مرد اپنی نگاہیں نیچی رکھیں ، حمزہ علی عباسی


0

شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سماجی مسائل اور بے راہ روی جیسے موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کردیا۔

اداکار نے کہا کہ مرد اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اس سے قطع نظر کہ عورت کیا پہن رہی ہے یا کررہی ہے، عورت کو بھی اللہ کے سامنے اپنے رہن سہن، لباس اور رویے کا حساب دینا ہے۔

Image Source: Facebook

اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا کہ اخلاقی اصلاح میں اب تک کا سفر کافی مشکل تھا، اپنی اصلاح میں بنیادی رکاوٹ میں خود تھا، میرے لیے سب سے مشکل کام اپنے جذبات اور خواہشات کے خلاف جانا تھا۔ اداکار نے کہا کہ آپ کو بہت کچھ ترک کرنا پڑتا ہے، میری طرز زندگی ایسی تھی جس میں ہر وہ چیز ہوتی ہے جو خدا ہماری زندگی میں پسند نہیں کرتا۔

دوران گفتگو وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس سے متعلق حالیہ بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ اسلام مرد کو عورت پر تشدد کرنے کی اجازت نہیں دیتا، قرآن اور سنت کے مطابق مردوں اور عورتوں کے لیے علیحدہ علیحدہ احکامات ہیں۔ اداکار نے کہا کہ مردوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اس سے قطع نظر ہو کر کہ عورت نے کیا پہن رکھا ہے اور وہ کیا کر رہی ہے اور اس سے بھی قطع نظر ہوکر کہ معاشرے میں کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جس چیز کے بارے میں بات کی لوگوں نے اس پورے بیان سے صرف ایک لائن پر تبصرہ شروع کردیا، وزیراعظم نے جو کہا وہ ایک طرح سے درست تھا، ہمارا معاشرہ ایسا نہیں ہے جہاں خواہشات کو نائٹ کلب اور سٹرپ کلب کے ذریعے قابو کیا جاسکے اور سرعام ڈیٹنگ یا جنسی تعلقات کو قبول کیا جائے۔

Image Source: Twitter

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کے بیان کا دفاع نہیں کررہا، صرف اپنی وضاحت دے رہا ہوں کہ عورت کو ہراساں اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے اداکار نے کہا کہ عورت کو بھی اپنے رہن سہن، لباس اور رویے کے لیے اللہ کو جواب دینا ہے اس سے قطع نظر ہوکر کہ مرد کیا کر رہے ہیں، خدا کے سامنے مرد یا عورت یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ معاشرے کی وجہ سے ایسے ہوگئے، ہر شخص اپنے اعمال کا حساب دے گا۔

اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں حمزہ علی عباسی نے مرد وعورتوں کے متعلق اہم بیان دیا تھا، جس کی کلپ کافی وائرل ہوئی تھی۔ اس کلپ میں اداکار نے کہا تھا کہ ذاتی زندگی میں کسی بھی مرد پر یہ ذمہ داری عائد نہیں ہوتی کہ وہ عورت کو بتائے کہ وہ کیا پہنے اور کیا نہیں ،میں نے کبھی اپنی بہن کو نہیں کہا کہ یہ پہنوں اور یہ نہیں۔

خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے ‘مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول’ نامی فیچر فلم کی ہدایات بھی دیں۔ وہ ‘وار’، ‘میں ہوں شاہد آفریدی’، ‘جوانی پھر نہیں آنی’ اور ‘پرواز ہے جنون’ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔ اداکار کا پہلا ڈراما ‘میرے درد کو جو زبان ملے’ 2012 میں سامنے آیا، اس کے بعد انہوں نے ‘پیارے افضل’ اور ‘من مائل’ جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا۔ انہوں نے اگست 2019 میں اداکارہ نیمل خاور سے شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں اگست 2020 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: اداکار حمزہ علی عباسی ایک بار پھر آئٹم نمبرز پر برس پڑے

اسی دوران انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، چہ مگوئیاں تھیں کہ انہوں نے مذہب کی خاطر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خیرباد کہا ہے ، تب سے اب تک ان کو کسی بھی ڈرامے، گانے، فلم یا شو میں اداکاری یا میزبانی کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا، البتہ وہ ٹی وی پر انٹرویو دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

Story Courtesy: 23 News


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *