Uncategorized

سانحہ اے پی ایس میں معجزانہ طور پر زندہ بچنے والے احمد نواز آکسفورڈ یونین کے صدر منتخب


0

پاکستان کی تاریخ مختلف حادثات و سانحات سے بھری پڑی ہے تاہم کچھ واقعات ایسی بھی ہیں جو ہم شاید کبھی بھلا نہ پائیں۔ سال 2014 میں 16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن جس میں پیش آنے والے اندوہناک واقعہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس دردناک سانحے میں معصوم بچوں پر ٹوٹنے والی قیامت کوئی نہیں بھلا سکتا ، اس دن دہشت گردوں نے خون کی ہولی کھیلی جس میں علم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی گئی جس میں 147 افراد شہید ہوئے جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔

تاہم ، اس سانحے میں خوش قسمتی سے محفوظ رہنے والے طلبہ آج اپنی ذہانت کے بل بوتے پر ملک کو قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کررہے ہیں جس میں سے ایک احمد نواز ہیں ، جن کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔احمد نواز کو دنیا کی انتہائی معتبر اور تاریخ کی قدیم ترین یونیورسٹی آکسفورڈ میں اگست 2020 میں داخلہ ملا تھا۔

Image Source: Facebook

احمد نواز نے یہ اطلاع سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ آج میری زندگی کا سب سے یادگار اور تاریخ ساز لمحہ ہے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد فخر محسوس ہو رہا ہے کہ میں دنیا کے سب سے بڑے اور تاریخی پلیٹ فارمز میں سے ایک آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہو گیا ہوں۔احمد نواز نے کہا کہ وہ ہر اس شخص کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے جنہوں نے منتخب ہونے میں ان کی حمایت کی، وہ اپنے والدین کے بھی شکر گزار تھے، جنہوں نے ہر چیز میں ان کا ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے وقت احمد نواز کی عمر 14 برس تھی۔اسکول پر حملے کے وقت احمد اپنے آپ کو مردہ ہونے کا بہانہ کرکے جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ انہوں نے اپنی استاد کو آگ لگانے کے خوفناک واقعہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ احمد کے بازو پر متعدد چوٹیں آئی تھیں جس کے بعد ان کا خصوصی طور پر برمنگھم کے ملکہ الزبتھ اسپتال میں علاج ہوا تھا۔ برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

اس سے قبل بھی احمد نواز کو برطانیہ کے شہزادہ ولیم سے کنگسٹن پیلس ’گلوبل لیگیسی ایوارڈ 2019‘ سے نوازا جاچکا ہے۔ دو برس پہلے نومبر میں احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ انہیں کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے بھی احمد نواز کو نوازا جاچکا ہے، امن کے فروغ اور نوجوانوں کو با اختیار بنانے پر احمد نواز کو اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اے پی ایس کا بہادر طالب علم برمنگھم یوتھ پارلیمنٹ کا ممبر بن گیا

یاد رہے کہ سانحہ اے پی ایس کو گزرے 7 برس کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن زخم ابھی بھی تازہ ہیں۔ اس سانحے کی گزشتہ برسی پر وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا ہے کہ دہشت گرد 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملہ آورہوئے اور 132 بچوں سمیت 140 لوگوں کوشہید کیا، پاکستان نے کامیابی سےدہشت گردی کو پچھاڑا۔ وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں اس عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ غازیوں اور شہید بچوں کےوالدین کو مایوس نہیں کریں گے ، تشدد اور اسے بطور ہتھیار برتنے والوں کے لئے بالکل کوئی گنجائش نہیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *