بختاور بھٹو زرداری کی منگنی پر قیاس آرائیوں کی تصحیح ہوگئی


0

پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی طے ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب رواں ماہ میں 27 نومبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد ہوگی۔

دیکھا گیا ہے کہ جب سے بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کا دعوت نامہ منظر عام پر آیا ہے لوگ یہ جاننے کے پر تجسس ہیں کہ ان کا ہونے والا شوہر کون ہے؟ جس کے بعد سوشل میڈیا پر بختاور زرداری کے منگیتر اور ان کے والد کے متعلق غلط معلومات اور تصویریں بھی شیئر ہونے لگیں اور یہ کہا جانے لگا کہ محمود چوہدری بزنس مین ہیں اور ان کا تعلق امریکی خاندان سے ہے جبکہ ان کے والد یونس چوہدری رئیل اسٹیٹ کا بہت بڑا نام ہیں۔ اس کے علاوہ کہیں کسی نے محمود چوہدری کے والد کو کاروباری شخصیت بنادیا تو کہیں ان کا نام پیٹرولیم انڈسٹری سے جوڑ دیا گیا۔

bakhtawar bhutto
Image Source: Twitter

سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر اس طرح کی کئی متضاد خبریں سامنے آنے کے بعد اب ان تمام غلط خبروں کی تصحیح کردی گئی ہے اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے محمود چوہدری (بختاور کے منگیتر) کے متعلق مکمل تفصیلات شیئر کردی گئی ہیں۔ اس پوسٹ کے مطابق آصف علی زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر 2020 کو محمود چوہدری کے ساتھ ہوگی۔ محمود چوہدری محمد یونس اور بیگم ثریا چوہدری کے صاحبزادے ہیں جو پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھتے ہیں۔ محمود چوہدری 28 جولائی 1988 کو ابوظہبی میں پیدا ہوئے اور 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ (ان کی عمر 32 سال ہے)۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ابوظہبی میں حاصل کی اور ثانوی تعلیم برطانیہ میں مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے یونیورسٹی آف ڈرہم انگلینڈ میں قانون کی تعلیم حاصل کی۔

bakhtawar bhutto
Image Source: Instagram

چوہدری خاندان متحدہ عرب امارات میں ہی رہائش اختیار کریں گےجہاں محمود چوہدری اپنے کنسٹرکشن، فنانس اور ٹیکنالوجی کے کاروبار سنبھالتے ہیں تاہم، پیپلز پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بختاور کے منگیتر محمود چوہدری کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی۔

بختاور بھٹو زرداری نے بھی اس بیان کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے نیک تمناؤں کے اظہار پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ لکھا کہ بدقسمتی سے تقریب کے کارڈز باضابطہ طور پر بھیجے جانے سے قبل ہی لیک ہوگئے۔انہوں نے واضح کیا کہ محمود چوہدری کا کسی امریکی خاندان سے تعلق نہیں ہے جیسا کہ میڈیا پر بتایا جارہا ہے۔

Image Source: Instagram

محمود چوہدری کے ساتھ منگنی کے بندھنے والی بختاور بھٹو زرداری پاکستان کے معروف سیاسی گھرانے کی چشم وچراغ ہیں ۔وہ 25 جنوری 1990 کو پاکستان کے صوبے سندھ میں پیدا ہوئیں جبکہ اس وقت ان کی عمر 30 سال ہے۔بختاور بھٹو زرداری نے ایڈنبرا کی معروف یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی اور انگریزی ادب میں ماسٹرز کے ساتھ گریجویشن کیا۔بختاور پاکستان کی مختلف فلاحی تنظیموں جیسکہ دارلاسکون (ایک تنظیم جس کا مقصد ذہنی اور جسمانی طور پر معذور بچوں اور بڑوں کی مدد کرنا ہے) اور مرکزِامید (خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والا ایک انسٹی ٹیوٹ) کے تحت ملک میں غریبوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے ان اداروں کے تحت مختلف پروگراموں میں حصہ لیتی رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لئے کئی فلاحی کاموں سے وابستہ ہیں ۔حال ہی میں انہوں نے صحت کے حوالے سے (یو این ایف پی اے) اور دبئی پولیس کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کی کانفرنس میں حصہ لیا جہاں انہوں نےاس طرح کے فلاحی پروگرام پاکستان میں منعقد کرنےکا عزم کا اظہار بھی کیا۔

Image Source: Instagram

اس حوالے سے یہ بات بھی زیر گردش ہے کہ آصف علی زرداری اپنی بڑی بیٹی کی منگنی میں شامل ہوسکیں گے یا نہیں، کیوں کہ وہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی بڑی صاحبزادی کی زندگی کی اہم تقریب میں شرکت کریں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں کون کون سی شخصیات شامل ہوں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں خاندانوں کے افراد سمیت اہم سیاسی و کاروباری شخصیات بھی تقریب میں شامل ہوں گی۔

کورونا کی وباء کے باعث خیال کیا جا رہا ہے کہ تقریب میں محدود مہمانوں کو بلایا جائے گا اور سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *