ریسٹورنٹ اسٹاف کو خاتون سے ویکسینیشن کارڈ مانگنا مہنگا پڑگیا


0

کراچی کے مقامی ریسٹورنٹ کے عملے کو ایک ماڈرن خاتون سے ماسک پہننے اور کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ مانگنا مہنگا پڑ گیا ، خاتون نے اسٹاف سے بدتمیزی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

یہ واقعہ ڈیفنس میں واقع ریسٹورنٹ ٹیسٹ کِچن بائے اوکرا میں پیش آیا ، ایک ماڈرن خاتون بغیر ماسک پہنے ریسٹورنٹ میں آئیں تو شیف نے پہلے ان سے ماسک پہننے کی درخواست کی جسے انہوں نے نظر انداز کیا اور اس کے بعد جب ان سے کورونا کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ مانگا گیا تو خاتون غصے سے بھڑک اٹھیں۔

Image Source: Forbes

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماسک پہنے ایک خاتون شیف پر چیخ رہی ہے۔ جبکہ دوسری خاتون اپنے موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے چیختے ہوئے بولتی ہیں کہ “آپ آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ، یہ میری نجی طبی معلومات ہے۔ آپ کون ہیں جو مجھ سے میرے ویکسینیشن کارڈ کے بارے میں پوچھ رہے ہیں؟” یہ خاتون شیف کو ماسک پہننے پر “بیوقوف” کہنے کے بعد ایک میز سے اپنا سامان اٹھاتے ہوئے شیف کو دھمکاتے ہوئے کہتی ہیں کہ میں “ہیومن رائٹس ایکٹویسٹ ہوں”اور وہاں سے چلی جاتی ہیں۔

تاہم ، اس پوری کارروائی کے دوران ریسٹورنٹ کا عملہ پرسکون رہتا ہے اور خواتین سے کوئی بدتمیزی نہیں کرتا۔

خیال رہے کہ ہوٹل انتظامیہ کا کسٹمر سے ویکسینیشن کارڈ مانگنا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 15 ستمبر کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ، صرف ویکسین شدہ افراد کو ہوٹل کے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت ہے اور ان کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے ویکسینیشن کارڈ اور سرٹیفکیٹ اپنے ساتھ رکھیں۔

ریسٹورنٹ کے عملے سے خاتون کے اس غیر مہذبانہ گفتگو کی ویڈیو وائرل ہونے پر متعدد ٹوئٹر صارفین نے ریسٹورنٹ کے اسٹاف کے ساتھ خاتون کے رویے کی شدید مذمت کی ہے اور کئی لوگوں نے خاتون کی بدتمیزی اور سخت جملوں کے باوجود ریسٹورنٹ اسٹاف کے پُرسکون رہنے پر ان کی تعریف بھی کی۔

معروف کامیڈین، گلوکار، اداکار و میزبان علی گل پیر نے بھی اس واقعے پر پیروڈی ویڈیو بنادی۔ علی گُل پیر کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہی ہے، اُن کی ویڈیو کے ساتھ اصل ویڈیو بھی شیئر کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں : شینیرا اکرم نے کینولی کیفے کی مالکان کو بڑا چیلنج دے دیا

اس سے قبل اسلام آباد کے ایک اعلیٰ پایہ ریسٹورنٹ ”کینولی کیفے سول” کی خاتون مالکان نے اپنے مینجر کو روانی سے “انگریزی”نہ بولنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ماڈرن خواتین کے ہاتھوں مینجر کی بے عزتی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہوئی تھی اور عام صارفین کے علاوہ شنیرہ اکرم ، علی گل پیر اور شفاعت علی سمیت دیگر نے بھی اس ویڈیو پرٹوئٹ کیا تھا اور سوشل میڈیا صارفین نے اس تحضیک آمیز ویڈیو پر “بائےکاٹ کینولی” کا ٹرینڈ بھی چلایا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *