
مسلمانوں کی تیرہویں صدی کی فتوحیات پر بنائے جانے والی ترکش ڈرامہ سیریز ارتغرل غازی پاکستان میں اپنی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والا ڈرامہ بن چکا ہے۔ آج کل جہاں ارتغرل غازی سب ہی کا پسندیدہ ٹی وی سریز بن چکا ہے وہیں اس ڈرامے میں کام کرنے والے فنکار بھی پاکستان میں بےحد پسند کئے جارہے ہیں۔ ان کی مقبولیت اب پاکستانی اداکاروں سے کم نہیں رہی ہے۔
صرف یہی نہیں لوگوں میں ان فنکاروں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے کہ ارتغرل غازی کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ایجن التان اور حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرء بلجیک آئندہ آنے والے پی ایس ایل سیزن میں پشاور زلمی کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ جس پر فینز کی جانب سے کافی خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی ایسراء بلجیک عرف حلیمہ سلطان ان دنوں پاکستان کی ایک نجی موبائل کمپنی کے ساتھ بطور برانڈ ایمبسڈر منسلک بھی ہیں۔

لہذا اس ہی محبت اور پزیرائی کو دیکھتے ہوئے آج ہم آپ کو ملوانے لگے ہیں ان شخصیات سے جنہوں نے ڈرامہ ارتغرل غازی کو آپ تک اردو زبان میں پہنچانے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جی ہاں کیا آپ جانتے ہیں آخر وہ کون کون سی شخصیات ہیں جنہوں نے اس ڈرامے میں ارتغرل غازی اور حلیمہ سلطان کے تمام ڈائلاگز اردو زبان میں ریکارڈ کروائے ہیں۔ نہیں تو پھر ہم آپ کو ان سے آج ملواتے ہیں۔
ڈرامہ ارتغرل غازی کی مرکزی اداکارہ ایسرء بلجیک عرف حلیمہ سلطان کے ڈائلاگز کو اردو میں نوجوان اور باصلاحیت ریڈیو آرٹسٹ رابیہ کرن راجپوت کی جانب سے ادا کیا گیا ہے۔ رابیہ کرن پیشے کے اعتبار سے ایک آر جے ہیں، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ تمام تر ڈائلاگز کو ادا کیا ہے اور دیکھنے والوں کو یہ تک محسوس نہ ہونے دیا کہ یہ جملے حلیمہ سلطان نہیں بلکہ وائس اوور آرٹسٹ رابیہ کرن راجپوت ادا کررہیں ۔

رابیہ کرن راجپوت کی اس پورے ڈرامے کی ریکارڈنگ کے دوران سب سے منفرد چیز یہ رہی ہے کہ انہوں نے اس ڈرامے کی ریکارڈنگ کے لئے اپنی آواز میں کسی بھی قسم کی بناوٹ کو پیدا نہیں کیا بلکہ اپنی روز مرہ کی بات چیت کی طرح ان جملوں کو ادا کیا، جس کے باعث حقیقتاً یہ محسوس نہ ہوا کہ یہ سب ایک ریکارڈنگ ہے۔ اس ہی لئے ہم نے رابیہ کرن راجپوت کی ایک ویڈیو جملے ادا کرتے ہوئے ساتھ منسلک کردی ہے۔ شاید آپ بھی دیکھ کر حیران رہے جائیں۔
دوسری جانب اس ڈرامے کے مرکزی کردار اور سلطنت عثمانیہ کے بانی ارتغرل غازی کا کردار ایجن التان نے ادا کیا ہے جبکہ ان کے اردو ڈائلاگز رانا احتشام الحق کی جانب ادا کئے گئے ہیں، رانا احتشام الحق کسی تعارف کے محتاج نہیں، ان کا شمار پاکستان کے چند بہترین اور باصلاحیت وائس اوور آرٹسٹ میں ہوتا ہے۔ ارتغرل غازی جیسی جی دار شخصیت کے لئے ان کی آواز کا انتخاب ایک بہترین چوائس مانا جاتا ہے۔ جبکہ احتشام الحق کی جانب سے بھی اس کردار کو بھرپور طریقے سے ادا کیا گیا ہے۔ گویا ان کی آواز نے اس ڈرامے کی دلچسپی میں مزید اضافہ کردیا ہو۔

یاد رہے ڈرامہ ارتغرل غازی ترکش پروڈکشن ڈرامہ ہے جس کو وزیراعظم پاکستان کی خواہش پر یکم رمضان المبارک پر سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔
0 Comments