سی ویو پر آسٹریلین وی لاگر سے بدتمیزی کرنیوالا گھوڑے والا گرفتار


0

کراچی کے ساحل سی ویو پر آسٹریلین وی لاگر لیوک ڈامنٹ کو لوٹنے اور بدتمیزی کرنے والے گھوڑے والے کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین غیر ملکی سیاح کے ساتھ اس روئیے پر ناراض ہوئے اور گھوڑے والے کو مافیا قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گھوڑے کے مالک کو گرفتار کرلیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس واقعے کی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کلفٹن سی ویو پر گھوڑے کی سیر کرانے والا لڑکا آسٹریلوی سیاح سے 200 روپے مانگتا ہے، لیکن سیاح کو ایک چکر لگوانے کے بعد لڑکا مکر گیا اور سیاح سے 3 ہزار روپے کا تقاضہ کرنے لگا، جب کہ سیاح بضد رہا کہ تم نے خود 200 روپے کی بات کی تھی، جس پر گھوڑے کا مالک طیش میں آکر ہاتھ اٹھاتا ہے اور کہتا ہے میں تمہیں بتاؤں گا 200 روپے یا 3000 روپے دیتے ہو۔

Image Source: Pakistani Food Box

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسٹریلوی سیاح ساحل پر بیٹھے دو نوجوانوں سے مدد طلب کرکے سارا واقعہ بتاتا ہے کہ مجھے یہ لڑکا تنگ کر رہا ہے، میں ویڈیو بھی بنارہا ہوں، جس میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس نے مجھ سے 200 روپے کی بات کی تھی لیکن اب یہ 3000 روپے مانگ رہا ہے، میں اسے 500 روپے دے رہا ہوں لیکن یہ نہیں لے رہا، جس پر دوسرے نوجوان نے سیاح کو پہچان کر ہاتھ ملایا اور اپنی جانب سے 1000 روپے گھوڑے کے مالک کو دیئے اور معاملہ رفع دفع کرایا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے اور اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن درخشاں نے فوری کارروائی کی اور آسٹریلوی سیاح سے بدسلوکی کرنے اور زیادہ پیسے مانگنے والے گھوڑے کے مالک زبیر کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست لڑکا شریں جناح کالونی کا رہائشی ہے ، اور لڑکے نے اپنی حرکت پر معافی مانگ لی ہے۔

پولیس کی زیر حراست اس گھوڑے والے کی جاری ہونے والی ویڈیو میں گھوڑے کے مالک نے بتایا کہ میرا نام زبیر ہے میں نے غیر ملکی شہری کو گھوڑے پر بٹھایا اور راؤنڈ دیا تھا، میں نے سیاح سے بدتمیزی کی اور زائد پیسے مانگے، جس پر غیر ملکی شہری سے معافی مانگوں گا اور آئندہ یہ کام نہیں کروں گا، تمام شہریوں کی عزت اور احترام کروں گا، آج کے بعد غیر ملکیوں سے بدتمیزی نہیں کروں گا۔

مزید پڑھیں: شینیرا اکرم نے کینولی کیفے کی مالکان کو بڑا چیلنج دے دیا

مزید برآں ، شہر کراچی میں کلفٹن سی ویو بیچ، عوام کے ساتھ سیاحوں کی بھی پسندیدہ جگہ ہے لیکن اس خوبصورت ساحل پر موجود کچرہ اور گندگی نے اس کی خوبصورتی کو ماند کردیا ہے۔ گزشتہ دنوں وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ نے بھی سی ویو پر موجود گندگی پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آواز اٹھائی اور ٹوئٹس کیں جس پر صارفین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ جس کے بعد اگلے ہی دن انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور سی ویو پر صفائی کا کام شروع کردیا۔ صفائی کے عمل کی تصویر ایک صارف نے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی ہے جس پر لوگوں نے شنیرا اور وسیم اکرم کی خوب تعریفیں کیں اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *