آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان کی تاریخی فتح اور بھارت کی شکست کے بعد ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے میمز شیئر کی جا رہی ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس بار ’موقع موقع‘ کا راگ الاپنے والے بھارتیوں کو چپ لگ گئی ہے کیونکہ اس میچ میں پاکستانی باؤلرز اور بلے بازوں نے بھارتی ٹیم کو کوئی موقع نہ دیتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا اور بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی۔
ٹی ٹوئنٹی کے اس میچ میں گرین شاٹس کی کارکردگی اتنی بہترین رہی کہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ پاکستانی ٹیم نے ہمیں آؤٹ کلاس کر دیا۔
ٹی 20 میچ کے اس ہائی وولٹیج مقابلے کو براہ راست دیکھنے کے لئے بالی وڈ کے اداکار اکشے کمار بھی اسٹیڈیم آئے، جنہیں بھارتی بلے بازوں کے رنز بنانے پر جشن مناتے بھی دیکھا گیا لیکن جب میچ کا اختتام بھارت کی تاریخی شکست پر ہوا اور وہ اسٹیڈیم چھوڑ کر چلے گئے تو ٹوئٹر صارفین نے اکشے کمار کی ٹرولنگ کے لیے مضحکہ خیز میمز کی بھرمار کردی اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔
یہاں ہم ٹوئٹر پرصارفین کے جانب سے اکشے کمار کی ٹرولنگ کے لیے شیئر کیے گئے چند میمز پر نظر ڈالتے ہیں۔
پاکستانی صارفین اس تاریخی جیت پر نہایت خوش ہیں اور بھارتی ٹیم کے لئے مزاحیہ میمز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔
ٹی 20 میچ کےاس مقابلے میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جسے قومی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔ اس ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائیں۔
دونوں بلے بازوں نے اننگز کے آغاز سے ہے بولرز پر دباؤ بنائے رکھا اور میدان کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیل کر حریف ٹیم کی ایک نہ چلنے دی۔
اوپننگ جوڑی کے سامنے بھارتی بولرز بھی بے بس دکھائی دئیے۔ میچ میں محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 بلند و بالا چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ جبکہ بابر اعظم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہےاور پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دیدی۔
مزید پڑھیں: بھارتی کھلاڑی میچ ہارنے کے بعد معافیاں مانگا کرتے تھے، شاہد آفریدی
اس شاندار جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان 27 سالہ بابر اعظم نے بھی نئی تاریخ رقم کردی اور وہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف زبردست اور شاندار جیت حاصل کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان بن گئے۔ اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد پاکستانی ٹیم کی جیت اور اپنے بیٹے کی بہترین کارکردگی پر فرط جذبات سے روپڑے۔
مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں میچ میں پاکستان کی جیت پر بابر اعظم کے والد خود پر قابو نہ رکھ سکے اور خوشی اور فرط جذبات سے ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ جیتنے کے بعد بابراعظم کے والد کو شائقین مبارک باد دے رہے ہیں اور ان لوگوں میں چاچا کرکٹ بھی شامل ہیں۔
0 Comments