برے تعلق سے نکل کر خود سے تعلق بنائیں اور زندگی جیئں، جویریہ عباسی


0

پاکستانی معاشرے میں جب شادی یا طلاق کے بارے میں بات کی جاتی ہے تو تمام توجہ عورتوں کی بے چارگی ، دُکھ اور پریشانیوں پر ہی مرکوز ہوتی ہے۔ آج بھی ہمارے معاشرے میں ایک عورت کی خوشی کا تعلق اس کی ازدواجی زندگی سے جوڑا جاتا ہے جب کہ طلاق کو ایک حادثہ قرار دیا جاتا ہے جو عورت کے لئے زندگی بھر کا روگ بن جاتا ہے۔ معاشرے کے ان تمام تلخ حقائق کو جانتے ہوئے پاکستانی اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنی طلاق اور بطور سنگل مدر اپنا تجربہ شیئر کردیا۔

ٹیلی ویژن انڈسڑی کی مقبول اداکارہ جویریہ عباسی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی طلاق اور بچی کی پرورش سے متعلق گفتگو کی۔ اداکارہ نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ یہ کیوں کہتے ہیں سنگل مدر ہونا بہت مشکل ہے، میرے نزدیک یہ ایک پرجوش بات ہے۔

Image Source: Instagram

جویریہ عباسی کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں یہ تصور کیا جاتا ہے کہ شوہر ہونا ضرورری ہے اور بچے مرد ہی پالے گا جب کہ میں ایک اداکارہ ہوں، اچھا کماتی ہوں، میرا طرز رہائش بہت اچھا ہے، میں اتنا کماتی ہوں کہ اپنی اولاد کو بہت اچھے سے پال سکتی ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ مجھے مرد کی ضرورت نہیں ہے اور میں نے اپنی بیٹی کو بہت اچھے سے پالا بھی ہے تو کیا ضرورت ہے، مجھے نہیں سمجھ آتا کہ لوگ علیحدگی پر روتے کیوں ہیں، اگر ہوگیا ہے تو رونا بند کریں کیوں کہ اللہ نے آپ کو ایک موقع دیا ہے کہ آپ ایک برے تعلق سے نکل کر خود سے تعلق بنائیں اور اپنی زندگی جیئیں۔

جویریہ عباسی کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد مجھے وقت لگا، میرا اس وقت دل بہت ٹوٹا ہوا تھا میں روئی بھی بہت لیکن میری فیملی نے میرے ساتھ بہت تعاون کیا، لوگ کہتے تھے کہ کیوں کہ میں ایک اداکارہ ہوں، طلاق یافتہ ہوں اور بچی کی ماں بھی تو مجھ سے شادی کون کرے گا لیکن پھر میں نے فیصلہ کیا کوئی مجھ سے کیا مجھے اب کسی سے شادی نہیں کرنی۔ ویب شو میں اپنی بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی بیٹی پرفخر ہے ،وہ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ اب ایک اداکارہ کی حیثیت سے بھی کام کررہی ہے۔

Image Source: Screengrab

خیال رہے کہ جویریہ عباسی نے کراچی پی ٹی وی سے اپنے فنی کریئر کا آغاز کیا۔ان کے مشہور ڈرامہ سیریلز میں رقص بسمل ، شہنائی ، میرا وجود ، دل دیا دہلیز ، مامتا ، سوتیلی اور دیگر بے شمار ڈراموں میں جلوہ گر ہونے والی جویریہ عباسی نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی ، 2010 میں اس جوڑے نے اپنے راستے جدا کر لئے اور دونوں کی طلاق ہوگئی ۔ان کی ایک بیٹی اداکارہ عنزیلہ عباسی ہیں جو بطور ماڈل و اداکارہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں ۔

دنیا بھر میں مشہور اداکاروں اور سلیبرٹیز کی شادیاں ہمیشہ ہی توجہ کا مرکز بنتی ہیں اور اسی طرح اگر ان کا رشتہ ٹوٹ جائے تو وہ بھی شہ سرخیوں کی زینت بنتا ہے۔ کچھ دنوں قبل ٹی وی شوز کی مشہور میزبان شائستہ لودھی نے ندایاسر کے شو میں اپنی طلاق لینے سے لے کر ٹیلیویژن پر پابندی عائد ہونے تک کے بارے میں کھل کر بات کی کہ کس طرح انہوں نے اپنے تین بچوں کے ساتھ یہ مشکل وقت گزارا۔ اس کے علاوہ پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ کومل رضوی نے بھی اپنی ناکام شادی کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے تھے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *