دنیا بھر میں موجود 10 تاریخی مساجد پر جانئے رپورٹ


0

مسلمانوں کی عبادت کے لئے دنیا کے ہر کونے میں انتہائی خوبصورت اور وسیع مساجد موجود ہیں۔ ویسے تو ہر مسجد کی اپنی ایک تاریخ اور اپنی ایک حیثیت ہے لیکن دنیا کی چند مساجد ایسی ہیں جو جو دیکھنے والوں کو نہ صرف روحانی بلکہ حسن سے بھرپور نظارہ بھی فراہم کرتی ہیں اور ساتھ ہی تاریخی اور مذہبی حیثیت بھی رکھتی ہیں اس لئے ان کا شمار دنیا کی خوبصورت ترین مساجد میں ہوتا ہے۔

شیخ زید مسجد، دبئی

متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی میں دنیا کی خوبصورت مسجد شیخ زید واقع ہے ۔شاندار طرز تعمیر کی حامل اس مسجد کی خاص بات یہ ہے کہ اس مسجد میں دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے بُنا ہوا قالین بچھایا گیا ہے جسے 1200 کاریگروں نے کئی مہینوں کی محنت سے تیار کیا ہے جبکہ اس مسجد کا فانوس 12 ٹن وزنی ہے۔ اس مسجد کا ڈیزائن لاہور کی بادشاہی مسجد اور مراکش میں کاسا بلانکا کی شاہ حسن دوم کی مسجد سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔ ابوظہبی میں تعمیر کی گئی یہ مسجد دبئی کی سب سے بڑی اور دنیا کی آٹھویں بڑی مسجد ہے۔ اس مسجد میں چالیس ہزار نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مرکزی ہال میں سات ہزار نمازیوں کے لیے گنجائش موجود ہے۔ جبکہ اطراف میں دو چھوٹے ہال ہیں اور ہر ہال میں پندرہ سو خواتین بھی نماز ادا کر سکتی ہیں۔

پتراجایا مسجد، ملائیشیا

پتراجایا مسجد ملائیشیا کی نہ صرف سب سے بڑی بلکہ دنیا کی ایک خوبصورت ترین مسجد ہے۔ یہ مسجد ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں واقع ہے اور ملائیشیا کے وزیراعظم کے دفتر کے بالکل ساتھ ہے۔ یہ مسجد مصنوعی جھیل پتراجایا کے کنارے بنائی گئی ہے اور یہ مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا بہترین نمونہ ہے ۔اس مسجد میں پندرہ ہزار نمازیوں کے لیے گنجائش ہے۔ مسجد کا صحن اس طرح بنایا گیا ہے کہ اس میں بوقتِ ضرورت پانچ ہزار نمازی مزید نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس مسجد کے ڈیزائن میں ایرانی، ملائیشیائی اور عرب فن تعمیر کا ایک حسین امتزاج نظر آتا ہے یہ مسجد سیاحوں کی توجہ کا مر کز ہے۔

آیاصوفیہ، ترکی

آیاصوفیہ دنیا کی سب سے بڑی اور خوبصورت مسجدوں میں سے ایک ہے ۔ اس کے آس پاس چار مینار ہیں جو میلوں تک دکھائی دیتے ہیں۔ آیا صوفیہ حسین طرز تعمیر کی ایک خوبصورت مسجد ہے جسے ابتدائی طور پر آرتھوڈوکس چرچ کے طور پر بھی استعمال کیا گیا اور پھر بعد میں اسے مسجد میں تبدیل کردیا گیا۔ 1935 میں ترکی کے پہلے صدر نے اسے میوزیم قرار دیا تھا۔ لیکن اپنی طویل تاریخ میں 85 برس کے وقفے کے بعد دنیا کے عظیم تاریخی ورثے میں سے ایک آیا صوفیہ دوبارہ عبادت کی جگہ بن گئی ہے کیونکہ حال ہی میں ترک حکومت نے اس کی میوزیم کی حثییت کو ختم کر کے اسے دوبارہ مسجد کا درجہ دے دیاہے۔

سلطان قابوس مسجد ، عمان

سلطان قابوس مسجد عمان کے دارالحکومت مسقط میں تعمیر کی گئی ہے۔ سلطان قابوس گرینڈ مسجد عمان کی مشہور سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ یہ جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک حیرت انگیز نمونہ ہے ۔اس مسجد کا محراب 14 میٹر بلند ہے اور اس طرح عالم اسلام کا سب سے بڑا محراب شمار ھوتا ہے اس کا قالین بھی منفرد ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ دنیا میں دوسرا سب سے بڑا ہاتھ سے بُنے ہوئے قالین ہونے کی وجہ سے مشہور ہے۔جبکہ اس مسجد میں بیک وقت بیس ہزار لوگ نماز پڑھ سکتے۔

سلطان عبدالعزیز مسجد، ملائیشیا

سلطان صلاح الدین عبدالعزیز مسجد ملائیشیا کی میں واقع ہے۔ یہ ملائیشیا کی سب سے بڑی جبکہ جنوبی ایشیاء کی دوسری بڑی مسجد ہے۔ اس مسجد کا 70 فیصد سے زیادہ حصہ جرمنی اور چین سے درآمد شدہ اسٹینلیس سٹیل سے بنایا گیا ہے اس وجہ سے اس مسجد کو “آئرن مسجد” بھی کہا جاتا ہے ۔ اس مسجد میں ایک وقت چوبیس ہزار افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔

نیلی مسجد،استنبول

ترکی کے شہر استنبول کو خوبصورت مساجد کا شہر بھی کہا جاتا ہے یہاں پر موجود سلطان مسجد جس کو عرفِ عام میں نیلی مسجد بھی کہا جاتا ہے، اپنی طرز تعمیر کی بناء پر دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔ اس مسجد کے 6 مینار سوئیوں کی طرح دکھائی دیتے ہیں جو اس مسجد کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔ مسجد میں جا بجا نیلی ٹائلیں لگی ہوئی ہیں اور اسی بنا پر اس کا نام نیلی مسجد رکھا گیا ہے۔

مسجد نبوی، سعودی عرب

خانہ کعبہ کے بعد مدینہ میں واقع مسجدِ نبوی دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اہم ترین مقدس مقام ہے۔ شاندار طرزِ تعمیر اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے بنائی گئی اس عمارت کی ہر چیز انتہائی خوبصورت ہے اور ہر طرح سے دلکش ہے۔ ہر سال حج کے موقع پر دنیا بھر سے آئے لاکھوں کی تعدادمیں مسلمان اس مسجد کے احاطوں میں جمع ہوکر رب کریم کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوتے ہیں۔

نصیر الملک مسجد، ایران

ایران میں قائم یہ مسجد ایک تاریخی عمارت ہے، اس مسجد کی تعمیر 1888 میں ہوئی اور اس کو مرزا حسن علی ناصر الملک نے قائم کی تھی یہ مسجد مرزا حسن علی خان نصیر الملک کے حکم سے تعمیر کی گئی تھی اس لیے اس مسجد کا نام بھی نصیرالملک مسجد ہے، اس مسجد کے کئی اور نام بھی ہیں جیسے کہ “گلابی مسجد “اور “رنگوں والی مسجد”، رنگوں والی مسجد اس لئے کہتے ہیں کہ اس میں خوبصورت مختلف رنگوں کے شیشے نصب کئے گئے ہیں جب سورج طلوع ہوتا ہے تو پوری مسجد رنگا رنگ روشنیوں سے جگمگا اٹھتی ہے۔

سلطان سیف الدین مسجد، برونائی

سلطان عمر علی سیف الدین مسجد (برونائی) یہ شاہی مسجد سلطنت آف برونائی کے دارالحکومت بندرسری بیگوان میں واقع ہے ۔یہ مسجد ایک مصنوعی جھیل میں تعمیر کی گئی ہے اور پاس ہی دریا کے اوپر مسجد میں داخل ہونے کے لیے ایک خوبصورت طویل پُل بنایا گیا ہے۔ ماربل کے مینار، سنہری گنبد، ہرے بھرے درخت، رنگ برنگے پھولوں سے لدے ہوئے لان اور اُن کے درمیان چلتے ہوئے سیکڑوں فوارے کسی جنتِ ارضی کا نقشہ پیش کرتے ہیں۔ اس مسجد میں موجود لفٹ کے ذریعہ میناروں سے شہر کا نظارہ کیا جاسکتا ہے اور یہ مینار شہر کے ہر حصہ سے دکھائی دیتے ہیں۔

میلکا مسجد، ملائیشیا

ملائیشیا کی مسجد پلائو میلکاایک جزیرہ پر واقع ہے اور اس جزیرے کو دنیا کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس مسجد کی فن تعمیر اور خوبصورتی دیکھ کر یہاں کے مسلمانوں کی دینِ اسلام سے عقیدت کے اظہار کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس مسجد میں سیاحوں کے علاوہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی جانے کی اجازت ہے بشرطیکہ وہ مناسب لباس میں ہوں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *