب منتقلی کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر کاشان حسن نے کہا ’’یہ تنصیب مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے توانائی کے باشعور طرزِ فکر کی عکاسی کرتی ہے جو FCEPL میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنی سولر توانائی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، جس میں اب ہماری پیداواری سہولیات کے ساتھ ساتھ ہمارا ڈیری فارم بھی شامل ہے۔ اپنی کارروائیوں میں صاف توانائی شامل کرنے کے لیے ہماری کوششیں دراصل ’گراس ٹو گلاس‘ کے پورے سفر کے دوران ’پاکستان کی غذائیت کو بہتر بنانے‘ کے ہمارے مقصد کی حقیقی عکاسی کرتی ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہم ان لاکھوں خاندانوں کو محفوظ، صحت مند اور غذائیت سے بھرپور مصنوعات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول اور اپنی کمیونٹیز کی دیکھ بھال بھی جاری رکھیں جو روزانہ ہماری مصنوعات استعمال کرتے ہیں۔‘‘
فارم پر سولر توانائی پیدا کرنے کے ساتھ اسے بیٹری میں محفوظ کرنے کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد قابلِ تجدید توانائی کا زیادہ مؤثر استعمال، روایتی ایندھن سے بجلی بنانے پر انحصار اور توانائی کے اخراجات کم کرنا، جبکہ فارم کی اہم سرگرمیوں کے لیے قابلِ اعتماد اور مستحکم بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
DSG انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانیال صدیقی نے کہاDSG’’ انرجی میں ہمارا یقین ہے کہ صاف توانائی کی جانب منتقلی صرف قابلِ تجدید بجلی پیدا کرنے تک محدود نہیں بلکہ ایسے ذہین توانائی کے نظام تشکیل دینے سے متعلق ہے جو قابلِ اعتماد فراہمی، مؤثریت اور طویل مدتی قدر فراہم کریں۔ نارا ڈیری فارم کا منصوبہ اسی سمت میں ایک بامعنی قدم ہے اور ہمیں پائیداری کے سفر کو آگے بڑھانے میں FCEPL کی معاونت کرنے پر فخر ہے۔‘‘
یہ شراکت داری پاکستان کے صنعتی اور زرعی منظرنامے میں بڑھتی ہوئی تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، جہاں کاروباری ادارے روایتی سولر تنصیبات سے آگے بڑھتے ہوئے ایسے مربوط توانائی کے نظام کی جانب تیزی سے توجہ دے رہے ہیں جو قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار، توانائی ذخیرہ کرنے اور ذہین توانائی کے انتظام کو یکجا کرتے ہیں۔
یہ قدم فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان کے ماحولیاتی ذمہ داری، آپریشنل معیار میں بہتری اور ایسی جدید ٹیکنالوجیز اپنانے کے عزم کو بھی مزید تقویت دیتا ہے جو طویل مدتی پائیدار ترقی میں معاون ہوں۔ نارا ڈیری فارم سولر PV اور BESS منصوبہ فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان کے اس وسیع تر وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت کمپنی اپنی تمام سرگرمیوں میں قابلِ تجدید توانائی (Renewable Energy)کے حل کو مربوط کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی صاف توانائی کی جانب منتقلی میں کردار ادا کرنے اور اپنے کارپوریٹ پائیداری کے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

0 Comments