کنٹرولر مالا کنڈ بیٹے کو امتحانات میں نقل کروانے پر عہدے سے برطرف


0

خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے کنٹرولر کو امتحانات میں بیٹے کو نقل کی شکایات پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں مبینہ طور پر کنٹرولر کے بیٹے کو الگ کمرے میں نقل کرتے ہوئے دکھایا گیا اور نقل کرانے کے لئے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔ اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میٹرک امتحان میں کنٹرولر مالاکنڈ بورڈ کے بیٹے کو نقل کرانے کا خصوصی انتظام کیا گیا۔

Image Source: Screengrab

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کنٹرولر مالاکنڈ تعلیمی بورڈ کو محکمہ تعلیم رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق سیکرٹری مالاکنڈ تعلیمی بورڈ کو کنٹرولر کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا ہے۔

Image Source: Screengrab

واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملاکنڈ بورڈ کے کنٹرولر اور نقل پر اس کے بیٹے کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ، انہوں نے کنٹرولر کو امتحان جب کہ متعلقہ سپرنٹنڈنٹ کو ڈیوٹی سے الگ کردینے اور انکوائری کا حکم دیا اور مزید کارروائی کے لئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی۔

Image Source: Screengrab

شہرام خان ترکئی نے بیان میں کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی، میرٹ کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ، میڈیا اور ان تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو اس طرح کے کاموں کی نشاندہی کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امتحان کنٹرولر کو مزید کارروائی کیلئے فوری ایجوکیشن ہیڈ آفس میں طلب کیا گیا ہے۔ انکوائری شروع ہو چکی ہے، اور جلد ہی انہیں مثالی سزا ملےگی۔ اس طرح کےطریقے اپنا کر طلبا اپنے ہی مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ یہ انتہائی غیر اخلاقی اور نا قابل برداشت کام ہے۔ میرٹ کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک امتحانی کمرے کا دروازہ بند تھا۔دروازے کو کھولنے پر کمرے میں ایک اکیلا طالب علم نوٹس اور کتاب سامنے رکھ کر بیٹھا ہوا ہے اور استاد کی مدد سے پرچہ حل کررہا ہے۔ یہ طالب علم کنٹرولر تعلیمی بورڈ مالا کنڈ کا بیٹا ہے جس کے لیے الگ کمرے میں امتحان دینے اور نقل کرنے کے انتظامات کیئے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: آن لائن امتحانات کا انعقاد کا مطالبہ زور پکڑ گیا

دیکھا گیا ہے کہ ہر سال امتحانات شروع ہونے سے قبل انتظامیہ کی جانب سے نقل کلچر کی روک تھام کے لیے بلند و بانگ دعوے تو ضرور کیے جاتے ہیں لیکن نتیجہ پچھلے برس سے بھی برا ہوتا ہے، ہر سال نقل کے نت نئے طریقے ایجاد ہوجاتے ہیں، طالب علم کھلے عام نقل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔سندھ کے شہر لاڑکانہ میں نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کے لیے موبائل فونز کا استعمال کھلے عام کیا جارہا ہے جب کہ نقل کی روک تھام کے لیے تشکیل کردہ چھاپہ مار ٹیمیں اور اساتذہ نقل کی روک تھام میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ ضلعی افسران میں سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز نے مکمل لاتعلقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امتحانی مراکز کا دورہ تک نہیں کیا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *