فلم ‘ٹچ بٹن’ کی تشہیری مہم میں فیروز خان اور سونیا حسین کیوں نظر نہیں آرہے؟


0

نئی مصالحہ ایکشن فلم ‘ٹچ بٹن’ کے ہدایتکار قاسم علی اور اس کی پروڈیوسر اداکارہ عروہ حسین ہیں، ریلیز میں مسلسل تاخیر کا شکار ہونیوالی یہ فلم بلآخررواں ماہ کے آخر میں سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ یہ رومانس، کامیڈی، ایکشن اور دلچسپ خاندانی اقدار ہیں ایک ایسی کہانی جس سے ہر شخص خود کو جوڑ سکتا ہے۔ اس فلم میں گلوکار و اداکار فرحان سعید، سونیا حسین، ایمان علی اور فیروز خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے جبکہ آجکل اس کی تشہیر کافی زور و شور سے جاری ہے۔ لیکن تعجب کی بات یہ ہے کہ اُس میں سونیا حسین اور فیروز خان کہیں نظر نہیں آرہے اور اُن کی عدم موجودگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سونیا حسین کی جانب سے فلم کی پروڈیوسر عروہ حسین کو عدم ادائیگی کی وجہ سے ہرجانے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ سونیا حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین کو فلم میں کام کرنے کا معاوضہ نہ دینے پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا دیا۔ اداکارہ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کو مکمل ہوئے دو سال گزر گئے لیکن انہیں تاحال معاوضہ نہیں ملا، جس وجہ سے وہ ذہنی پریشانی کا بھی شکار رہی ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے عروہ حسین کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

Image Source: Instagram

تاہم اس معاملے پر عروہ حسین کا موقف یہ ہے کہ انہیں سونیا حسین کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کوئی علم نہیں اور یہ کہ انہیں یقین ہے کہ سونیا حسین غلط فہمی کا شکار ہوئی ہوں گی، جس سے وہ آپس میں مل کر حل کرلیں گی۔جبکہ اس فلم کے دوسرے ہیرو فیروز خان کی بات کریں تو وہ اس وقت سابقہ اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں فرحان سعید نے دونوں اداکاروں کی عدم موجودگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سونیا حسین ٹریلر کے لانچ کے موقع پر اس لئے نہیں تھیں کیونکہ وہ ایوارڈ کے لئے ٹورنٹو میں تھی اور فیروز خان عمرے کی ادائیگی کی وجہ سے تقریب کا حصہ نہیں بن سکے۔انہوں نے کہا کہ میں نے فیروز سے فلم کی کامیابی کے لئے بھی دعا کرنے کا کہا تھا اور میری یہ خواہش ہے کہ وہ مستقبل میں ہونے والی فلم کی پروموشن کا حصہ بنیں۔سونیا اور فیروز کے مسائل کے حوالے سے فرحان سعید نے کہا کہ مسائل ہر پروجیکٹ میں ہوتے ہیں ، میں اس بات سے اتفاق نہیں کرسکتا کہ کسی پروجیکٹ میں مسائل نہیں ہوتے اور خاص طور پر فلموں کے پروجیکٹ میں تو مسائل ضرور ہوتے ہیں۔

Image Source: Instagram

گزشتہ دنوں اس فلم کی تھیٹریکل ٹریلر لانچ کی تقریب میں عروہ حسین اور فرحان سعید کی جوڑی کئی دنوں کے بعد ایک ساتھ نظر آئی ،ان دونوں کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنواتے دیکھا گیا مگر اس دوران وہ ایک دوسرے کے ساتھ محتاط رویہ اختیار کیے رہے۔جب ان دونوں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ان کے محتاط انداز پر صارفین نے بھی ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔بعض نے دعویٰ کیا کہ ان کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور ’ٹچ بٹن‘ کی ریلیز کے بعد دونوں باضابطہ اعلان بھی کریں گے۔ جبکہ کچھ نے کمنٹس کیے کہ اگر ان دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے تو انہیں بات کو چھپانے کے بجائے اعلان کرنا چاہیے، مداحوں کو پریشان نہ کریں۔اسی طرح بعض لوگوں نے کمنٹس میں دعویٰ کیا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے مگر اس باوجود دونوں فلم کے لیے ایک ساتھ ہوئے، جس سے ان کا پروفیشنل ازم ظاہر ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ اس جوڑے کے درمیان نومبر 2020 میں ابتدائی طور پر اختلافات، بعد ازاں علیحدگی اور پھر طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں اور تب سے لے کر اب تک دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا لیکن 18 اکتوبر کو دونوں فلم کی پروموشن کے دوران اکٹھے ہوئے۔ ان دونوں نے مارچ 2021 میں فلم ساز قاسم علی مرید کی شادی میں شرکت کی تھی مگر وہاں بھی دونوں کو الگ الگ دیکھا گیا تھا اور انہوں نے کوئی گفتگو نہیں کی تھی۔البتہ ان کی طلاق کی خبریں آنے کے بعد عروہ حسین کے والد کی جانب سے اس کو افواہ قرار دیا گیا تھا، تاہم اس باوجود دونوں کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *