پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک زیادہ ہے۔ اندازوں کے مطابق، ملک میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں، جن میں سے 93 لاکھ افراد، یعنی 26.9 فیصد، اس مرض سے لاعلم ہیں اور تاحال ان میں اس کی تشخیص نہیں ہو سکی۔ اگر اس مرض کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک پاکستان میں ذیابیطس کے شکار بالغ افراد کی تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
آغا خان یونیورسٹی ہسپتال (اے کے یو ایچ) نے ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ اور اس کے خطرے کے عوامل کی بروقت شناخت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے شعبہ امراضِ غدد (اینڈوکرائنولوجی)، ویسکولر سرجری اور کلینیکل نیوٹریشن کے ماہرین پر مشتمل ایک میڈیا راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر ماہرین نے بتایا کہ ذیابیطس محض خون میں شوگر کی سطح کو متاثر کرنے والا مرض نہیں بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ خون کی نالیوں اور اعصاب کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دل، گردوں، آنکھوں اور جسم کے مختلف اعضا، خصوصاً ہاتھوں اور پیروں، میں سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، نوجوان بالغ افراد بھی ذیابیطس کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں، بالخصوص وہ افراد جن کے خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ موجود ہو، جن کے پیٹ کے گرد اضافی چربی ہو یا جو غیر متحرک طرزِ زندگی اختیار کیے ہوئے ہوں۔ ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بظاہر صحت مند وزن رکھنے والے افراد کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ انہیں ذیابیطس لاحق ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔
اے کے یو ایچ کی کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر اسماء احمد نے کہا’’ٹائپ ٹو ذیابیطس صرف بڑی عمر کے افراد تک محدود نہیں ہے۔ نوجوان افراد، خصوصاً وہ جن کے خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ موجود ہو یا جن میں اس مرض کے دیگر خطرے کے عوامل پائے جاتے ہوں، انہیں علامات ظاہر ہونے کا انتظار کیے بغیر ذیابیطس کی جانچ کروانی چاہیے۔ جن افراد میں ذیابیطس کی تشخیص ہو چکی ہے، ان کے لیے تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے استعمال کرنا، ڈاکٹر سے مسلسل معائنے اور مشاورت کروانا اور طرزِ زندگی میں ایسی مثبت تبدیلیاں لانا جنہیں طویل عرصے تک برقرار رکھا جا سکے، مرض کو قابو میں رکھنے اور پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔‘‘

بروقت طبی مداخلت اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیوں کی اہمیت اے کے یو ایچ کے زیرِ اہتمام کمیونٹی کی سطح پر کیے گئے پاکستان ڈائیبیٹیز پریوینشن ٹرائل (Pakistan Diabetes Prevention Trial) کے نتائج سے بھی واضح ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق، ایک سال کے بعد طرزِ زندگی میں تبدیلیوں پر مبنی پروگرام میں شامل پری ڈائیبیٹیز (ذیابیطس سے قبل کی کیفیت) کے 61 فیصد شرکا کے خون میں شوگر کی سطح معمول پر آ گئی۔ یہ بہتری سادہ اور مقامی ثقافت اور طرزِ زندگی سے ہم آہنگ تبدیلیاں اپنانے کے نتیجے میں سامنے آئی۔
ذیابیطس کے خون کی روانی اور اعصابی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے اے کے یو ایچ کے اسسٹنٹ پروفیسر اور شعبہ ویسکولر سرجری کے سربراہ ڈاکٹر فرید احمد شیخ نے کہا’’ذیابیطس خون کی روانی اور اعصاب کی کارکردگی، بالخصوص ٹانگوں اور پیروں کو متاثر کر سکتی ہے۔ جب جسم کے کسی حصے میں حس اور خون کی روانی کم ہو جائے تو معمولی سا زخم بھی محسوس نہیں ہوتا اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ ایک سنگین زخم کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ اگر اس کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو بالآخر متاثرہ عضو ضائع ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ پیروں کا باقاعدگی سے معائنہ اور بروقت طبی مشورہ ایسے مسائل کی ابتدائی مرحلے پر نشاندہی کرنے اور سنگین پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔‘‘
طبی علاج کے ساتھ ساتھ ذیابیطس کی روک تھام اور مؤثر انتظام میں متوازن غذا بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اے کے یو ایچ کی سینئر ڈائٹیشن فرح سید نے کہا’’ذیابیطس کو قابو میں رکھنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اپنی پسندیدہ غذائیں ترک کر دیں یا کسی انتہائی محدود غذائی منصوبے پر عمل کریں۔ متوازن غذا کا انتخاب، کھانے کی مقدار کا خیال رکھنا، سبزیوں، دالوں اور ثابت اناج کا استعمال بڑھانا اور میٹھے مشروبات سے پرہیز کرنا خون میں شوگر کی سطح بہتر رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اصل اہمیت ایسی عملی تبدیلیاں اپنانے کی ہے جن پر طویل عرصے تک مستقل مزاجی سے عمل کیا جا سکے۔‘‘
ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ذیابیطس کا مؤثر انتظام صرف خون میں شوگر کی سطح کی نگرانی تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ طبی علاج، خون کی روانی اور پیروں کی صحت کا باقاعدگی سے معائنہ اور مریض کی انفرادی ضروریات کے مطابق غذائی رہنمائی پر مشتمل مربوط طبی نگہداشت مریضوں کو مرض بہتر انداز میں قابو میں رکھنے، پیچیدگیوں کے خطرات کم کرنے اور معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔

0 Comments