پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے گریمی ایوارڈ جیت لیا


0

پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب نے میوزک کا اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ جیت کر نئی تاریخ رقم کردی ، انہیں گانے “محبت ” پر بیسٹ گلوبل پرفارمنس کیٹگری میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اور وہ گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق37 سالہ عروج آفتاب پاکستان میں پیدا ہوئیں مگر اب وہ بروکلین میں رہتی ہیں، وہ مغربی موسیقی کے ساتھ ساتھ ریشماں اور عابدہ پروین سمیت کئی ممالک کی موسیقی سے متاثر ہیں۔ انہوں نے قدیم صوفی لوک روایتی میوزک اور جاز ریپ اپ کو مکس اپ کرکے میوزک تیار کیا ہے۔ انہوں نے سنہ 2018 سے شہرت حاصل کرنا شروع کی جب امریکا کے نیشنل پبلک ریڈیو نے ان کے گیت کو اکیسویں صدی میں خواتین کے عظیم ترین گیتوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔ تاہم ان کا تازہ ترین اسٹوڈیو البم ‘ولچرپرنسز ‘ مئی میں نیو ایمسٹرڈیم ریکارڈز کے ذریعے ریلیز ہوا۔

Image Source: Aljazeera

البم میں 7 گانے ہیں جن میں سے ‘محبت’ اور ‘لاسٹ نائٹ’ کو ناقدین اور سامعین سے یکساں پذیرائی ملی۔ گلوکارہ نے البم میں ‘باغوں میں’کے لئے ملٹی انسٹرومینٹل ڈیرین ڈونووین تھامس اور ‘دیا ہے’ کے لئے برازیلی گلوکار بدی اسد کے ساتھ اشتراک کیا۔جبکہ ان کا گانا ‘محبت’ سابق امریکی صدر باراک اوباما کی سمر پلے لسٹ میں بھی شامل تھا۔

Image Source: Express Tribune

دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ گریمی ایوارڈز جیتنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عروج آفتاب نے کہا کہ میں بہت زیادہ خوش ہوں ، بہت اچھا لگتا ہے جب بہت سارے لوگوں کے درمیان آپ کو انعام سے نوازا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نےانسٹا گرام پوسٹ بھی شیئر کی جس میں لکھا کہ “اور پہلی پاکستانی خاتون گریمی ہیں. عروج آفتاب”۔ اس کامیابی پر معروف شخصیات سمیت مداح گلوکارہ کو بڑی تعداد میں مبارکباد دے رہے ہیں۔ 

Image Source: File

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گریمی ایوارڈ کی تقریب سے قبل عروج آفتاب کی تصویر کو نیویارک کے مشہور زمانہ ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈ پر بھی آویزاں کیا گیا تھا۔ اسپاٹی فائی نے گلوکارہ کو اُس ماہ کی بہترین فنکارہ کے طور پر دکھایا ہے۔ اسپاٹی فائی کا یہ اقدام ان پاکستانی فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں اور اپنی کامیابیوں کا جشن مناسکیں۔

مزید برآں ، گریمی ایوارڈز میں عروج آفتاب کی نامزدگی پر شوبز اداکارو گلوکار نہایت خوش ہوئے تھے اور انہوں نے گلوکارہ کے لئے تعریفی پوسٹ بھی شیئر کی تھیںاداکار عثمان خالد بٹ نے ٹوئٹ کی “کیا شاندار خبر ہے۔ مبارک ہو، پروف آفتاب! “ جبکہ گلوکار فخر عالم نے ٹوئٹر پر عروج آفتاب کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، “بہت مبارکباد، عروج آفتاب، 2022 کے گریمی ایوارڈز کے لیے بہترین نئے آرٹسٹ کے لیے نامزد ہونے والے پہلے پاکستانی بننے پر۔ یہ واقعی ناقابل یقین خبر ہے۔”خواتین گلوکاروں میں گلوکارہ حدیقہ کیانی اور میشا شفیع نے بھی انہیں مبارکباد دی تھی۔ علاوہ ازیں ، عروج آفتاب “کوک اسٹوڈیو” کے ایک پروگرام میں بھی شرکت کرچکی ہں جہاں انہوں نے اپنا معروف گانا “محرم” گایا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *