پاور بریک ڈاؤن سے موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی متاثر، صارفین پریشان


0

آج صبح نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث کراچی سے لیکر اسلام آباد تک تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔ بجلی کے اس بریک ڈاون کے بعد موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی متاثر ہوئیں، کئی موبائل فون کمپنیوں کےسگنل نہ آنے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی موبائل فون کمپنیوں کے صارفین کی جانب سے متعلقہ کمپنیوں کو ٹیگ کرکے شکایات بتائی گئیں جبکہ سروسز کی بحالی کے بارے میں سوالات بھی پوچھے گئے۔

Image Source: Unsplash

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاور بریک ڈاؤن کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیز کو سروسز جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا رہا۔تاہم اس حوالے سے ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ صبح سے موبائل نیٹ ورک تنصیبات بیک اپ پاور پر چلائی جارہی ہیں، زیادہ طویل وقت تک بیک اپ پاور پر نیٹ ورک نہیں چل سکتا۔ واضح رہے کہ ٹرانسمیشن لائن اور پاور پلانٹ کے درمیان رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوئینسی کم ہوئی جس کے باعث کیسکیڈنگ ہوئی اور ایک کے بعد ایک پاور پلانٹ ٹرپ ہوگئے۔ بجلی معطلی کی دیگر وجوہات اور مسائل کا تعین کیا جارہا ہے۔

Image Source: Unsplash

تاہم، اس حوالے سے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج صبح 7:34 پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا، سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے‘۔ جبکہ وفاقی وزیر توانائی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ملک بھر میں رات 10 بجے تک بجلی بحال کردی جائے گی۔

Image Source: Unsplash

دوسری طرف، وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کے تعطل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم اور وفاقی وزیر سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کا اتنا بڑا بحران پیدا ہونے کی وجوہات سے آگاہ اور اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے ملک میں بجلی کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: توانائی کا عالمی بحران، دنیا کے دیگر ممالک بجلی کی بچت کیسے کر رہے ہیں؟ 

خیال رہے کہ بجلی کے اس بڑے بریک ڈاؤن کے سبب کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے ناصرف عدالتوں اور سرکاری دفاتر اور اسپتالوں کا کام متاثر ہوا جبکہ بجلی نہ ہونے کے باعث بینکوں اور موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود اب تک بجلی فراہم نہیں کی جاسکی ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *