بھارتی پولیس نے ‘کے کے’ کی غیر طبعی موت کا مقدمہ درج کرلیا، تحقیقات کا آغاز


0

‘ہم رہیں یا نا رہیں کل’ کے مشہور بھارتی گلوکار کے کے، جن کا اصل نام کرشنا کمار کنناتھ تھا، گزشتہ شب کنسرٹ کے دوران اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ کے کے کی اس یکدم موت کی وجوہات جاننے کے لیے بھارتی پولیس نے ان کی غیر طبعی موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کے کے بھارتی شہر کولکتہ میں لائیو کنسرٹ کررہے تھے آڈیٹوریم میں رش بہت زیادہ تھا اور اے سی بھی کام نہیں کررہے تھے۔پرفارمنس کے دوران کے کے پسینے میں شرابور اور بے چین بھی دکھائی دئیے، انہیں اپنی طبیعت بگڑتی محسوس ہوئی تو انہوں نے فوری طور پر اپنے منیجر کو بلایا اور ان کو اسپتال لے جایا گیا جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

Image Source: Facebook

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کنسرٹ کے شرکاء نے اپنے بیان میں بتایا کہ کنسرٹ کی جگہ کا اے سی کام نہیں کررہا تھا جس کے باعث کے کے گھبراہٹ کا شکار ہوئے تاہم جب انہیں مقامی اسپتال لے جارہا تھا تو وہ جانبر نہ ہوسکے اور راستے میں ہی انتقال کرگئے جبکہ ان کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق 53 سالہ کے کے کنسرٹ سے قبل بالکل صحت مند تھے اور ان کو اچانک دل کا دورہ پڑا۔

پولیس نے ان کی غیر طبعی موت کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ بھارتی گلوکار کو اسپتال لے جانے سے پہلے کیا ہوا تھا۔

Image Source: Instagram

دوسری جانب ،سوشل میڈیا پر کے کے کی اچانک موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی چند صارفین نے تو اس خبر کو جھوٹا بھی قرار دیا۔ تاہم ان کی اچانک موت بالی وڈ سمیت دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو افسردہ کرگئی۔ گزشتہ شب سے ان کے مداح نہ صرف ان کے معروف گانے شیئر کر رہے ہیں بلکہ ان کی زندگی اور کریئر کے بارے میں بھی بات کر رہے ہیں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ کے کے نے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز ’ہم دل دے چکے صنم‘ سے بطور پلے بیک سنگر کیا تھا۔ انہوں نے متعدد زبانوں کی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا جن میں تمل، تیلوگو، کناڈا، مالایالم، مراٹھی، بنگالی، ہندی اور گجراتی فلمیں شامل ہیں۔ کے کے نے بالی وڈ کی متعدد فلموں کے لیے گانے گائے جن میں ’تڑپ تڑپ کے اس دل سے‘، ’آنکھوں میں تیری‘، ’کیا مجھے پیار ہے‘، ‘تو نے ماری انٹریاں‘ اور دیگر متعدد مقبول گانے شامل ہیں۔علاوہ ازیں، ان کے انسٹاگرام پیچ پر انتقال سے کچھ دیر قبل کلکتہ کے لائیو کنسرٹ کی ہی معلومات شیئر کی گئی تھیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کے کے کلکتہ میں دو روز سے مسلسل پروگرام کر رہے تھے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *