کراچی : پولیس نے شہریوں کو لوٹنے والے 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا


-1

شہر قائد کے علاقے سمن آباد میں شہریوں کو لائن لگا کر لوٹنے والے تین ڈاکوؤں کو عزیز بھٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر گرفتار کرلیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او عزیز بھٹی عدیل افضال نے بتایا کہ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت محمد سلیم، اکبر خان اور عبدالرؤف کے نام سے کی گئی جنہوں نے منگل کو سمن آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 18 میں شہریوں سے نہ صرف لوٹ مار کے دوران نقدی اور موبائل فون چھینے تھے بلکہ ایک شہری کی موٹر سائیکل بھی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ ڈاکوؤں کا 3 رکنی گروہ عزیز بھٹی کے علاقے میں موجود ہے جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے 3 پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

بعدازاں اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہوئی تھی۔

اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈاکو انتہائی شاطر ہیں جو ایک ڈسٹرکٹ کی واردات کرنے کے بعد دوسرے ڈسٹرکٹ میں جاکر وارداتیں کرنے لگتے ہیں۔ عزیز بھٹی پولیس نے گرفتار تینوں ڈاکوؤں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سمن آباد پولیس کے حوالے کردیا۔

دریں اثنا، عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کا جن ایک بار پھر بے قابو ہوگیا ہے، ان وارداتوں میں ڈاکو اسلحے کے زور پر گلیوں اور گھر کے باہر سے لوٹ مار کرکے فرار ہوجاتے ہیں اور ان واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے باعث شہریوں کا گھروں سے یا عوامی مقامات پر احساس تحفظ کے ساتھ نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔

ایک رپورٹ میں کراچی میں رواں برس ہونے والی اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتیوں کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے آئی ہے، جس کے مطابق رواں سال اسٹریٹ کرائمز کی 56 ہزار 500 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، ان وارداتوں میں مزاحمت پر 58 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں 269 افراد زخمی ہوئے، 19 ہزار موبائل فون چھینے گئے۔کراچی میں چھینی گئی گاڑیوں کی تعداد 104 ہے جبکہ 35 ہزارموٹرسائکلیں چھینی گئی اور 1383 گاڑیاں چوری کی گئیں۔جبکہ اس سال گھروں میں ڈکیتی کی 303 وارداتوں میں کروڑوں روپے کا سامان لوٹا گیا۔

مزید برآں، ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کریں۔


Like it? Share with your friends!

-1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *