کمسن گلوکارہ کی گائیکی پر سونونگم کی آنکھیں اشکبار


0

معروف بھارتی گلوکار سونو نگم پاکستان کی ننھی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی اور سوچ بینڈ کے گائے ہوئے کلام “بول ہو” کو سن کر آبدیدہ ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر سونو نگم نے اپنی ایک “ری ایکشن” ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ نیس کیفے بیسمنٹ میں گایا گیا “بول ہو” کلام سن رہے ہیں اور کلام سنتے ہوئے سونو نگم کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

ہادیہ ہاشمی کی مدھر آواز میں گائے ہوئے اس کلام نے سونو کا دل موہ لیا۔ ہادیہ ہاشمی گزشتہ سال پہلی بار نیس کیفے بیسمینٹ میں بطور گلوکارہ شامل ہوئیں ۔انہوں نے اس شو میں اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگا کر سب کو حیران کردیا، محض پانچویں جماعت کی اس کمسن طالبہ نے اس عمدہ پرفارمنس پر لاکھوں دل جیت لئے۔ ہادیہ کی لاجواب آواز میں گایا ہوا گانا فنکاروں اور مداحوں نے بے پناہ سراہا اور یہ گانا شو کا بہترین ٹریک قرار دیا گیا۔

ہادیہ کی گائیکی پر سونو نگم نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کوئی گانا انہیں رلاسکتا ہے لیکن اس گانے نے یہ کردیا ہے۔

ہادیہ کی تعریف کرتے ہوئے ، سونونگم نے کہا کہ، “ایک لمبے عرصے کے بعد میرے دل کو کچھ چھو گیا ہے۔ یہ گانا بہت عمدہ ہے ، اسکی دُھن بہترین ہے ، اور اس گائیکی پر مجھے ہادیہ پر پیار آگیا ہے۔ اس گانے نے میرے دل کو چھو لیا اور اسے سننے کے بعد میں بری طرح سے رویا ہوں ۔میں نے پہلے بھی یہ گانا سنا ہے لیکن دھیان سے آج پہلی بار اسے سنا ہے۔ میری دعا ہے کہ خدا ہادیہ اور سوچ بینڈ کو سلامت رکھے۔”

بالی ووڈ گلوکار نے بتایا کہ انہیں یہ کلام بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری نے بھیجا تھا، انہوں نے یہ سنا تو روپڑے، یہ بہت ہی خوبصورتی سے لکھا اور گایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپرہٹ پاکستانی گانا “بول ہو “بالی وڈکی تھرلر مووی ملنگ میں بھی شامل ہوا ہے ۔ اس فلم میں دیشا پٹانی ، آدتیہ رائے کپور ، انیل کپور اور کنال کھیمو مرکزی کردار میں تھیں۔

Image Source: Facebook

سونو نگم کے تعریفی کلمات پر زلفی کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ زلفی نے سونو نگم کی جانب سے اس تعریف پر جہاں ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔وہیں اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ،“ہم آپ کی پیروی کرتے ہیں اور آپ کی موسیقی سنتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں ، لہذا آپ کی یہ تعریف ہمارے لئے بالکل کسی خواب کا پورا ہونے جیساہے۔ آپ کا بہت شکریہ سونو سر ، سرحد پار اپنے ساتھی آرٹسٹ کی طرف سے تعریفی کلمات سننا اچھا لگ رہا ہے۔”

نیز ، گانے کے پروڈیوسر زلفی نے سونو نگم کا شکریہ ادا کیا کہ اور اس بات کی تائید بھی کی کہ سونو نگم نے ہمشہ نوجوان گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور اس بات کی ترغیب دی کہ محنت کے ساتھ اپنا خواب پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ،”میرے پاس ان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے صرف ایک چیز نہیں بلکہ کئی چیزیں ہیں۔ پہلی چیز جس کے لئے میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ جس طرح انہوں نے گانے کو سراہا اس سے عدنان ، ربیع اور ہادیہ کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں اور اس تعریف پر واقعتا انہیں داد دینا چاہتا ہوں کیونکہ کسی گلوکار کی طرف سے ہمیں اب اس طرح کا ردعمل دیکھنے کو نہیں ملتا جس طرح انہوں نے اس گانے پر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونو کےاظہار خیال کے بعد مجھے جو خوشی محسوس ہوئی وہ میں بیان نہیں کر سکتا۔”

پڑوسی ملک میں بھی کمسن گلوکارہ ہادیہ کو خوبصورت گائیکی پر خوب سراہا جارہا ہے اور انہیں مستقبل کی عابدہ پروین کا خطاب بھی ملاہے ۔بلاشبہ ہادیہ ہاشمی کی اس پرفارمنس نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں ٹیلینٹ کی کمی نہیں اور ہمارے پاس کئی ایسے باصلاحیت نوجوان موجود ہیں جو مختلف شعبوں میں پاکستان کا مستقبل بن سکتے ہیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *