کراچی:مون سون بارشیں، کراچی سے حیدرآباد جانیوالی کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی،4 بچوں سمیت 7 افراد لاپتا


0

کراچی میں گزشتہ دو راتوں سے وقفے وقفے سے ہونے والی مون سون بارشوں سے جہاں شہر کے کئی علاقے زیرِآب ہیں وہیں یہ بارشیں مختلف حادثادت کا سبب بھی بن رہی ہیں۔ کراچی سے حیدرآباد جانے والی ایک مسافر کار ایم نائن لنک روڈ پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور 4 بچوں سمیت 7 افراد لاپتا ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے گاڑی کو تباہ حالت میں نکال لیا تاہم لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

کراچی میں جاری ان شدید بارشوں سے تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں، شہر کی سب سے بڑی جامعہ کراچی کی کلاس رومز اور دفاتر میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے جس سے جامعہ کا فرنیچر اور دیگر سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

Image Source: Screengrab

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 102.2 ملی میٹر ہوئی جس کے بعد صدر میں 60، قائد آباد 49 اور یونیورسٹی روڈ پر 44.7  ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ گڈاپ ٹاؤن 37.4، سعدی ٹاؤن 30.1، اورنگی ٹاؤن 8.7 ، جناح ٹرمینل 21.4، اولڈ ائیر پورٹ 19.1، فیصل بیس 13، ناظم آباد 13.2، گلشن معمار 12، سرجانی 11.7، ڈی ایچ اے 11.3، کیماڑی 10، نارتھ کراچی 9.4 اور کورنگی میں 24.7 ملی میٹر جبکہ بحریہ ٹاؤن میں 100 ملی میٹر سے بھی زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

Image Source : File

اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب اور زیریں خیبرپختو نخوا کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی مزید بارشیں متوقع ہیں۔

Image Source: Screengrab

واضح رہے کہ شہر قائد میں جاری بارشوں اور نکاسی ِآب کی ابتر صورتحال کے باعث سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ نے شہریوں کے لئے سفر کرنا محال بنادیا ہے۔ اس حوالے سے ہڈیوں کے ماہرین نے بھی شہریوں کو اپنی صحت کا خیال رکھنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی میں مسلسل بارشوں کے بعد ٹوٹی اور ادھڑی ہوئی سڑکوں پر سفر کرنے سے شہریوں کی ریڑھ کی ہڈی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، جس کے نتیجے میں کمر درد اور گردن کی تکالیف میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ماہرین کے مطابق شہر کے ہسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے کمر درد کے 70 فیصد مریض موٹر سائیکل سوار یا رکشے میں سفر کرنے والے مرد اور خواتین ہیں جبکہ کار سوار افراد بھی سڑکوں پر لگنے والے جھٹکوں کے نتیجے میں ہڈیوں اور مسلز کے مختلف عوارض کا شکار ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بارشوں کے نتیجے میں سڑکوں پر پڑنے والے بڑے بڑے گڑھے اور نالے حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی شادمان ٹاؤن کے علاقے میں ایک موٹر سائیکل سوار فیملی نالے میں جاگری تھی، جس میں باپ اور دو سالہ بچی کو زندہ بچالیا گیا تھا، جبکہ خاتون اور دو ماہ کا بچہ حادثے میں لقمہ اجل بن گئے تھے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *