وفاقی حکومت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ ‘جھوٹی’ قرار دیدی


0

لندن میں قیام پذیر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی جس کو وفاقی حکومت نے جعلی قرار دیدیا۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی یہ میڈیکل رپورٹ واشنگٹن میں رہنے والے ڈاکٹر شال نے بنائی ہے، جس میں انہوں نے نواز شریف کے بارے میں یہ کہا ہے کہ وہ بہت تناؤ میں ہیں اور ان کی کووڈ-19 کی وجہ سے حالت ایسی نہیں ہے کہ پاکستان کا سفر کریں۔

تاہم وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نواز شریف کی اس میڈیکل رپورٹ کو جھوٹا اور جعلی قرار دیتے ہوئے اس رپورٹ پر عدلیہ سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پاکستان کے عدالتی نظام اور قوانین کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

Image Source: File

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا میں بیٹھا ذاتی معالج، لندن میں موجود نواز شریف کی جعلی میڈیکل رپورٹس بنا رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکی ڈاکٹر کی نواز شریف کی یہ میڈیکل رپورٹ عدالتی نظام اور قانون کا مذاق اڑانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹی رپورٹس سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، میری رائے میں نواز شریف کے لیے سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ وہ پاکستانی عوام سے لوٹی گئی رقم واپس کریں اور پھر لندن میں رہیں۔ سابق وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں صرف ایک چیز غائب تھی کہ نواز شریف کو لندن ہائیڈ پارک میں چہل قدمی کا مشورہ نہیں دیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس میڈیکل رپورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے ان رہنماؤں کے بیانات کو غلط ثابت کردیا ہے جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میاں صاحب واپس پاکستان واپس آئیں۔

دریں اثنا، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ نواز شریف کو اب ایسی بیماری بھی ہوگئی جو خواتین کو ہوتی ہے۔ ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجسٹ کی تیار کردہ میڈیکل رپورٹ میں بالواسطہ طور پر سفارش کی گئی ہے کہ اس کے مریض کو شادی کرلینی چاہیے کیونکہ وہ دل ٹوٹنے کے سنڈروم کا شکار ہے۔

اس میڈیکل رپورٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ نواز شریف کا معائنہ کرنے کے لیے ایک امریکی ڈاکٹر کو لندن کیوں بلایا گیا؟ کیا برطانیہ میں تمام امراض قلب کے ماہرین مرگئے ہیں؟ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ نواز شریف نے ایک پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو لندن اس لئے بلایا کہ خود اس معائنہ کروایا اور پھر اس کی طرف سے اپنی پسند کی میڈیکل رپورٹ بنوائی۔ جھوٹ پر جھوٹ ،آپ کی چالیں اب کام نہیں آئیں گی۔

خیال رہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ انٹروینشنل کارڈیالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیاض شال نے تیار کی ہے اور اسے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے عدالت میں جمع کرایا گیا ہے۔نوازشریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹ میں ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اینجیو گرافی کرائے بغیر لندن سے نہ جائیں، اگر وہ علاج کے بغیر پاکستان گئے توان کی حالت بگڑسکتی ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *