سنجو بابا اور پرویز مشرف کی ملاقات کی تصویر وائرل ہوگئی


0

سوشل میڈیا ایک ایسا طاقتور پلیٹ فارم ہے جس پر کوئی چیز چھپ نہیں سکتی ، خبریں ہوں یا تصویریں اگرایک بار منظر عام پر آجائیں تو پھر جنگل میں آگ کی طرح پھیلتی ہیں اور تیزی سے وائرل ہوکر ٹاپ ٹرینڈ بن جاتی ہیں۔جیسکہ آج کل سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجو بابا یعنی سنجے دت اور پاکستان کے سابق آرمی چیف اور صدر ریٹائرڈ پرویز مشرف کی تصویر وائرل ہورہی ہے۔

مذکورہ تصویر میں سابق صدر کو وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ سنجے دت ان کے برابر میں کھڑے ہوکر کچھ بات کررہے ہیں اور ان دونوں نے جم کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔اس تصویر میں سابق آرمی چیف انتہائی کمزور اور علیل نظر آرہے ہیں۔سنجے دت اور پرویز مشرف کے علاوہ اس تصویر میں ایک اور نامعلوم شخص بھی کھڑا ہوا ہے جو کہ سنجو باباکے بات کرنے پر مسکراتا ہوا نظر آرہا ہے۔تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ سنجے دت وہاں موجود کسی ایسے شخص سے بات کررہے ہیں جو کہ تصویر میں نظر نہیں آرہا اور ان کی بات کے دوران پرویز مشرف انہیں دیکھ رہے ہیں۔

تصویر میں دونوں نے جم کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں فوٹوسوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر یہ تصویر مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر مشتاق منہاس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جودیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف تبصروں کے ساتھ گردش کرنے لگی۔

اس مبینہ ملاقات کے حوالے سے یہ خبریں ہیں کہ دونوں کے درمیان یہ ملاقات متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دبئی کے جیم میں اچانک ہوئی، جہاں مذکورہ تصویر لی گئی۔تاہم ان دونوں شخصیات کی جانب سے اس ملاقات کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی اور نہ ہی دونوں شخصیات کے آفیشل سوشل میڈیا  اکاؤنٹس پر یہ تصویر سامنے آئی ہے جبکہ ابھی تک اس بات کی بھی وضاحت نہیں ہوسکی ہے کہ مذکورہ تصویر اصلی ہے یا جعلی؟

دوسری جانب، اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد دونوں ممالک کے لوگوں کی جانب سے دلچسپ کمنٹس کیے جارہے ہیں۔تاہم بھارتی اس ملاقات پر سیخ پا ہیں ، اس حوالے سے ایک بھارتی نیوز ایجنسی نے مذکورہ تصویر کے حوالے سے یہ خبر شائع کی کہ سنجے دت اور پرویز مشرف کی ملاقات کی خبریں زیر گردش ہیں اور ان کی ایک غیر تصدیق شدہ تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ جبکہ بھارتی صارفین کو تو یہ ملاقات ایک آنکھ نہ بھائی اسی لیے انہوں نے سنجے دت کی دشمن ملک کے سابق فوجی سربراہ سے ملاقات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کے خلاف کارروائی کی اپیل بھی کردی ہے۔

یاد رہے کہ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے اور بعدازاں ان کی کیموتھراپی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں جس کے بعد انہوں نے خود کینسر کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔ اس خبر کے تقریباً ایک سال بعد انہوں نے اس موذی مرض کو شکست دیکر مداحوں کو حیران کردیا تھا۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ ماہ ان کی بیماری کے باعث ان کے خاندان پر کافی مشکل گزرے ہیں۔ تاہم وہ اب اس بیماری سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہوں نے فاتحانہ انداز میں بیماری کو شکست دے دی ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *