نجی ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق


0

شہر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں دن دھاڑے کار پر فائرنگ سے سماء ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔ اس واقعے کو پہلے ٹارگٹ کلنگ سے منسوب کیا جارہا تھا تاہم پولیس نے اس امکان کو مسترد کردیا ہے۔

اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹيج سامنے آگئی جس کے مطابق واقعہ صبح 8 بجکر 29منٹ پر پيش آيا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈاکو نے ہيلمٹ اور دوسرے نے کيپ پہن رکھی ہے، واردات کے بعد ڈاکو پیدل موٹر سائیکل ليکر بھاگ رہے ہيں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ نارتھ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کار نمبر اے ایچ ٹی 180 پر سوار اطہر متین کو روکنے کی کوشش کی جس پر کار سوار نے گاڑی روکنے کی بجائے ملزمان کی موٹر سائیکل کو کار سے ٹکر ماردی جس سے وہ گرگئے تاہم ان میں سے ایک ملزم نے پستول سے کار پر تین گولیاں فائر کیں پولیس نے صحافی اطہر متین کے قتل میں ٹارگٹ کلنگ کا امکان مسترد کردیا۔

Image Source: Facebook

اس موقع پر ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ڈاکو اطہر متین سے نہیں کسی دوسرے شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے، اطہر متین نے کار سے ڈاکوؤں کی بائیک کو ٹکر ماری جس پر ڈاکوؤں نے اطہر پر فائرنگ کردی۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد ڈاکو قریب موجود شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے جس شہری سے موٹرسائیکل چھینی گئی اس کا بیان لے لیا ہے۔

Image Source: Facebook

ایس ایس پی نے بتایا کہ جس شہری سے ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے وہ موقع سے نہیں ملا۔ ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ اطہر  متین کے واقعے  میں ٹارگٹ کلنگ کے کوئی شواہد نہیں ملے  اور ابتدائی طورپر واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہی لگتا ہے۔ انہوں  نے بتایا  کہ اطہر متین کٹی پہاڑی سے کے ڈی اے چورنگی کی طرف آرہے تھے اور واقعہ صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا، واقعے سے متعلق مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب، وزیر داخلہ شیخ رشید نے اطہر متین کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ واقعے کے دن صحافی اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آرہے تھے، انہیں ایک گولی لگی جس سے ان کی موت واقع ہوئی، جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے۔ اطہر متین نجی ٹی وی چینل سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے اور وہ معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ڈاکٹروں کو کلینک میں لوٹ لیا گیا، ویڈیو وائرل

مزید برآں، کچھ عرصہ قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں کی جانب سے موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹی کے ساتھ واردات کی کوشش کی گئی، اس دوران موٹر سائیکل سوار نے ڈکیٹی پر مزاحمت کی، تو ڈاکوؤں کی جانب سے جواباً کم سن بیٹی کے سامنے والد کو گولی مار دی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے تھے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *