کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں خوفناک دھماکہ، 5 افراد جاں بحق


0

کراچی میں پیش افسوناک واقعہ، کراچی کے گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ، دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے کے قریب کراچی کے مشہور و معروف علاقے گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکہ ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ اس دوران دھماکے کے نتیجے میں قریب میں واقع دیگر عمارتوں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ 4 منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر ہے، جبکہ عمارت کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر نجی بینک اور تین دکانیں بھی قائم ہیں۔ دھماکہ کی شدت کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے عمارت کی ناصرف 2 منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں بلکہ دھماکہ کے باعث بلڈنگ کا ملبہ گرنے سے اس کے نیچے پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔

دھماکے سے جہاں رہائشی عمارت بری طرح متاثر ہوئی ہے وہیں اس خوفناک دھماکے کے میں 19 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 28 میں سے 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں، جبکہ 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ واضح رہے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔جبکہ دم توڑ جانے والے 5 افراد میں سے 2 کی تصدیق کرلی گئی ہے، جوکہ عمارت کے نیچے واقع نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈ تھے۔

اس واقعے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، بعدازاں علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا۔ جبکہ امدادی ٹیموں کی جانب سے متاثرہ عمارت میں ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔

دوسری جانب دھماکہ کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکہ سلنڈر کا لگ رہا ہے کیونکہ دھماکہ عمارت کے میزنائن فلور پر ہوا ہے اور وہاں بینک کا کچن موجود تھا. تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے، فلحال کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی ہے۔

البتہ سوئی سدرن گیس پائپ لائن کے ترجمان نے گیس پائپ لائن دھماکے کے خدشات کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت میں موجود تمام کمرشل اور گھریلو گیس لائن اور میٹرز محفوظ ہیں جبکہ دھماکے کے بعد گیس کی سپلائی کو بند کردیا گیا ہے۔

دھماکہ کے فوری بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسکن دھماکہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

خیال رہے گلشن اقبال کی مسکن چورنگی دھماکہ کے کچھ دیر بعد رہائشی عمارت کے مقام سے کچھ ہی فاصلے پر مقامی این جی او کے ایک ٹرک میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ جس کے باعث آس پاس موجود لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی، لوگوں نے قریبی کھڑی اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ہٹایا تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔ جبکہ پولیس کے مطابق ٹرک میں موجود اشتہاری بورڈ کی وجہ سے شارٹ سرکٹ ہوا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *