پاکستان کی تاریخی فتح، کپتان بابر اعظم کے والد جذبات سے روپڑے


0

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دے دی ۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارہویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔

اس تاریخ ساز میچ میں گرین شاٹس بالنگ سے لے کر بیٹنگ تک بھارتی کھلاڑیوں پر حاوی نظر آئے۔ ٹود جیت کر پاکستانی ٹیم نے شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ۔ بھارتی ٹیم نے20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

Image Source: Twitter

اس ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائیں۔ دونوں نے اننگز کے آغاز سے ہے بولرز پر دباؤ بنا رکھا اور میدان کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیل کر حریف ٹیم کی ایک نہ چلنے دی۔ اوپننگ جوڑی کے سامنے بھارتی بولرز بے بس دکھائی دئیےاور محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 78 رنز کی باری کھیلی جس میں 3 بلند و بالا چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ جبکہ بابر اعظم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دیدی۔

اس طرح پاکستانی ٹیم کے 27 سالہ کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف زبردست اور شاندار جیت حاصل کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان بن گئے۔

Image Source: Twitter

پاکستانی ٹیم کی اس تاریخی فتح پر دبئی اسٹیڈیم میں موجود  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد فرط جذبات سے روپڑے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بابر اعظم کے والد میچ میں پاکستان کی فتح اور اپنے بیٹے کی شاندار کارکردگی پر خود پر قابو نہ کرسکے اور خوشی اور فرط جذبات سے رونے لگے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے بعد بابر اعظم کے والد کو شائقین مبارک باد دے رہے ہیں ، مبارک باد دینے والوں میں چاچا کرکٹ بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے

تاہم، اس جیت پر پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ بھارت سے فتح ہماری پوری ٹیم کی کوششوں کا نتیجہ ہے ، ابتدائی وکٹیں بہت مددگار ثابت ہوئیں جس سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد ملا اور ہمارے اسپنرز نے بہترین بولنگ کی۔ ابھی ورلڈ کپ شروع ہوا ہے ہم نے اور بھی میچز کھیلنے ہیں اس لیے اپنی اسپرٹ اور صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے استعمال کرنا ہوگا ہمارا فوکس ایک ہے اور وہ ہے ورلڈ کپ جیتنا۔

مزید پڑھیں: بھارتی کھلاڑی میچ ہارنے کے بعد معافیاں مانگا کرتے تھے، شاہد آفریدی

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان پہلی بار 10 وکٹ سے میچ جیتا اور بھارتی ٹیم تاریخ میں پہلی بار 10 وکٹ سے کوئی ٹی ٹوئنٹی ہاری۔ پاکستانی ٹیم نے عالمی کپ میں بھارت سے کامیابی کا جمود توڑ کر تاریخی فتح کو یادگار بنالیا جو عرصہ تک شائقین کو یاد رہے گی۔ پاکستان کا اگلا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری وقت میں پاکستان کے ساتھ سیریز منسوخ کردی تھی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *