انٹرنیٹ پر وائرل پاکستانی میم ‘فرینڈ شپ اینڈ ود مدثر’


0

انٹرنیٹ کی دنیا ایسی دلچسپ جگہ ہے جہاں ایک بار کوئی چیز آجائے تو وہ کبھی ختم نہیں ہوسکتی، چاہے کتنے ہی سال کیوں نہ گزر جائیں، وہ پلٹ کر واپس ضرور آجاتی ہے۔ ایسا ہی کچھ پاکستانی نوجوان محمد آصف رضا کے ساتھ بھی ہوا ہے، پاکستان میں ان کی مشہور ترین میم ‘فرینڈ شپ اینڈ ود مدثر’ عالمی شہرت کے باعث ایک آن لائن پلیٹ فارم پر لاکھوں روپوں میں فروخت ہوگئی ہے۔

پاکستان کے اس پہلی وائرل میم کا این ایف ٹی گزشتہ روز 20 ایتھریئم میں نیلام ہوگیا۔ یہ مالیت 51 ہزار 244 امریکی ڈالر یعنی 83 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے جتنی بنتی ہے۔ یہ میم 13 ستمبر 2015 کو گوجرانوالہ کے محمد آصف رضا نے فیس بک پر پوسٹ کیا تھا، جس کو ایڈوب فوٹو شاپ پر بنایا گیا ہے اور اس میں تین تصویروں کے علاوہ ایک انگریزی عبارت بھی دیکھی جاسکتی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ مدثر کے ساتھ دوستی ختم، اب سلمان میرا بہترین دوست ہے۔اس تصویر میں دو لڑکے آپس میں ہاتھ ملا رہے ہیں جب کہ نچلے حصے میں تیسرے لڑکے کی دو تصویریں ہیں جنہیں سبز لکیروں سے کاٹ دیا گیا ہے۔

Image Source: Facebook

سوشل میڈیا پر یہ معمولی سا مذاق اتنا وائرل ہوا کہ اس پر 47 ہزار لوگوں نے ری ایکٹ کیا، 56 ہزار لوگوں نے اسے شیئر کیا اور فیس بک پر 27 ہزار لوگوں نے اس کے نیچے اپنے تبصرے پوسٹ کیے۔ اس میم سے محمد آصف رضا کو عالمی شہرت بھی ملی جس میں یوٹیوب اور ٹوئٹر پر صارفین ان کے میم سے متاثر ہوکر مواد تیار کرتے رہے۔ چنانچہ حال ہی میں محمد آصف رضا نے اسے فاؤنڈیشن نامی این ایف ٹی پلیٹ فارم پر نیلامی کے لیے پیش کیا تھا۔

این ایف ٹی نیلام کرنے والی ویب سائٹ “فاؤنڈیشن ڈاٹ ایپ” کے مطابق پرانی دوستی کے خاتمے اور نئی دوستی کی ابتداء کو سادہ انداز میں بیان کرتا ہوا یہ میم اس قدر مقبول ہوا کہ فیس بُک پر اسے 47 ہزار لائکس ملے، اس پر 27 ہزار تبصرے کیے گئے جبکہ یہ 56 ہزار مرتبہ شیئر کیا گیا۔ اس این ایف ٹی کا خریدار ’’فورموسا‘‘ نامی صارف ہے جس نے اس میم کے خالق کو لکھ پتی بنا دیا ہے۔ جب کہ پاکستان کے اس پہلی سب سے زیادہ وائرل ہونے والے اس میم کی شہرت ساری دنیا میں پھیل گئی اور اس کی طرز پر عالمی سیاست سے لے کر شوبز اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جاری چپقلش تک، درجنوں مزید میمز بنائے گئے۔

علاوہ ازیں ، عالمی شہرت یافتہ اس میم کی فروخت پر محمد آصف رضا نے فیس بُک پر اپنے دوستوں سلمان اور مدثر کے ساتھ ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ تینوں اب بھی گہرے دوست ہیں۔ ویڈیو میں آصف کا کہنا تھا کہ وہ اپنے یہ پیسے انہی دوستوں کے ساتھ بانٹیں گے نیز انہوں نے اس رقم سے اپنا گھر بنانے اور گاڑی خریدنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ آصف نے مزید بتایا کہ 2015 کے بعد صرف یہ تبدیلی آئی ہے کہ ان کی اور مدثر کی شادی ہوچکی ہے مگر سلمان کے لیے لڑکی کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے میچ کے دوران پاکستانی مداح صارم کی مایوسی کی حالت میں کھینچی گئی تصویر کو ہانگ کانگ کے “میوزیم آف میمز” کا حصہ بنا دیا گیا۔ دراصل صارم کی اس مایوسی کی وجہ 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی فیلڈر آصف علی جانب سے ڈیوڈ وارنر کا کیچ گرایا جانا تھا۔ یوں تو میدان میں موجود ہزاروں پاکستانی مداحوں نے اس کیچ پر مایوسی کا اظہار کیا تھا، تاہم صارم پر کمیرہ رک گیا، اور ان کی یہ ویڈیو ریکارڈ ہوگئی۔ ان کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیلا اور وائرل ہوگیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *