مشی خان اور ریحام خان کی تکرار میں منیب بٹ نے انٹری دیدی


0

عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک عمل میں آنے کے بعد سے ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان ان کی مخالفت میں میدان میں اتر آئی ہیں اور متعدد بار ان کو تنقید کا نشانہ بناچکی ہیں بلکہ انہوں نے تو عمران خان کے حمایتی شوبز فنکاروں کو بھی نہیں چھوڑا اور ان کو بھی مسلسل تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ اسی تناظر میں ریحام خان اور اداکارہ مشی خان کے درمیان طنز و تکرار کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب اداکار منیب بٹ نے بھی انٹری دیدی ہے اور اس معاملے میں مشی خان کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ریحام خان نے کہا تھا کہ’یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ وہ اداکار جن کی ہم آن اسکرین ٹیلنٹ کی وجہ سے عزت کرتے ہیں وہ بےشرمی کے ساتھ اس فاشسٹ اقتدار کی آواز بنے ہوئے ہیں جو بس اپنے جانے کے راستے پر ہے۔ ریحام خان نے مزید لکھا کہ ان تمام اداکاروں نے کپتان سے اپنے فلمی پروجیکٹس کے لیے بھاری سرمایہ کاری حاصل کی’۔

Image Source: Twitter

ان کی اس ٹوئٹ پر اداکار منیب بٹ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘آپ نے اپنی فلم ‘جانان’ کے لیے بھاری سرمایہ کاری حاصل کی’۔ منیب بٹ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ فلم کے سیٹ کا فرنیچر تک انہوں نے عمران خان کا نام استعمال کر کے لوگوں سے مفت میں لیا۔

Image Source: File

منیب بٹ کے علاوہ میزبان و اداکارہ مشی خان نے بھی ریحام خان کی تنقید کے جواب میں ان کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ان کی ایک ٹوئٹ کے جواب میں کہا تھا کہ ‘اُنہوں نے ابھی ریحام خان صاحبہ کا ایک ٹوئٹ پڑھا جس میں یہ لکھا ہے کہ ‘یہ ممّی ڈیڈی اداکار جو عمران خان کی حکومت جانے پر جو احتجاج کررہے ہیں یہی احتجاج اگر کشمیر کے عوام کے لیے کرلیتے تو کیا ہی بات تھی’۔

چنانچہ مشی خان نے ریحام خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘تو کشمیر کے لیے احتجاج آپ کرلیتی ناں، آپ کس بات کا انتظار کررہی ہیں، اب آپ نے سر پر دوپٹہ لے لیا ہے تو آپ کو کشمیر یاد آگیا ہے، ہمیں شکر الحمداللہ کشمیر یاد ہے اور ہم اس کے لیے آواز بھی اُٹھاتے ہیں’۔

مشی خان کی اس بھرپور تنقید کے جواب میں ریحام خان نے لکھا کہ ’یہ وہی ہے ناں عمران خان کی دوست جسے میں نے اپنی فلم ’جانان‘ میں پھپھو کا کردار دیا تھا؟‘ جس کے بعد مشی خان نے اُنہیں ایک بار پھر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘جی بالکل، میں نے فلم جانان میں پھپھو کا کردار ادا کیا تھاجوکہ لوگوں نے بہت پسند کیا اور وہ میرا کام ہے’۔اُنہوں نے مزید کہا کہ’اگر آپ نے مجھے اس وقت کاسٹ کیا جب آپ تھیں پروڈیوسر، عمران خان صاحب سے آپ کی شادی ہوئی تھی فلم کے فرسٹ اسپیل کے دوران اور 6 ماہ بعد آپ کی علیحدگی ہوگئی، ابھی آپ جاکر دیکھیں کہیں بھی آپ کا نام نہیں ہے’۔

اُنہوں نے ریحام خان کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ‘اور دوسری چیز یہ کہ آپ مجھے کہہ رہی ہیں کہ عمران خان صاحب کی دوست ہوں تو میں بالکل بھی عمران خان کی دوست نہیں ہوں بلکہ میں ان کی پرستار ہوں اور اب سے نہیں، کرکٹ کے زمانے سے ہوں‘۔ اُنہوں نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ ’اگر میں عمران خان صاحب کی دوست ہوتی تو پھر میں بنی گالہ میں ہوتی اور آپ لندن میں ہوتیں’۔

اسی بات منیب بٹ نے اپنی ٹوئٹ میں ریحام خان کے پرانے ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ‘آپ نے فلم جانان کی کسی سرمایہ کاری یا منافع کو ہاتھ نہیں لگایا لیکن پھر بھی آپ نے کہا کہ مشی کو آپ نے اپنی فلم میں پھپھو کے کردار میں کاسٹ کیا تھا’۔ منیب بٹ نے ایک مشہور کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ‘چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سے نہ جائے’۔ منیب بٹ نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ ‘وہ ایک سیریل’ ناگن ‘ بنانے کا ارادہ کر رہے ہیں جس کے مرکزی کردار کے لیے ریحام خان کو کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔’

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں عمران خان نے قوم سے خطاب کے لئے ٹی وی چینلز، یا جلسے کی بجائے ٹوئٹر کا انتخاب کیا اور پہلی بار ہی ٹوئٹر اسپیس پر مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ عمران خان کی اسپیس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد ایک وقت میں 1لاکھ 65 ہزار تک پہنچ گئی تھی جو ٹوئٹر کی اسپیس کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *