فیصل آباد میں ’شادی سے انکار پر‘ لڑکی پر بہیمانہ تشدد، بال اور بھنویں مونڈ دیں، ملزمان گرفتار


-1

ملک میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں کمی کی بجائے روزبہ روز اضافہ ہو رہا ہے، عدم برداشت کی فضاء نے معاشرے میں جرائم کی لہر پیدا کردی ہے۔ ایسا ہی ایک انسانیت سوز واقعہ فیصل آباد میں پیش آیا ہے جس میں ‘شادی سے انکار کرنے پر’ بی ڈی ایس کی ایک طالبہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے بال اور بھنویں کاٹنے کے بعد جوتے چاٹنے پر بھی مجبور کیا گیا۔ تاہم پولیس نے لڑکی پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

اس واقعے کی ایف آئی آر میں لڑکی نے بتایا کہ اس کی سہیلی کا باپ شادی پر زور دے رہا تھا، انکار پر تشدد کیا، سر کے بال، بھنویں کاٹ دیں اور جوتے چاٹنے پر مجبور کیا۔ لڑکی کے بیان کے مطابق اسے جنسی ہراساں بھی کیا گیا اور ویڈیوز بھی بنائی گئیں۔

Image Source: File

متاثرہ لڑکی نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان نے نہ صرف ان کے قیمتی موبائل فونز بلکہ 5 لاکھ روپے نقدی اور ساڑھے 4 لاکھ روپے کے طلائی زیورات بھی چھین لیے۔

متاثرہ لڑکی پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ ویمن پولیس اسٹیشن فیصل آباد میں درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث شیخ دانش اور ان کے ملازمین کو حراست میں لے کر عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ 15 ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376، 382، 354، 342، 148، 149، 337-اے، 337-ایف، 337-ایل اور 337-وی کے تحت اغواء، تشدد، بھتہ خوری اور جنسی استحصال کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔پولیس نے متاثرہ لڑکی کو یقین دلایا ہے کہ اس کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر بھی اس افسوناک واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے سی پی او فیصل آباد عمر سعید نے غیر ملکی ویب سائٹ کو بتایا کہ یہ واقعہ 9 اگست کو پیش آیا۔ جب شیخ دانش نامی ایک شخص نے خدیجہ نامی لڑکی کو اس کے گھر سے اغوا کیا اور اپنے گھر لے گیا۔ سی پی او کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والی خدیجہ ملزم شیخ دانش کی بیٹی کی دوست اور کالج میں جونیئر ہے اور اس کا ان کے گھر آنا جانا بھی تھا۔

مزید پڑھیں: باپ بیٹے نے بڑی عمر کے آدمی سے شادی سے انکار پر بیٹی کو قتل کردیا

لڑکی کے بیان کے مطابق شیخ دانش نے اس کے ساتھ جنسی مراسم پیدا کرنے کی کوشش کی اور بعد ازاں شادی کا بھی جھانسہ دیا۔ لڑکی کے انکار پر ملزم نے اسے دھمکیاں دیں۔سی پی او نے مزید بتایا کہ یہ پانچ سے سات لوگ خدیجہ کے گھر گئے اور انہیں اسلحے کے زور پر اٹھا لائے اور اپنے گھر میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کی تذلیل کی جبکہ اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ اس ویڈیو میں شیخ دانش کی بیٹی انا اور بیوی ماہم ابھی تک مفرور ہیں جن کی آواز بھی ویڈیو میں سنی جاسکتی ہے۔ تاہم اس واقعے پر پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں خواتین کے خلاف جنسی زیادتی ،عصمت دری اور تشدد کے خوفناک واقعات کی شرح دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے ، ایسا معلوم ہوتا کہ خواتین کہیں بھی محفوظ نہیں۔ گزشتہ دنوں ملتان سے کراچی بذریعہ ٹرین سفر کرنے والی ایک تنہا خاتون کو ٹرین کے عملے نے مبینہ زیادتی کانشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ رپورٹ ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر ریلوے اور چیئرمین ریلوے نے خاتون کے ساتھ زیادتی کے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ریلوے انتظامیہ اور ریلوے پولیس کو نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی تھیں۔


Like it? Share with your friends!

-1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *