یاسرہ رضوی نے خواتین کے حقوق اور سماجی مسائل پر آواز بلند کردی


0

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ یاسرہ رضوی جو کہ ایک لکھاری بھی ہیں، انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے انسٹاگرام پر خواتین پر تشدد، شادی اور طلاق کے بعد انہیں سماج کی جانب سے شرمندہ کیے جانے کے مسائل پر پوسٹ شیئر کیں ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔

اس انسٹاگرام پوسٹ میں یاسرہ رضوی کو زنجیروں میں جکڑا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ تصاویر میں اداکارہ کو ایک قیدی، غلام اور تشدد کی شکار خاتون کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مذکورہ تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ’سے نو ٹو فورس میرج‘ اور ’اسٹاپ ڈوورس شیمنگ‘ یعنی زبردستی کی شادیاں اور طلاق کے بعد خواتین کو شرمندہ کرنے جیسے مسائل کو روکیں یا بند کریں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے ان عورتوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جن کی جبری شادی کروا دی جاتی ہے۔

پوسٹ میں یاسرہ رضوی کا کہنا ہے کہ شادی ایک ایسا سماجی معاہدہ ہے جو کہ دونوں فریقین کو باہمی احترام کے رشتے میں پِروتا ہے، بجائے اس کے کہ کوئی بھی ایک فریق برتری ثابت کرے۔ انہوں نے لکھا کہ اپنی بیٹیوں اور بہنوں اور دوستوں اور خواتین رشتےداروں اور تشدد کا نشانہ بننے والی پڑوس کی خواتین اور اس عورت کے لیے بھی آواز اٹھائیں جس کو ریسٹورنٹ میں اس کا شوہر یہ کہہ کر مارتا ہے کہ یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کرنے سے متعلق ہر شخص کو آزادی ہونی چاہیے اور یہ فیصلہ اس پر تھوپنا نہیں چاہیے۔ اپنی فیملی کے دباؤ میں آکر شادی کرنے والے افراد ایک خوش و خرم شادی شدہ زندگی نہیں گزار سکتے، جس کا اثر آئندہ نسلوں پر پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں : شادی کے 10 ماہ بعد ہی شوہر نے طلاق دیدی، زینب قیوم

یاسرہ رضوی نے مذکورہ تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے پروڈکشن ہاؤس ’بیٹ کلب 432‘ اور فلم ساز مرتضیٰ قیصر علی خان کو بھی مینشن کیا۔ بعدازاں ’بیٹ کلب 432‘ نے یاسرہ رضوی کی پوسٹس کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جلد ہی اداکارہ ایک منفرد شو کرتی دکھائی دیں گی۔ پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ یاسرہ رضوی اپنا ہی لکھا، ہدایت کردہ شو ’تعریف کا شکریہ‘ کرتی دکھائی دیں گی۔ پروڈکشن ہاؤس اور یاسرہ رضوی نے ’تعریف کا شکریہ‘ سے متعلق مزید وضاحت نہیں کی لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ جلد ہی اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی جاری کردیں گی۔

پروڈکشن ہاؤس کے مطابق اداکارہ تعریف کا شکریہ میں پرفارم کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
Image Source: Instagram

ڈرامہ سیریل “ڈنک” اور خواتین کے موضوع پر بننے والی ویب سیریز “چڑیلز” سے مقبولیت حاصل کرنے والی ورسٹائل اداکارہ خواتین کے حقوق کے لیے سوشل میڈیا پر ہمیشہ سرگرم رہتی ہیں اور کئی مرتبہ انہیں عورتوں کے لیے آواز بلند کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: مردہ سے طلاق یافتہ بیٹی بہتر ہوتی ہے، نمرہ خان کا والدین کو پیغام

خیال رہے کہ اداکارہ کے ہاں رواں برس مئی میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے جنوری 2020 میں خود سے 10 سال کم عمر ڈراما پروڈیوسر عبدالہادی سے شادی کی تھی۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے ایک پوسٹ کی تھی جس میں کہا تھا ملک میں خواتین پر بڑھتے تشدد اور قتل و غارت کے واقعات کے بعد وہ ایک ماں کے طور پر اپنے بیٹے کی پرورش اس طرح کریں گی کہ وہ کسی بھی انسان کے لیے خطرہ نہیں بنیں گے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *