شہر قائد میں بااثر شخص کا غریب رکشہ ڈرائیور پر تشدد


0

ہمارے معاشرے کے بیشتر مسائل کی جڑ عدم رواداری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ صبر وتحمل اور درگزر کرنا ہمارے معاشرے سے رخصت ہوچکا ہے۔ آج اگر کوئی ہمیں ایک بات کہے تو ہم اسے چار باتیں سناتے ہیں، پتھر کا جواب اینٹ سے نہ دینے کو اپنی شان کے خلاف سمجھتے ہیں۔ ذرا سی بات پر ہوش و حواس سے بیگانہ ہوکر مرنے مارنے پر اتر آتے ہیں۔

ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ شہر قائد میں پیش آیا، جس میں بااثر شخص نے اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر غریب رکشہ ڈرائیور کے ساتھ مارپیٹ کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

Image Source: Screengrab

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پنجاب کالونی میں مبینہ طور پر بیٹے کو ڈانٹنے پر کلیم شاہ عرف راجہ نامی بااثر شخص نے رکشہ ڈرائیور کو گھر لاکر تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے بیٹے سے بھی اس کی مار لگوائی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بااثر شخص خود بھی رکشہ ڈرائیور کے منہ پر تھپڑ مار رہا ہے اور اپنے بچے سے بھی اسے تھپڑ لگوا رہا ہے۔ تاہم جیسے ہی سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس حرکت میں آگئی۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی بلکہ وائرل ہونے والی ویڈیو پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

Image Source: Screengrab

فیریئر تھانے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس واقعے کا مقدمہ رکشہ ڈرائیور عقیل احمد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔اس مقدمے میں اغواء ، تشدد اور اسلحہ دیکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: فلور مل کی آواز سے تنگ بدمعاش نے دکان پت فائرنگ کردی

مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ رکشہ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ گلی میں رکشہ دھو رہا تھا کہ کلیم کا بیٹا آیا اور اس نے مجھ پر طنز کیا، میں نےاس کو ڈانٹا تو اس نے گھر جاکر میری شکایت کی، کچھ دیر کے بعد کلیم شاہ آیا اور اسلحہ دکھا کر موٹر سائیکل پر بیٹھا کر گھر لے گیا۔ رکشہ ڈرائیور نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کلیم شاہ نے گھر کی سیڑھیوں پر بٹھایا اور دونوں بیٹوں سے میری تذلیل کرائی، منہ پر چپلیں اور تھپڑ مارے جبکہ اس کا ایک بیٹا ویڈیو بناتا رہا۔

اس واقعے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ عدم برداشت ہمارے معاشرے میں دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔اگر کسی معاشرے میں میانہ روی، تحمل مزاجی، رواداری اور عدل و انصاف کا فقدان ہوجائے تو شدت پسندی، جارحانہ پن اور لاقانونیت وجود میں آتے ہیں اور اس کی مثال ہم آئے روز دیکھتے رہتے ہیں ۔

گزشتہ دنوں بھی عید الاضحیٰ کے موقعے پر ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا، جس میں دو پڑوسیوں کا جھگڑا ہوا تو انتقاماً ایک پڑوسی نے دوسرے کی قربانی کے لئے آئی گائے پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں گائے کی جلد جھلس گئی تھی۔ پولیس نے شکایت پر پڑوسی کو حراست میں لے لیا تھا۔ بعدازاں ، گائے کے مالک کی جانب سے قانونی کارروائی سے منع کرنے پر گرفتار پڑوسی کو چھوڑ دیا گیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *