یاجوج ماجوج کا دنیا میں کب اور کیسے خروج ہوگا؟


0

باحیثیت مسلمان روز آخرت پر ہم سب کا ایمان ہے اور اس حوالے سے یاجوج ماجوج کا ذکر اکثر سننے کو ملتا ہے۔ لیکن اکثر لوگ ان کی حقیقت سے واقف نہیں کہ آخر یہ کون ہیں؟ کہاں ہیں اور یہ کیسے دنیا پر حملہ آور ہوں گے؟ ان کا خاتمہ کیسے ہوگا؟ آئیے جانتے ہیں۔

یاجوج ماجوج کون ہیں
اسلامی تاریخ کے مطابق یاجوج ماجوج حضرت نوح علیہ السؔلام کے ایک بیٹے ”یافث“ کی اولاد میں سے ہیں جو خانہ بدوش اور وحشی قبائل پر مشتمل تھی۔ ان کی تعداد بہت تیزی کیساتھ بڑھی۔ یہ حضرت ذوالقرنین کے زمانے تک مختلف قبائل ،قوموں اور آبادیوں میں پھیل چکے تھے۔ حضرت ذوالقرنین کی بارے میں مختلف روایات یہ بتاتی ہیں کہ وہ ایسے حکمران تھے جن کو اللہ نے اسباب ووسائل کی فراوانی سے نوازا تھا اور یہ مشرقی ومغربی ممالک کو فتح کرتا ہوا ایک ایسے پہاڑی درّے پر پہنچا تھے جس کی دوسری طرف یاجوج ماجوج تھے۔

دیوار ِذوالقرنین کا بیان
قرآن کریم کی سورة کہف میں بحوالہ یاجوج ماجوج ذوالقرنین کے حالات بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے کہ جب وہ اپنی شمالی مہم کے دوران سو دیواروں (پہاڑوں) کے درمیان پہنچا تو وہاں اسے ایسی قوم ملی جس کی زبان ناقابل فہم تھی تاہم جب ترجمان کے ذریعے گفتگو ہوئی تو انہوں نے عرض کیا کہ یاجوج ماجوج اس سرزمین پر فساد پھیلاتے ہیں لہٰذا تو ہمارے اور ان کے درمیان ایک سد (دیوار) تعمیر کردے۔ چنانچہ پھر یہ تفصیل ہے کہ کس طرح ذوالقرنین نے اُس قوم کو یاجوج ماجوج کی یلغار سے بچانے کیلئے دیوار بنائی۔

یہ دیوارکوئی خیالی نہیں بلکہ حقیقی ہے جو لوہے اور پگھلے ہوئے تانبے سے بنی ہوئی ہے جس سے وقتی طور پر یہ فتنہ دب گیا۔ جب یہ دیوار تعمیر ہوگئی تو ذوالقرنین نے اللہ کا شکر ادا کیا جس نے یہ دیوار بنانے اور لوگوں کو اس پریشانی سے نجات دلانے کی توفیق بخشی مگر ساتھ ہی لوگوں کو یہ بھی بتادیا کہ یہ دیوار اگرچہ بہت مضبوط ہے مگر یہ لازوال نہیں جو چیز بھی بنی ہے وہ فنا ہونے والی ہے اور جب میرے رب کے وعدے کا وقت قریب آئے گا تو وہ اس کو خاک کردے گا اور میرے رب کا وعدہ برحق ہے۔ یہاں اس وعدے سے مراد قیامت کے قریب یاجوج ماجوج کا خروج ہے۔

یاجوج ماجوج کا خروج
روایات میں آتا ہے کہ تب سے اب تک یاجوج ماجوج اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ کس طرح دیوار کو گراکر باقی دنیا سے جاملیں۔ یہ روز دیوار کو توڑتے ہیں، جب تھوڑا ساحصہ رہ جاتا ہے اور سورج غروب ہونے لگتا ہے تو ان کا سردار واپسی کا حکم دیتا ہے کہ باقی کا کام کل کریں گے مگر اگلے روز دیوار کہیں زیادہ مضبوط ہوچکی ہوتی ہے۔ لیکن جب اللہ کے حکم سے یاجوج ماجوج کی آمد کا وقت آپہنچے گا تو وہ تمام دن دیوار میں سوراخ کریں گے اور ہر روز کی طرح ان کا سردار شام کو واپسی کا حکم دے گا اور کہے گا باقی کام کل کریں گے ان شاءاللہ۔ اس سے پہلے کبھی انہوں نے یہ الفاظ استعمال نہ کیے ہونگے اور ان الفاظ کی برکت سے اگلے دن دیوار کو ویسا ہی پائیں گے جیسا چھوڑ کرگئے تھے وہ انتہائی پر جوش ہوکر دیوار گرادیں گے اور زمین پر پھیلتے چلے جائیں گے۔ یہ جہاں سے گزریں گے تباہی پھیلائیں گے اور مخلوق خدا کو اپنے شروفساد کا نشانہ بنائیں گے یہ انسانوں کو کھانے سے بھی گریز نہیں کرینگے۔

پھر اللہ کی طرف سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو حکم ہوگا کہ وہ مسلمانوں کوہ طور کی طرف جمع کرلیں کیونکہ یاجوج ماجوج کا مقابلہ کسی کے بس میں نہ ہوگا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السؔلام اور ان کے ساتھی اس وقت ایسی جگہ کھڑے ہوں گے جہاں غذا کی سخت قلت ہوگی پھر لوگوں کی درخواست پر حضرت عیسیٰ علیہ السؔلام یاجوج ماجوج کیلئے بددعا فرمائیں گے۔ پس اللہ ان کی گردنوں اور کانوں میں کیڑا پیدا کردے گا جو بعد میں پھوڑا بن جائے گا جس کے پھٹنے سے یہ ہلاک ہونا شروع ہوجائیں گے اور مرجائیں گے۔ ان کی لاشیں زمین پر پھیل جائیں گی اور ہر طرف اس کی بو ہوگی۔ پھر عیسیٰ علیہ السؔلام دعا کریں گے تو اللہ تعالیٰ ایک خاص قسم کے پرندے بھیجیں گے جو انکی لاشوں کو اٹھاکر پھینک دیں گے پھر بارش ہوگی جس سے پوری زمین صاف شفاف ہوجائے گی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *