بھارت سے تاریخی فتح پر شوبز ستاروں کے قومی ٹیم کو مبارکباد کے پیغامات


0

ئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو یکطرفہ مقابلے میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف پہلی فتح ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو بدترین شکست سے دوچار کردیا۔ اس زبردست کامیابی کے بعد جہاں پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی وہیں شوبز ستاروں کی بھی خوشیوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ شوبز ستاروں کی جانب سے اس خوشی کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے لئے ڈھیروں مبارکباد کے پیغام جاری کئے گئے ہیں۔

Image Source: Twitter

اداکارہ مہوش حیات نے قومی کرکٹرز کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ہم نے اس فتح کا مزہ چکھنے کے لئے طویل انتظار کیا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اے کلاس کارکردگی دکھانے پر ہمیں آپ پر فخر ہے۔ جو آج میں نے دیکھے وہ ورلڈ کلاس تھا، اچھا آغاز کیا، اب آپ کو ٹرافی بھی لیکر آنی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اداکار ہمایوں سعید لکھتے ہیں کہ یہ کوئی عام فتح نہیں ہے، یہ ایک یاد دہانی ہے کہ پاکستانیوں کو ہمیشہ اپنا سربلند رکھنا چاہئے، میں پچھلے ایک ہفتے سے سن رہا تھا کہ پاکستان نہیں جیتے گا، کوئی موقع نہیں ہے اور یہ کہنے والے ہمارے اپنے لوگ تھے، لہٰذا ہر ایک کو غلط ثابت کرنے پر ہماری ٹیم پر بہت فخر ہے۔ ویل ڈن

اداکار عدنان صدیقی نے بھارتی شکست پر انسٹاگرام پر ایک میم شئیر کی گئی، جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے مصافحہ کرتے ہوئے پوچھ رہے ہیں کتنے آدمی تھے؟ جواب میں کوہلی کہتے ہیں، بس دو ہی تھے سردار۔

اس موقع پر ابھرتی ہوئی اداکارہ حرا مانی کی جانب سے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری شئیر کی گئی اور کہا کہ ہم جیت گئے، پاکستان زندہ آباد ۔ ساتھ ہی قومی کپتان بابر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ “تم تو ہیرو نکلے یار”۔

گلوکار عاصم اظہر نے مزاحیہ انداز میں پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ٹی وی ٹوٹ رہے ہیں آج لیکن پڑوس میں، مذاق کررہا ہوں، کوئی نہیں، گیم ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن 10 وکٹس سے؟

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی بذریعہ ٹوئٹ قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

گلوکار علی ظفر نے ٹوئیٹر پر پاکستان ٹیم کی کامیابی پر سڑکوں پر خوشیاں منانے کے مناظر شئیر کئے اور کہا کہ ان کے چہروں پر مسکراہٹ اور خوشیاں دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔

گلوکار فرحان سعید نے جہاں قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی وہیں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تمام شعبے میں زبردست کارکردگی کا اعتراف کیا۔

واضح رہے گزشتہ روز دبئی کے دبئی اسپورٹس سٹء کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارت نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جبکہ جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے اٹھارویں اوور میں باآسانی کرلیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی کھلاڑی میچ ہارنے کے بعد معافیاں مانگا کرتے تھے، شاہد آفریدی

پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 79 کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم نے 68 رنز کی ناٹ آؤٹ خوبصورت اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور کے ایل راہول کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ جس پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے

یاد رہے کل پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ ٹیم سے ہے۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے بعد نیوزی لینڈ دوسری مضبوط ٹیم ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *