گوشت کے ساتھ کولڈ ڈرنک کے بجائے پانی پئیں ،ڈاکٹر صدف اکبر


0

عید الاضحیٰ پر سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کے حکم پر قربانی کی جاتی ہے اور اس موقع پر ہر امیر اور غریب کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ قربانی کا گوشت جی بھر کے کھائے۔ اسی وجہ سے عید کے دنوں میں ڈاکٹروں کے پاس مریضوں کا رش بڑھ جاتا ہے کیونکہ عام طور پر مریض زیادہ سرخ گوشت کے استمال کی وجہ سے بدہضمی، تیزابیت، معدے میں جلن، قبض یا ڈائریا کا شکار ہوکر ڈاکٹروں کے پاس آتے ہیں۔

ایسے میں ہمیں یہ جاننے کی اشد ضرورت ہے کہ ہمیں ایک دن میں سرخ گوشت کتنی مقدار میں کھانا چاہئیے نیز یہ ہماری جسمانی صحت پر کیا فوائد اور نقصانات مرتب کرتا ہے۔ ان سوالات کے جوابات جاننے کیلئے پڑھلو کی ٹیم نے مائیکرو بائیو لوجسٹ ڈاکٹر سیدہ صدف اکبر کے ساتھ خصوصی بات چیت کا اہتمام کیا ہے جو قارئین کے پیش خدمت ہے۔

Image Source: Google

سوال: ایک صحت مند انسان کو ایک دن میں کتنا گوشت کھانا چاہئے، خاص کر گائے کا گوشت کتنی مقدار میں لینا چاہئیے؟

جواب: ایک تحقیق کے مطابق ایک صحت مند انسان ایک دن میں تقریباً 70 گرام گوشت کھا سکتا ہے لیکن اگر کوئی ہائی بلڈ پریشر ، شوگر، کولیسٹرول یا دل کی بیماریوں میں مبتلا ہیں تو ایسے افراد کے لئے زائد مقدار میں گائے کا گوشت کھانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اس لئے انہیں ڈاکٹر کے مشورہ سے گائے کا گوشت کا استعمال کرنا چاہیئے۔

سوال :گوشت کے زیادہ استعمال سے کن بیماریوں کی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ؟

جواب: عید کے موقع پر لوگ کڑاہی ،تکے اور کباب شوق سے کھاتے ہیں یہاں یہ بات یاد رکھنی چاہئیے کہ ایک نارمل انسان کا نظام انہضام بھی اتنا مضبوط نہیں ہوتا کہ وہ وافر مقدار میں گوشت کھائے اور اس کو ہضم بھی کرلے۔ چنانچہ اس وجہ سے صحت کے دیگر مسائل پیدا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جیسے کہ معدے میں تیزابیت ،الٹیاں ، قبض اور پیٹ کی بیماریوں کے علاوہ یورک ایسڈ اور جوڑوں کے درد کا مسئلہ بھی لاحق ہوسکتا ہے۔

سوال: گوشت کو کتنے دن تک فریزر میں رکھا جاسکتا ہے؟

جواب: یہ گوشت کم از کم چھ ماہ تک قابل ِاستعمال ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک میں گرمی اور لائٹ جانے کی صورت میں گوشت اتنے وقت تک قابل استعمال نہیں رہ سکتا کیونکہ فریزر میں زیادہ دیر تک گوشت رکھنے سے اس کی غذائی افادیت ختم ہو جاتی ہے۔ جبکہ لائٹ نہ ہونے کی صورت میں اگر فریج زیادہ دیر تک بند رہے تو گوشت میں مضر صحت بیکٹیریا پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہوتا ہے ۔ لہٰذا بہتر ہے کہ دو ماہ کے اندر اندر قربانی کا گوشت استعمال کرلیں۔ اور مستسحق لوگوں میں زیادہ سے زیادہ تقسیم کریں ۔

Image Source: Google

سوال : باربی کیو کے ساتھ کولڈ ڈرنک کا استعمال کرتے ہیں، یعنی مرچ مصالحوں والے گوشت کے اوپر کاربن ڈائی آکسائیڈ کتنا نقصان دہ ہے۔

جواب: تہوار ہو یا پھر کوئی اور موقع ، بچوں بڑوں میں کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک پینے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کا زیادہ استعمال ہڈیوں میں بھربھرا پن پیدا کر دیتا ہے۔ نیز تیز مرچ مصالحوں والے کھانوں کے ساتھ اس کو پینا صحت کے لئے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔اس لئے کولڈ ڈرنک کے بجائے پانی کا استعمال کریں _

مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ ایثار وقربانی کا تہوار

علاوہ ازیں ،عیدالالضحی کے موقع پر اس بات کا لازمی خیال رکھیں کہ گوشت کے ساتھ ساتھ مختلف پھلوں، سبزیوں ، سلاد ، دہی اور پانی کا استعمال لازمی کریں ، تیز مرچ مصالحوں کے کھانوں سے اجتناب برتیں ، جو بھی کھائیں اعتدال کے ساتھ کھائیں اور ہر کھانے کے دوران کم از کم چھ گھنٹے کا وقفہ لازمی دیں تاکہ کھانا صحیح طور پر ہضم ہوسکے اور کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی بھی لازمی کریں۔

عید پر قربانی کا گوشت کھاتے ہوئے مندرجہ بالا احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھیں تاکہ صحت مند طریقے سے اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں _


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *