کراچی سے کرسمس کی خوشیوں سے منسلک خوبصورت ویڈیو وائرل


0

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسیحی برادری مذہبی جوش جذبے کے ساتھ کرسمس منا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں جہاں گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، وہیں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہو رہا ہے، جس میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امن وامان کے لئے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔

مسیحی برادری ہر سال حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت (25 دسمبر) پر کرسمس کا تہوار مناتی ہے۔ تہوار کا باقاعدہ گزشتہ رات گرجا گھروں میں منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریبات سے ہوا۔ صبح ہوتے ہی مسیحی برادری اپنے پیاروں، عزیزوں اور اقارب کو مبارک باد دے رہے ہیں اور روایتی انداز میں تحفے تحائف کا بھی تبادلہ کیا جارہا ہے۔

Image Source: Reuters

اس روز مسیحی برادری کے لوگ اپنے گھروں ، محلوں اور عبادتگاہوں کو خصوصی طور پر سجاتے ہیں، جبکہ کرسمس ٹریز اور ڈیوڈ اسٹارز خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کی بات جائے تو جہاں مسیحی برادری کرسمس کی تقریبات انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منا رہی ہیں، وہیں دیگر کمیونٹیز کے لوگ بھی مسیحی برادری کی خوشیوں میں پیش پیش دیکھائی دے رہے ہیں اور ان سے اظہارِ یکجہتی اور محبت کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں گزشتہ شب جب کرسمس کی خوشیوں اور تقریبات کا آغاز ہوا، تو کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ایک ٹرک کی ویڈیو وائرل ہوئی، جسے خصوصی طور پر کرسمس کے لئے خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا اور مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوکر اظہارِ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خوبصورتی سے سجائے گئے ٹرک میں سانتا کلاز کے ملبوسات میں موجود ایک گروپ موجود ہے، جس میں کرسمس کیرول بجائے جا رہے ہیں اور کرسمس کی خصوصی مبارکباد دے رہے ہیں۔ روڈوں پر موجود دیگر افراد بھی ڈانس اور انجوائے کرتے ہوئے مسیحی برادری کی خوشیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔

یہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے، لوگوں کی جانب سے ایسے جذبے کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

Image Source: Unsplash

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹویٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا اور لکھا کہ اپنے تمام مسیحی شہریوں ک دل کی گہرائیوں سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرسمس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کو اس دنیا میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا، انہوں نے نہ صرف بیمار انسانیت کو شفا بخشی بلکہ رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلیٰ اقدار کی بھی تبلیغ کی، حضرت عیسیٰؑ نے انسانیت کو محبت، امن، رواداری اور ہمدردی کا ابدی پیغام دیا، ہم ، بحیثیت مسلمان ، اللہ تعالی ٰکے عظیم پیغمبروں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے حضرت عیسٰی علیہ السلام کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ، بلا لحاظ ِمذہب، ذات پات اور نسل ، بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، مجھے یقین ہے کہ اقلیتیں پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

واضح رہے پاکستان ایک اسلامی جمہوری ملک ہے، لیکن ہندو، عیسائی سمیت اقلیتوں کی بڑی تعداد بھی یہاں موجود ہے، اس لئے آئین پاکستان کے تحت ناصرف اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے، بلکہ انہیں اپنے تمام تہواروں اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی بھی حاصل ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *