سائرہ اور شہروز نے طلاق کے بعد بہتر تعلقات کی وجہ‘ بیٹی ’کو قرار دیدیا


0

ماضی کی مقبول شوبز رومانوی جوڑی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری اگرچہ پہلے بھی ایک ساتھ اسکرین پر کام کرچکے ہیں لیکن اب وہ طلاق کے دو سال بعد رومانوی فلم ’بے بی لیشس‘ میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ اس جوڑے نے علیحدگی سے قبل یہ فلم شروع کی تھی اور فلم کی پروڈکشن کے دوران ہی دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں تھیں۔تاہم اب یہ فلم اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی اور یہ دونوں اداکار آجکل اس کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

اسی حوالے سے انہوں نے ایک انٹرویو بھی دیا ہے جس کے کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں سائرہ اور شہروز نے اپنی طلاق کے بعد دوستی قائم رکھنے اور بہتر تعلقات برقرار رکھنے کی وجہ اپنی بیٹی’نورے‘کو قرار دیا ہے۔

دوران انٹرویو ایک سوال کے جواب میں سائرہ اور شہروز نے بیٹی نورے کو دونوں کے درمیان تاحال بہتر تعلقات کی وجہ قرار دیا اور بتایا کہ جب ہم کسی بھی انسان کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر وہ خاص طور پر اولاد ہو تو آپ کے اپنے مسائل ان کے سامنے بہت چھوٹے لگنے لگتے ہیں جس پر شہروز نے بھی سابق اہلیہ سے اتفاق کیا۔

مزید برآں، دونوں اہلیہ سے ہونے والی بیٹیوں کے درمیان تعلق کے حوالے سے  شہروز سبزواری کا کہنا تھا میری بیٹی نورے اور بیٹی زہرہ دونوں کے درمیان تعلقات میری سوچ سے بھی زیادہ نارمل ہیں، نورے نے چھوٹی بہن زہرا کو جتنا پیار دیا وہ میری سوچ سے بھی زیادہ ہے وہ اسے بہنوں کی طرح سمجھتی ہے۔فلم کی شوٹنگ اور پروموشن کے حوالے سے شہروز  سبزواری کا کہنا تھا کہ میں سائرہ کے ساتھ غیر آرام دہ تصور نہیں کرتا کیوں کہ میں اب سائرہ کے لیے بات نہیں کرسکتا، میں اگر کہہ دوں تو کل سائرہ کہے گی میرے لیے کیوں بولا۔

تاہم اس حوالے سے سائرہ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات ہمارے لیے بھی مشکل ہوتی ہے جب لوگ بار بار پرانی چیزوں کے بارے میں بات کرتے ہیں لہٰذا بہترین یہ ہے کہ دو لوگوں کے درمیان علیحدگی کے رشتے کو عجیب نہ بنائیں انہیں آگے بڑھنے دیں لیکن ہمارے یہاں ایک عام تاثر ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں علیحدگی کے بعد لوگوں کو ایک دوسرے سے ہر تعلق کو ختم کردینا چاہیے لیکن ہم نے اس پراجیکٹ کے لیے اس سے آگے جاکر سوچا کیوں کہ ہم اکیلے نہیں تھے اس پراجیکٹ میں اور بھی بہت سارے لوگ موجود تھے۔

خیال رہے کہ جب اس فلم کا گانا من رانجھان ریلیز کیا گیا ہے تو شہروز سبزواری نے بتایا کہ 2017 میں یہ گانا پہلی بار سنا تھا اس وقت تک سائرہ کو فلم کے لئے سائن نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک سائرہ کو اپنا کردار سمجھ نہیں آرہا تھا، لیکن اس گانے کو سننے کے بعد سائرہ نے فلم کرنے کےلئےہامی بھری۔جبکہ سائرہ یوسف کا کہنا ہے کہ یہ گانا ان کے دل کے بہت قریب ہے کیوں کہ انہیں یاد ہے جب وہ چھوٹی تھی تو اپنے والد کے ساتھ بہت موسیقی سنتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اکثر پرانے گانے سنتے تھے، ان کو لگتا ہے کہ موجودہ موسیقی میں اس قسم کی دھن کی کمی پائی جاتی ہے لیکن اس گانے کو سن کر ان کو لگا وہ موسیقی جو کافی عرصے سے میوزک سے غائب تھی وہ اس میں ہے۔

دوسری طرف، چند دن پہلے جب سائرہ کی جانب سے اس فلم کا پوسٹر شیئر کیا گیا تو اس پوسٹر کو دیکھ کر زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی اور کہا کہ طلاق کے بعد ایک ساتھ کام کرکے سائرہ اور شہروز پاکستان میں مغرب کی ثقافت کی تشہیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ کچھ کی جانب سے سائرہ کی تعریفیں بھی کی گئیں۔

یاد رہے کہ سائرہ یوسف نے  اکتوبر 2012 میں اداکار شہروز سبزواری سے پسند کی شادی کی تھی۔2014 میں ان کے ہاں بیٹی نورے پیدا ہوئی۔ تاہم دسمبر 2019 میں اچانک میاں بیوی میں اختلافات کی خبریں سامنے آئٰیں اور فروری 2020 میں دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنی طلاق کا اعلان کردیا تھا۔ بعدازاں شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں ماڈل و اداکارہ صدف کنول سے شادی کرلی اور گزشتہ برس اگست میں ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *