پاکستان کی خوبرو اداکارہ صبا قمر کا شمار اُن چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنی بھرپور ایکٹینگ سے کردار میں جان ڈالنے کا فن باخوبی جانتی ہیں۔ لیکن ڈراموں میں مضبوط کردار ادا کرنے والی یہ خوبصورت اداکارہ اپنی حقیقی زندگی میں عشق میں ناکامی کا سامنا کرچکی ہیں۔ اس بات کا اعتراف صبا قمر نے خود ایک انٹرویو میں کیا اور بتایا کہ انہوں نے ایک شخص کے لئے اپنی زندگی کے 8 سال ضائع کردئیے اور اس شخص نے انہیں بغیر بتائے شادی کرلی۔
اس کی شادی کی خبر بھی فیس بک کے ذریعے ملی ۔بعد ازاں گزشتہ برس صبا قمر کا نام آسٹریلیا میں مقیم بلاگر عظیم خان کے ساتھ جڑا اور دونوں نے شادی کرنے کا اعلان بھی کیا تاہم عظیم خان پر لڑکیوں کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات لگنے پر اداکارہ نے شادی کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔
اب دوبارہ صبا قمر نے جلد رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں ایک شخص ہے اور جلد ہی ان کے مداح اور میڈیا اس کے متعلق جان جائیں گے۔ اداکارہ نے نجی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ جلد اس شخص سے شادی کرنے والی ہیں جس کے دئیے ہوئے پھولوں کی ویڈیوز وہ اکثر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ مذکورہ انٹرویو میں میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ کو اتنے پھول کون دیتا ہے؟ کیونکہ پاکستانی مرد تو ایک ہی پھول دے سکتے ہیں ، جیسا آپ کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے اتنے پھول تو کوئی پاکستانی مرد نہیں دے گا ان کا اتنا بجٹ نہیں ہے۔
جس پر اداکارہ کو اپنی محبت کی تفصیلات دینی پڑیں اور انہوں نے کہا کہ یہ شخص پاکستانی نہیں ہے اس لیے پاکستانی مردوں کو اس کی تحفہ دینے کی صلاحیتوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ جس پر اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ آپ کب شادی کریں گی؟ تو اس سوال پر انہوں نے شرماتے ہوئے کہا کہ جیسے حالات چل رہے ہیں لگ رہا ہے کہ بہت جلد ہی کچھ ہونے والا ہے۔ ہاتھوں پر مہندی سجانے اور شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر صبا قمر نے شرماتے ہوئے شرارتی انداز میں بتایا کہ جلد ہی وہ دن آئے گا جس کا لوگوں کو انتظار ہے۔ تاہم دوران انٹرویو اداکارہ نے اپنے اس پسندیدہ شخص کی شناخت بتانے سے گریز کیا۔
خیال رہے کہ صبا قمر گزشتہ کئی دنوں سے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ ایسی ویڈیوز پوسٹ کررہی ہیں جن میں ان کے ساتھ کوئی شخص موجود ہے مگر اس کا چہرہ نہیں دیکھایا جارہا، اس شخص نے اداکارہ کو بے شمار پھول بھی تحفے میں دیئے ہیں جس پر اداکارہ بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔ نیز صبا قمر نے اپنی سالگرہ پر بھی ایک ویڈیو پوسٹ کرچکی ہیں جس میں اس شخص کی جانب سے ان کو خوبصورت تحائف دیئے گئے جس پر انہوں نے اس پوسٹ کے کیپشن میں ’’مائی شانو‘‘ لکھ کر شکریہ بھی ادا کیا۔
علاوہ ازیں، حالیہ دنوں میں صبا قمر کا ایک ویڈیو کلپ بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا جس میں میزبان کی جانب سے اداکارہ سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ کی زندگی میں رومانس ہے، میزبان کا یہ پوچھنا تھا کہ صبا قمر کے گال لال اور چہرہ خوشی سے کھِل اٹھا۔ انہوں نے جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ اُن کی زندگی میں ایک نیا شخص آ چکا ہے مگر وہ بتائیں گی نہیں، یہ راز ہے اور پوشیدہ ہے، اُن کا کہنا تھا کہ زندگی میں رومانس اور ایک خاص شخص کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے۔
0 Comments