سال 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے شوبز ستارے


0

یہ سال اپنی اچھی اور بری یادوں کے ساتھ اختتام کی جانب رواں دواں ہے۔ تاریخ میں یہ برس ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اس کی سب سے اہم وجہ چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں پھیل گیا جس کے سبب پورا سال معمولات زندگی متاثر رہیں۔ لیکن زندگی کسی کے لئے روکتی نہیں بلکہ آگے بڑھتی رہتی ہے اس لئے اس سال زندگی کا کارواں سست ہی سہی لیکن چلتا رہا۔

شوبز کی دنیا کی بات کریں تو کورونا کی وباء کے دوران بہت سے شوبز ستاروں کی راہیں جدا ہوئیں اور کئی ستارے لاک ڈاؤن کے دوران ازدواجی بندھن میں بندھتے دکھائی دیئے۔ تاریخ کے اس یادگار سال 2020 میں پاکستان کی کون سی مشہور شوبز شخصیات شادی کے بندھن میں بندھیں جانتے ہیں۔

احد رضا میر اور سجل

Image Source: Siasat.pk

شائقین کی پسندیدہ جوڑی احد اور سجل حقیقی زندگی میں ایک دوسرے کے جیون ساتھی بن گئے۔“یقین کا سفر” اور “ یہ دل میرا” میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دیکھانے والی یہ جوڑی ابوظہبی میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں سادہ سی تقریب میں نکاح کے بندھن میں بندھ گئی۔ نکاح کی تقریب کے فوراً بعد ہی “احد کی شادی”سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔

منظر صہبائی اور ثمینہ احمد

Image Source: Tribune.com.pk

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی مقبول ترین 70 سالہ اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ان کی نکاح کی تقریب لاہور میں سادگی سے انجام پائی جس میں صرف ان کے گھر والوں نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کی اس مشکل ترین صورتحال میں یہ خبر ہوا کا ٹھنڈا جھونکا ثابت ہوئی اور دونوں اداکارؤں کو سوشل میڈیا پر خوب مبادکبادیں پیش کی گئیں۔

آغاعلی اور حنا الطاف

Image Source: hipinpakistan.com

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی شوخ وچنچل اداکارہ حنا الطاف اداکار آغا علی کے ساتھ رواں برس لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھیں۔ شادی کی تقریب سادگی سے ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ حنا الطاف سے شادی سے قبل آغا علی کا اداکارہ سارہ خان کے ساتھ کپل سوشل میڈیا پر کافی مقبول رہا تھا۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول

Image Source: gulfnews.com

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی رواں برس علیحدگی نے جہاں لوگوں کو افسردہ کر دیا وہیں شہروز سبزواری کی ماڈل صدف کنول سے شادی نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا اور ناقدین نے شہروز سبزواری کو دوسری شادی کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور اس جوڑے کے شادی سے قبل تعلقات کا بھی سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا۔ لیکن اس تمام تر صورتحال میں سائرہ یوسف بالکل خاموش رہیں اور انہوں نے اس علیحدگی پر کہیں بھی اپنا کوئی موقف پیش نہیں کیا۔

دانیال راحیل اور فریال محمود

Image Source: dailypakistan.com.pk

پاکستانی اداکار دانیال راحیل اور فریال محمود نے بھی اس سال سادگی کے ساتھ خاموشی سے شادی کرکے شائقین کو حیران کردیا۔ یہ شادی لاہور میں سادگی کے ساتھ گھریلو افراد کی موجودگی میں انجام پائی۔

فلک شبیر اور سارہ خان

Image Source: Geo.tv

“ثبات“ ڈرامے میں منفی کردار ادا کرنے پر شائقین میں مقبول ہونے والی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ سارہ خان گلوکار فلک شبیر کی شریک حیات بن گئیں۔ پہلے منگنی پھر گلوکار فلک شبیر اور سارہ خان کا نکاح، اس شادی کی اچھی بات یہ تھی کہ چند دن میں ہی تمام تقاریب انجام پاگئیں۔ اس جوڑے کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔

عمر فاروقی اور آمنہ شیخ

Image Source: Baaghitv.com

محب مرزا کی سابقہ اہلیہ اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ نے بھی معروف بزنس مین عمر فاروقی کے ساتھ دوسری شادی کرلی۔ آمنہ شیخ نے پہلے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انگوٹھی کی تصویر لگائی جس پر قیاس آرائیوں کے بعد انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے شوہر عمر فاروقی اور اپنی بیٹی کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں۔

عمیر جسوال اور ثناء جاوید

Image Source: Tribune.com.pk

شوبز انڈسٹری کی ٹیلینٹڈ وخوبرو ادکارہ ثناء جاوید نے اکتوبر میں گلوکار عمیر جسوال کو اپنا جیون  ساتھی بنالیا۔ ثناء جاوید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سادہ سی شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی شادی کی اطلاع دی۔ شادی سے قبل بھی ان کا نام عمیر جسوال کے ساتھ جوڑا گیا تھا لیکن انہوں نے اس کی نفی کردی دی تھی تاہم کچھ ہی دنوں بعد اس جوڑے کی شادی کی خبر سامنے آگئی۔

رباب ہاشم اور صہیب شمشاد

Image Source: Instagram

“میرے محسن “ ڈرامہ کی نازک وپیاری سی اداکارہ رباب ہاشم نے صہیب شمشاد کے ساتھ ماہِ نومبر میں شادی کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔ رباب ہاشم نے میڈیا میں اپنے کیرئیر کا آغاز میزبانی سے کیا اور پھر اداکاری کی جانب آئیں اور کئی ڈراموں میں ایکٹینگ کرکے شائقین سے داد سمیٹی۔ رباب ہاشم کی اپنے دولہا کے ہمراہ مہندی اور نکاح کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *