
فالسہ موسم گرما میں ذوق و شوق سے کھایا جانے والا ایک کھٹا میٹھا اور فرحت انگیز پھل ہے۔ گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی فالسے کی بھی آمد ہوتی ہے جو اس موسم کا مقابلہ کرنے اور دل و جگر کو راحت پہنچانے کا کام کرتا ہے۔ اس کا جوس گرمی بھگانے اور فرحت پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ فالسے میں وٹامن بی اور سی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جبکہ آئرن اور نمکیات اس کے اہم غذائی اجزا ہیں۔ اس میں 81 فیصد پانی کے علاوہ پروٹین اور کاربو ہائیڈریٹس بھی موجود ہوتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ترش اور نیم پختہ فالسے کا استعمال نقصان دہ ہوسکتا ہے اس لیے ہمیشہ پکا ہوا اور میٹھا فالسہ استعمال کیا جانا چاہیے۔

فالسے کے فوائد
فالسہ سرد تاثیر کا حامل پھل ہے جس کی وجہ سے معدے کی گرمی، سینے کی جلن، مسوڑھوں سے خون آنا، معدے کے السر اور شوگر میں کمی کرتا ہے۔
فالسہ معدہ و جگر کو تقویت دیتا ہے اور جسم سے گرمی کا اخراج کرتا ہے۔
فالسہ دل کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔
یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جس سے کینسر کے خطرے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

فالسہ خون کو صاف کرتا ہے جس سے جلد بھی شفاف اور صحت مند رہتی ہے۔
فالسے کا جوس نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہے۔ یہ نظام ہاضمہ کے افعال کو کنٹرول کرتا ہے۔
یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی کو دور بھی کرتا ہے۔شدید گرمی اور لو میں فالسے کا شربت سن اسٹروک سے محفوظ رکھتا ہے۔
گرمیوں میں کھٹے میٹھے مزیدار فالسوں کو نمک مرچ ڈال کر کھانے کے علاوہ ان سے مزیدار چٹنی ، اسکوائش اور جوس بھی بنایا جاسکتاہے کیسے چلیں جانتے ہیں ؛

فالسے کا جوس
فالسے کا جوس بنانا بہت آسان ہے، اسے بنانے کے لیے فالسے حسب ضرورت ، چینی کا شیرہ، آدھا گلاس پانی اور بہت ساری برف کی کیوبز لے لیں۔ ان تمام چیزوں ایک ساتھ بلینڈر میں ڈال دیں اور اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ فالسے کے بیجوں کو چھلنی یا کسی سوتی کپڑے کی مدد سے چھان لیں اور اوپر ایک چٹکی کالا نمک چھڑک کر ٹھنڈے اور فرحت بخش جوس کا لطف اٹھائیں۔
فالسے کی چٹنی
فالسے کی مزیدار چٹنی تیار کرنا انتہائی آسان ہے اور اسے منٹوں میں تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے فالسے آدھا کلو، چینی تین پاؤ، نمک حسب ذائقہ، سرکہ دوکھانے کے چمچ، پانی چھ گلاس۔ترکیب: دیگچی میں پانی اور فالسے ڈال کر اسے پکنے کیلئے رکھ دیں۔ جب فالسے گلنے لگیں اور پانی آدھا رہ جائے تو اس میں چینی ڈال دیں۔ تھوڑا سا نمک شامل کریں اور گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ اس میں سرکہ بھی ڈال دیں۔چٹنی کو ٹھنڈا ہونے پر ائیر ٹائٹ جار میں نکالیں اور فریج میں رکھیں۔ اس چٹنی کو ایک ماہ تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فالسے کا اسکوائش
فالسے کا ذائقہ دار اسکوائش بنانے کے لئے فالسے آدھا کلو، گلاب کی پتیاں ایک پاؤ، چینی تین پاؤ ، پانی بارہ گلاس لیں۔ فالسے کو پانی میں ڈال کررات بھر بھگو دیں۔ صبح اسے پانی ہی میں مسل لیں اور گٹھلیاں الگ کرلیں۔ اب اسے چھان لیں اور فالسے کے پانی میں گلاب کی پتیاں اور چینی ڈال کر پکائیں۔ جب گاڑھا ہوجائے تو ٹھنڈا کرکے بوتلوں میں بھرلیں۔ گرمیوں میں یہ اسکوائش صحت کے لئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
0 Comments